1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

جرمنی میں منجمد روسی اثاثوں کی مالیت تقریباﹰ چار بلین یورو

25 مئی 2024

روس اور یوکرین کی دو سال سے بھی زائد عرصے سے جاری جنگ کی وجہ سے جرمنی میں منجمد کیے گئے روسی اثاثوں کی مالیت تقریباﹰ چار بلین یورو بنتی ہے۔ یہ بات وفاقی جرمن وزارت خزانہ کی طرف سے بتائی گئی ہے۔

ماسکو میں روسی سینٹرل بینک کی مرکزی عمارت پر لہراتا روسی پرچم
ماسکو میں روسی سینٹرل بینک کی مرکزی عمارت پر لہراتا روسی پرچمتصویر: Mikhail Tereshchenko/TASS/dpa/picture alliance

جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس بارے میں وفاقی وزارت خزانہ کے ایک خط میں، جسے نیوز ایجنسی روئٹرز کے نمائندوں نے بھی دیکھا ہے، ان منجمد روسی اثاثوں کی مالیت 3.95 بلین یورو (4.28 بلین ڈالر) بتائی گئی ہے۔

منجمد اثاثے کس کس کی ملکیت

ان اثاثوں میں ایسی روسی شخصیات اور اداروں کی املاک بھی شامل ہیں، جن پر یوکرین پر روسی فوجی حملے کے بعد سے یورپی یونین کی طرف سے پابندیاں لگائی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ان اثاثوں میں روس کے مرکزی بینک کی ملکیت اور جرمنی میں موجود غیر ملکی اثاثے بھی شامل ہیں۔

فرانسیسی دستے یوکرین بھیجے گئے تو روسی فوج کا جائز ہدف ہوں گے، ماسکو

جرمنی کی وزارت خزانہ کی طرف سے یہ خط چانسلر اولاف شولس کی قیادت میں موجودہ مخلوط حکومت میں شامل ترقی پسندوں کی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاستدان مارکوس ہَیربرانڈ کے نام ان کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں لکھا گیا ہے، جس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روس کے ان منجمد اثاثوں کی مجموعی مالیت میں کرنسی کی شرح تبادلہ میں اونچ نیچ کی وجہ سے کمی بیشی ممکن ہے۔

یوکرین جنگ میں اب تک ہمارے سولہ شہری مارے گئے ہیں، سری لنکا

روسی صدر پوٹن (تصویر) کی طرف سے ملکی فوج کو یوکرین پر حملے کا حکم دیے جانے کے ساتھ شروع ہونے والی روسی یوکرینی جنگ اب اپنے تیسرے سال میں ہےتصویر: Vyacheslav Prokofyev/ITAR-TASS/IMAGO

صدر پوٹن کا حیران کن فیصلہ، وزیر دفاع کو تبدیل کردیا

اس سے قبل مارچ 2023ء میں برلن میں وفاقی وزارت خزانہ کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ جرمنی میں منجمد کردہ روسی اثاثوں کی کُل مالیت تقریباﹰ 5.25 بلین یورو بنتی تھی۔ اب اسی ماہ لکھے گئے ایک خط میں اس وزارت کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ان اثاثوں کی مالیت میں کمی کس وجہ سے ہوئی۔

منجمد روسی اثاثوں سے متعلق یورپی یونین کے ارادے

یورپی یونین میں منجمد کیے گئے روسی اثاثوں کے بارے میں برسلز میں یونین کی قیادت کی خواہش یہ ہے کہ ان نقد اثاثوں سے حاصل ہونے والی سود کی رقم یوکرین کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کی جائے۔ برسلز کی اس تجویز کی جرمن چانسلر اولاف شولس بھی حمایت کرتے ہیں۔

یوکرین کے لیے 61 بلین ڈالر کی امریکی امداد

یوکرینی شہر خارکیف پر اسی ہفتے کیے جانے والے روسی میزائل حملوں کے بعد کا ایک منظرتصویر: Valentyn Ogirenko/REUTERS

اسی دوران جرمن وزیر خزانہ اور ترقی پسندوں کی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ کرسٹیان لِنڈنر ایک ایسی اتھارٹی کے قیام کی کوششیں بھی کر رہے ہیں، جو نہ صرف کالے دھن کا سفید بنانے کے عمل کے خلاف زیادہ مؤثر طور پر کام کر سکے بلکہ ساتھ ہی روس کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کے بہتر عملی نفاذ کو بھی یقینی بنا سکے۔

م م / ع ا (روئٹرز، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں