ایک جرمن جوڑے نے کرسمس کے ایام کے دوران اپنے گھر کے اندر و باہر پانچ لاکھ شمعیں روشن کرنے کے منصوبے کو عملی شکل دے دی ہے۔ یہ جوڑا جرمنی کے مغربی حصے میں قیام پذیر ہے۔
اشتہار
جرمن وفاقی ریاست لوئر سیکسنی میں رہنے والے فوگٹس خاندان کے یہ دونوں افراد کوئی نوجوان مہم جُو نہیں ہیں۔ ان میں رالف فوگٹس کی عمر ستر برس اور اُن کی ساتھی اہلیہ نرمین فوگٹس پینسٹھ برس کی ہیں۔ انہوں نے کرسمس ایام کے دوران اپنے مکان پر پانچ لاکھ تیس ہزار شمعیں روشن کر کے اپنے ملک جرمنی میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اُن کے ریکارڈ کی تصدیق جرمنی میں کرسمس لائٹس کے حوالے سے اعداد و شمار مرتب کرنے والی تنظیم نے بھی کی ہے۔
پانچ لاکھ تیس ہزار شمعیں روشن کرنے پر فوگٹس خاندان نے تین ہزار یورو سے زائد رقم خرچ کی ہے۔ یہ خاندان کرسمس ایام کے دوران اپنے گھر کے باہر خاص طور پر کشید کی گئی شراب، مخصوص فوڈ آئٹمز اور مختلف تحائف کی فروخت بھی کرتے چلے آ رہے ہیں۔
نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے نرمین فوگٹس کا کہنا ہے کہ وہ اس کوشش سے یہ چاہتے ہیں کہ ہر سال لوگ اپنے اندر پرجوش انداز میں کرسمس منانے کے موڈ کو پیدا کریں۔ انہوں نے اتنی شمعیں روشن کرنے کی ترغیب امریکا میں سیاحت کے دوران سن 1999 میں لی تھی۔ امریکا سے واپسی پر وہ سن 2000 سے اپنے مکان پر پندرہ ہزار سے زائد شمعیں روشن کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ وہ اس تعداد میں بتدریج اضافہ بھی کرتے رہے اور اس طرح انہوں نے پانچ لاکھ کے ہدف کو عبور کر لیا۔
یورپ کی خوبصورت ترین کرسمس مارکیٹیں
یورپ بھر میں رنگ برنگے اسٹالز پر مشتمل کرسمس مارکیٹوں کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ یورپ کی خوبصورت ترین کرسمس مارکیٹوں کا تصویری سفر کیجیے۔
تصویر: Stadt Nürnberg/B. Fuder
کولون، جرمنی
کولون کے مشہور زمانہ کیتھیڈرل کے سامنے لگنے والی اس کرسمس مارکیٹ میں ہر سال کم از کم چالیس لاکھ افراد شرکت کرتے ہیں۔ اس کا شمار جرمنی کی پسندیدہ ترین کرسمس مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔ خریداری اور کھانے پینے کے اسٹالز کے علاوہ ایک سو سے زائد اسٹیج تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
تصویر: imago
کراکوف، پولینڈ
یہ کرسمس مارکیٹ پولستانی شہر کراکوف کے پرانے حصے (اولڈ سٹی) میں لگائی جاتی ہے۔ اگر کسی کا دل وہاں کے رومانوی ماحول سے گرم نہیں ہوتا تو وہ پولش ووڈکا سے مدد لیتا ہے۔ اس مارکیٹ میں کرسمس کی کہانی 1937ء سے چھوٹے چھوٹے مجسموں کے ذریعے بیان کی جاتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Dabrowski
ویانا، آسٹریا
یہ کرسمس مارکیٹ ویانا کے تاریخی کلیسا کے ارد گرد سجتی ہے۔ چھیالیس میٹر طویل اسٹیج پر کرسمس کہانی مجسموں اور لکڑی کے بنے چھوٹے چھوٹے گھروں کے ذریعے بیان کی جاتی ہے۔ یہاں دستکاری کے اعلیٰ نمونے دیکھنے کو ملتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa
بازل، سوئٹزرلینڈ
بازل کی کرسمس مارکیٹ سوئٹزرلینڈ کی سب سے بڑی کرسمس مارکیٹ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ روشنیوں کی مدد سے سجائی جانے والی یورپ کی طویل ترین سڑک بھی اسی مارکیٹ کا حصہ بنتی ہے۔
تصویر: Basel Tourismus
سٹراسبرگ، فرانس
رواں برس اس یورپی شہر کی کرسمس مارکیٹ 446 ویں مرتبہ سجائی گئی ہے۔ اسے فرانس کی قدیم ترین کرسمس مارکیٹ قرار دیا جاتا ہے۔ سٹراسبرگ کے تاریخی گرجا گھر کے اردگرد لکڑی سے بنے اسٹالز لگائے جاتے ہیں لیکن بھیڑ کی وجہ سے یہ اسٹال شہر کے دیگر حصوں تک پھیل جاتے ہیں۔
تصویر: Sebastan Hengy
بروگے، بلیجیم
جب بروگے کو کرسمس کی روشنیوں سے سجایا جاتا ہے تو ایسے لگتا ہے جیسے آپ قرون وسطیٰ میں واپس چلے گئے ہوں۔ کرسمس مارکیٹ کے ارد گرد پرانی طرز کی بگھیاں کھڑی ہوتی ہیں، جن میں بیٹھ کر شہر کی سیر کی جا سکتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/F.P.Tschauner
میڈرڈ، اسپین
میڈرڈ کی کرسمس مارکیٹ ’پلازہ میئر‘ کے مقام پر سجتی ہے اور یورپ کی دیگر مارکیٹوں کے برعکس یہ چھ جنوری کو اپنے جوبن پر ہوتی ہے۔ ہر سال ہزاروں سیاح یہ عوامی تہوار دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور اس موقع پر ہونے والی پریڈ ٹیلی وژن پر لائیو دکھائی جاتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/H.C. Hidalgo
لندن، برطانیہ
کہا جاتا ہے کہ جرمن کرسمس مارکیٹ کی نقل دیکھنی ہو تو لندن کی کرسمس مارکیٹ کو دیکھا جائے اور لندن کے ہائیڈ پارک میں ’وِنٹر وَنڈر لینڈ‘ اس کا بہترین ثبوت ہے۔ اس مارکیٹ میں وہ تمام لوازمات موجود ہوتے ہیں، جو جرمنی میں کرسمس مارکیٹوں کا حصہ ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Kerimokten
گوتھن برگ، سویڈن
گوتھن برگ کی مارکیٹ سویڈن کی سب سے بڑی کرسمس مارکیٹ ہے اور اسے ’جادوئی‘ بھی سمجھا جاتا ہے۔ اس کرسمس مارکیٹ کو سجانے کے لیے پچاس لاکھ روشنیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
تصویر: Gören Assner
نیورمبرگ، جرمنی
نیورمبرگ کی کرسمس مارکیٹ کا شمار دنیا کی قدیم ترین کرسمس مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔ تاریخی شواہد کے مطابق یہ مارکیٹ چار صدیوں سے بھی زائد عرصہ قبل 1610ء میں بھی لگائی جاتی تھی۔