جرمنی میں میچلن اسٹینڈرڈ کے ریسٹورانٹس کی تعداد میں اضافہ
10 مارچ 2022جرمنی میں معیاری ریسٹورانٹ کا درجہ حاصل کرنے والے میچلن اسٹار ریسٹورانٹوں کی تعداد بڑھ کر اب تین سو ستائیس ہو گئی ہے۔ بدھ نو مارچ کو نئے سترہ ریسٹورانٹس کو معائنہ کاروں نے لذت اور معیار جانچنے کے بعد میچلن اسٹارز سے نوازا۔
یہ اسٹار میچلن گورمے ریسٹورانٹ گائیڈ بک کے معیار کو اپنانے والے ریسٹورانٹ کو دیے جاتے ہیں۔ اس اسٹارز کے لیے مختلف کیٹگریوں کے طعام گاہوں کو ٹریول گائیڈ بُک میں شامل کیا گیا۔ قریب سو برس قبل (ابتدا سن 1926 میں ہوئی) یہ اسٹارز صرف پیرس کے مقامی ریسٹورانٹوں کو دیے جاتے تھے۔
فرانس میں ٹائر بنانے والی بین الاقوامی کمپنی نے ٹریول گائیڈ کا سلسلہ سن 1904 میں شروع کیا تھا۔ ابتدا میں صرف شہروں کا احوال تھا لیکن پھر مقامی کھانوں کی لذت گاہوں یا ریسٹورانٹس کو بھی شامل کرنا شروع کر دیا گیا۔
جرمنی کے ورلڈ کلاس ریسٹورانٹ
میچلن کے تین اسٹارز حاصل کرنے والے ریسٹورانٹس ورلڈ کلاس کی صف میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ایسے ریسٹورانٹ کی جرمنی میں تعداد تین سو دس سے بڑھ تین سو ستائیس ہو گئی ہے کیونکہ نئے سترہ ریسٹورانٹس کو تھری اسٹارز کا درجہ دیا گیا ہے۔
کولون کا ’ ایکسلزیئر ایرنسٹ‘ جرمنی کا بہترین ہوٹل
رالف فلنکنفلؤگل نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ کورونا وبا کے دوران کسی ریسٹورانٹ کی بقا بہت مشکل تھی اور ایسے میں بھی جرمنی کے اندر مختلف ریسٹورانٹوں نے اعلیٰ معیار کی ایک نئی مثال قائم کی۔
فلنکنفلؤگل نے مزید کہا کہ ان ریسٹورانٹوں میں نئی لذیذ کھانوں کی ڈش تخلیق کی گئیں اور یہ لذت کے معیار کو بہتر کرنے کی ایک شاندار کاوش قرار دی جا سکتی ہے۔
میچلن جرمنی کے ڈائریکٹر رالف فلنکنفلؤگل ہیں۔ انہوں نے جرمنی کے نئے سترہ ریسٹورانٹوں کو اسٹارز دینے کو ایک ریکارڈ قرار دیا۔ انہوں نے اس کارکردگی کو حیران کن بھی خیال کیا۔
جرمنی میں میچلن اسٹارز ریسٹورانٹ
بدھ کو جس ایک ریسٹورانٹ کو میچلن کی سب سے اعلیٰ کیٹگری یعنی تھری اسٹار دی گئی، اس کا نام شانز ریسٹورانٹ ہے۔ یہ وائن کشید کرنے والے جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں دریائے موسل کے کنارے پر واقع ہے۔ اس ریسٹورانٹ کے مالک اور شیف تھوماس شانز ہیں۔ ان کے بارے میں میچلن انسپیکٹرز نے کہا کہ ان کی تیار کردہ ڈش لذت و معیار کی ایک منفرد پہچان ہے۔
’میرے بچے کا باپ کون؟‘، ہوٹل کا خاتون کو نام بتانے سے انکار
جرمنی میں جن نئے ریسٹورانٹوں کو میچلن ٹُو اسٹارز سے نوازا گیا، ان کی تعداد اب چھیالیس ہو گئی ہے اسی طرح جن نئے ریسٹورانٹوں کو بدھ نو مارچ کو وَن اسٹار دیا گیا، وہ اکتیس ہیں۔
یہ اسٹارز انسپیکٹروں کی ایک ٹیم کسی ریسٹورانٹ کے باقاعدہ معائنے کے بعد دیتے ہیں اور پھر اس ریسٹورانٹ کا نام میچلن بُک میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ انسپیکٹروں کی ٹیم ہمیشہ مطلع کیے بغیر اور مخفی شناخت کے ساتھ ریسٹورانٹ کا معائنہ کرتی ہیں۔
ع ح/ ب ج (ڈی پی اے)