1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمنی میں نسل پرستی اور تفریق آمیز سلوک کا سلسلہ جاری

9 نومبر 2023

جرمنی میں تفریق آمیز سلوک کی کئی بدنما شکلیں ہیں اور یہ پورے معاشرے میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ایک قومی سروے سے پتہ چلا ہے کہ جرمنی میں سیاہ فام، ایشیائی اور مسلمانوں کو روزمرہ کے معاملات میں تفریقی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جرمنی میں تفریق آمیز سلوک کی بدنما شکلیں ہیں اور یہ پورے معاشرے میں پھیلی ہوئی ہیں
جرمنی میں تفریق آمیز سلوک کی بدنما شکلیں ہیں اور یہ پورے معاشرے میں پھیلی ہوئی ہیںتصویر: Christoph Soeder/dpa/picture alliance

 

جرمنی میں سیاہ فام افراد، سر پر اسکارف پہننے والی مسلم خواتین اور ایسے لوگ جو جرمن زبان اچھی طرح یا بالکل ہی نہیں بول پاتے ہیں، ان کے لیے توہین آمیز صورت حال یا توہین کے واقعات کاسامنا روزانہ کا معمول ہے۔ جرمنی میں تفریق آمیز سلوک کی بدنما شکلیں ہیں اور یہ پورے معاشرے میں پھیلی ہوئی ہیں۔

یہ بات جرمن سینٹر فار انٹیگریشن اینڈ مائیگریشن ریسرچ (ڈی ای زیڈ آئی ایم) کی طرف سے کرائے گئے ایک سروے رپورٹ میں سامنے آئی ہے، جسے روا ں ہفتے برلن میں پیش کیا گیا۔ یہ رپورٹ جون سے نومبر 2022کے درمیان 21 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ گوکہ سروے کے نتائج نہ تو پوری طرح نئے ہیں اور نہ ہی مکمل طور حیران کن لیکن اتنے ٹھوس انداز میں یہ شاید ہی پہلے پیش کیے گئے ہیں۔

کيا جرمن پوليس نسل پرست ہے؟

رپورٹ کے مطابق جرمنی میں نصف سے زیادہ (54فیصد)  سیاہ فام افراد کو کم از کم ایک بار نسل پرستی کا تجربہ ہوا ہے۔ اس گروپ میں سے تقریباً ہر پانچ میں سے ایک عورت کا کہنا تھا کہ انہیں سال میں کئی مرتبہ دھمکیاں دی جاتی ہیں یا ہراساں کیا جاتا ہے۔ سروے میں حصہ لینے والی 14 فیصد مسلم خواتین اور 13فیصد ایشیائی خواتین نے بھی اسی طرح کے مسائل کا ذکر کیا۔

جرمنی میں ہر روز ہی اسلامو فوبیا کا سامنا کرنا پڑتا ہے

جرمنی میں نسل پرستی کے خلاف مستقل نگرانی کا نظام قائم کرنے کے لیے کوشاں ڈی ای زیڈ آئی ایم کی ڈائریکٹر نائیکہ فروتن کا کہنا تھا،" تعصب اور نسل پرستی کے بارہا ہونے والے تجربات کے اثرات صحت پر بھی مرتب ہوتے ہیں اور ان سے ریاستی اداروں پر اعتماد کمزور ہونے لگتا ہے، جو جمہوریت کو کمزور کرسکتا اور خطرے میں ڈال سکتا ہے۔"

قومی سروے سے پتہ چلا ہے کہ جرمنی میں سیاہ فام، ایشیائی اور مسلمانوں کو روزمرہ کے معاملات میں تفریقی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہےتصویر: Frederic Kern/Geisler-Fotopress/picture alliance

موثر اقدامات کی ضرورت

اکتالیس فیصد سیاہ فام مردوں اور 39 فیصد مسلمان مردوں نے پولیس کے ساتھ معاملات میں نسلی امتیاز کا سامنا کرنے کی بات کہی۔ انہیں عوامی دفاتر میں بھی نسل پرستی اور تفریق آمیز سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔

جب ہیلتھ کیئر کی بات آتی ہے تب بھی انہیں نسل پرستی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ غیر سفید فام لوگوں کو ڈاکٹروں سے وقت لینے میں زیادہ دشواری ہوتی ہے اور ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لینے کا امکان کم ہوتا ہے۔ سیاہ فام، مسلمان اور ایشیائی افراد کا کہنا تھا کہ علاج میں تاخیر یا ان کے ساتھ برا سلوک کیے جانے یا اکثر ڈاکٹرتبدیل کردیے جانے کے خوف سے انہوں نے علاج کرانے سے گریز کیا۔

نازی مظالم کے بھلا دیے گئے سیاہ فام متاثرین

ڈی ای زیڈ آئی ایم کے شریک ڈائریکٹر فرینک کالٹر کا کہنا تھا،" ہمارے اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ تفریق آمیز سلوک اور نسل پرستی کے تجربات کا بہت واضح تعلق بے چینی یا افسردگی جیسی بیماریوں کی علامتوں سے بھی ہے۔

سیاست دانوں اور معاشرے کے لیے ان کی سفارش ہے کہ سول سوسائٹی کی وہ تنظیمیں، جو جمہوری، آزادا ور پرامن سماج کے لیے کام کرتی ہیں، ان واقعات کی روک تھام اورمتاثر ہ افراد کی مدد کے لیے اقدامات کریں۔

وفاقی حکومت کی کمشنر برائے انٹیگریشن ریم البالی روڈووان نے خبر دار کیا کہ "رنگت یا کنیت (سرنیم) کو طبی نگہداشت کے معیار کا فیصلہ کن عنصر نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور ہسپتالوں کو نسل پرستی کے خلاف تربیت دینے اور تصورات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے عملے کے حوالے سے بھی ایسے ہی مطالبات ایک عرصے سے کیے جارہے ہیں۔

جرمنی میں اسلاموفوبیا، ایک سنگین مسئلہ

03:01

This browser does not support the video element.

ج ا/ ص ز (مارسیل فرسٹیناو)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں