جرمنی میں نئے سال کی سب سے بڑی پارٹی برلن میں
28 دسمبر 2018
جرمن دارالحکومت برلن میں تاریخی برانڈن برگ گیٹ پر اس تقریب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے، جب کہ کنکریٹ کے بلاک لگا کے اس تقریب کے مقام کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
برلن: سیاحوں کے ساتھ ساتھ جیب کتروں کی بھی پسندیدہ منزل
آتش بازی اور رنگا رنگ پارٹیوں کے ساتھ نئے سال کا استقبال
اس تقریب میں بونی ٹیلر، ڈی جے بوبو، ایلیس میرون، نکو سانتوس اور ایگل آئی چیری جیسے فن کار اور بینڈز اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ جرمن دارالحکومت میں پیر کی شام اس تقریب کا آغاز ہو گا اور نصف شب کو آتش بازی کا زبردست مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اس تقریب میں شریک ہونے والوں کو سکیورٹی چیکنگ سے گزرنا ہو گا، جب کہ شرکاء اپنے ہم راہ آتش بازی کا سامان، بوتلیں، تیز دھار آلے اور بڑے بستے نہیں لے جا سکیں گے۔ اس تقریب میں الکوحل بھی فقط طے شدہ مقامات سے خریدی جا سکے گی۔
اس تقریب کے موقع پر نجی سکیورٹی اداروں کے پانچ سو تا آٹھ سو اہلکار بھی تعینات ہوں گے، جب کہ 14 سو پیشہ ور فائرفائٹرز اور رضاکار فائرفائٹرز بھی موجود ہوں گے۔
31 دسمبر کی شام اس تقریب کے موقع پر برلن بھر کے تمام ہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔ جرمنی میں آتش بازی کا سامان عموماﹰ نئے سال سے قبل فروخت ہونا شروع ہو جاتا ہے، تاہم عام افراد کو آتش بازی کا یہ سامان استعمال کرنے کی اجازت فقط 31 دسمبر اور یکم جنوری کے درمیان ہو گی۔
برلن کے مارسان کلینک کے مطابق حالیہ کچھ برسوں میں جرمنی میں آتش بازی کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات اور زخمی افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ع ت، ص ح، (ڈی پی اے، اے ایف پی)