1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتجرمنی

جرمنی میں کم از کم اجرت بارہ یورو فی گھنٹہ کرنے کی منظوری

4 جون 2022

جرمن قانون سازوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر کم از کم اجرت بڑھا کر بارہ یورو فی گھنٹہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے سے چھ ملین سے زیادہ شہری مستفید ہوں گے۔

تصویر: Robin Utrecht/picture alliance

جرمن چانسلر اولاف شولس نے اپنی انتخابی مہم میں بھی کم از کم اجرت بڑھانے کا وعدہ کیا تھا۔ اب قانون سازوں نے جمعے کے روز ایک بل کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق یکم اکتوبر سے کم از کم فی گھنٹہ تنخواہ قریب دو یورو اضافے کے ساتھ بارہ یورو ہو جائے گی۔

جرمن لیبر منسٹر ہوبیرٹوس ہائل کے مطابق اس فیصلے سے لوگوں کو 400 یورو اضافی آمدنی ہو گی جس کے بعد ماہانہ آمدن 1700 یورو ہو جائے گی۔

جرمن پارلیمان میں بل پر ووٹنگ سے قبل لیببر منسٹر نے اجرت میں اضافے کے بارے میں کہا، ''یہ بہت زیادہ تو نہیں ہے لیکن اس سے لوگوں کی جیبوں پر نمایاں فرق پڑے گا۔‘‘

چانسلر اولاف شولس نے فروری میں کابینہ سے اجرت بڑھانے کی منظوری کے بعد ٹویٹ کیا تھا، ''کئی شہری بہت زیادہ کام کرتے ہیں اور آمدن بہت کم ہوتی ہے، اسے بدلنا ہو گا۔ میرے لیے یہ اہم ترین قوانین میں شامل ہے اور یہ عزت کا سوال بھی ہے۔‘‘

کسی نے اجرت میں اضافے کی مخالفت بھی کی؟

جرمن پارلیمان میں اس بل کے حق میں 400 ارکان نے ووٹ دیا اور 41 سے مخالفت کی، جب کہ 200 نے رائے شماری میں حصہ ہی نہیں لیا۔

حصہ نہ لینے والے ارکان کا تعلق اپوزیشن جماعت سی ڈی یو سے تھا۔ سابق چانسلر میرکل کی جماعت کے ارکان کا کہنا تھا کہ وہ تنخواہ میں اضافے کے خلاف نہیں ہیں بلکہ حکومتی اتحاد نے جیسے یہ بل پیش کیا، اس پر اعتراض کے سبب رائے شماری میں شامل نہیں ہوئے۔

بائیں بازو کی سوشلسٹ جماعت دی لنکے کے ارکان نے بھی اس بل کی حمایت میں ووٹ ڈالا۔

جرمنی میں کم از کم تنخواہ کیسے مقرر کی جاتی ہے؟

جرمنی میں عام طور پر کم از کم اجرت کے بارے میں تجاویز ایک کمیشن دیتا ہے جس میں آجروں اور ملازموں کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔ ان تجاویز کی روشنی میں سیاست دان قانون سازی کرتے ہیں۔

تاہم اس مرتبہ حکومتی اتحاد نے کمیشن کو نظر انداز کرتے ہوئے خود ہی بارہ یورو اجرت مقرر کر دی لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا کہ مستقبل میں اضافہ کمیشن ہی طے کرے گا۔

کم از کم اجرت ملتی کسے ہے؟

جرمنی میں کام کرنے والے اٹھارہ سال سے زائد عمر کے زیادہ تر افراد فی گھنٹہ اجرت پر کام کرتے ہیں۔ ان میں دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والے 'سیزنل ورکرز‘ بھی شامل ہیں۔

تاہم انٹرن شپ، تشہیری ملازمت کی اسکیموں، طویل مدت تک بے روزگار رہنے کے بعد دوبارہ روزگار کی منڈی میں شامل ہونے والے افراد اور اپنا کاروبار کرنے والے افراد پر کم از کم اجرت کا قانون لاگو نہیں ہوتا۔

اسی طرح جرمنی کی حدود سے گزرنے والے ٹرک ڈرائیور، پائلٹ اور اس جیسے دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے بھی یہ قانون نہیں ہے۔

کم از کم اجرت میں تبدیلی کب کی جاتی ہے؟

جرمنی میں اس وقت کم از کم فی گھنٹہ اجرت 9.82 یورو ہے، جو جولائی میں بڑھ کر 10.45 یورو ہو جائے گی۔ آئندہ برس جنوری اور جون میں کمیشن دوبارہ جائزہ لے کر ممکنہ اضافے کے حوالے سے تجاویز فراہم کرے گا۔

یورپی یونین کے رکن ممالک میں جرمنی کا شمار ایسے ملکوں میں ہوتا ہے جہاں کم از کم تنخواہ کافی زیادہ ہے۔ کل وقتی ملازمت کرنے والے افراد کو سب سے زیادہ ماہانہ تنخواہ لکسمبرگ (2257 یورو) میں ملتی ہے جب کہ جرمنی 1621 یورو تنخواہ کے ساتھ یورپی یونین میں پانچویں نمبر پر ہے۔

ڈنمارک، اٹلی، قبرص اور فن لینڈ میں کم از کم اجرت مقرر نہیں کی جاتی بلکہ اس بارے میں ہر شعبہ الگ سے فیصلہ کرتا ہے۔

ش ح/ ا ا (اے پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں