جرمنی میں کم تر شرحء پیدائش کے خلاف کوششیں بے اثر
25 جون 2013ساتھ ہی کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی طرف سے یہ اعتراف بھی کیا جا رہا ہے کہ خاندانوں سے متعلق اس کی نئی حکمت عملی کے نتائج محدود ہی ہوں گے۔ کرسچن ڈیموکریٹس کی اس نئی فیملی پالیسی کا مقصد ملک میں بہت کم شرحء پیدائش میں اضافے کی کوشش کرنا ہے تاکہ طویل المدتی بنیادوں پر ملک میں انتہائی کم شرحء پیدائش جرمنی کی اقتصادی کارکردگی کے لیے خطرہ نہ بن جائے۔
شماریاتی حوالے سے ایک عام جرمن خاتون اپنی زندگی میں اوسطاﹰ صرف 1.3بچوں کو جنم دیتی ہے۔ صنعتی طور پر ترقی یافتہ ملکوں میں نظر آنے والی یہ بچوں کی پیدائش کی کم ترین اوسط قومی شرح ہے۔ اس کا نتیجہ یہ کہ جرمنی کی مجموعی آبادی بھی کم ہو رہی ہے اور عام شہریوں کی اوسط عمر بھی زیادہ ہوتی جا رہی ہے۔
یہ صورتحال طویل المدتی بنیادوں پر جرمنی کے اقتصادی اور مالیاتی استحکام کو بھی خطرے میں ڈال سکتی ہے کیونکہ آبادی کے مسلسل بوڑھے ہوتے جانے اور کم تر شرحء پیدائش کی وجہ سے ملک کے صنعتی، پیداواری اور کاروباری اداروں کے لیے کافی تعداد میں نئے کارکن تلاش کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
خاندانی امور کی وفاقی جرمن وزیر کرسٹینا شروئڈر کہتی ہیں کہ حکومت کی اب تک کی فیملی پالیسی ناکام نہیں رہی۔ اس پالیسی کے تحت برلن حکومت تمام 16 صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سالانہ 200 بلین یورو خرچ کرتی ہے۔ کرسٹینا شروئڈر کہتی ہیں کہ حکومت کی اب تک کی فیملی پالیسی ناکام نہیں رہی لیکن حکومت اسے مزید بہتر بنانا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر کرسٹینا شروئڈر کے مطابق یہ سیاستدانوں کا کام نہیں ہے کہ وہ سماجی سطح پر خاندانی نظام اپنے ہاتھ میں لے لیں۔ ان کے مطابق معاشرے کی بنیادی اکائی کے طور پر خاندانی زندگی کا تسلسل خود شہریوں کی ذمہ داری ہے لیکن اس عمل میں حکومت ان کی پوری مدد کرنا چاہتی ہے۔
کرسٹینا شروئڈر کہتی ہیں کہ حکومت صرف یہ چاہتی ہے کہ بچے پیدا کرنے کی عمر کی جرمن خواتین کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے اور آئندہ مہینوں اور برسوں میں ایسی خواتین کو زیادہ بچے جنم دینے کی طرف راغب کیا جا سکے۔
جرمنی کی فیملی پالیسی پر ماضی میں بھی کئی مرتبہ داخلی اور بیرونی تنقید سننے میں آ چکی ہے۔ یہاں تک کہ اس حوالے سے تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی OECD کی طرف سے بھی برلن حکومت کی سیاسی پالیسیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جا چکا ہے۔ موجودہ چانسلر انگیلا میرکل خود بھی کئی بار کہہ چکی ہیں کہ ہمسایہ ملک فرانس کی خاندانوں سے متعلق سیاست کے مقابلے میں اس شعبے میں جرمن پالیسی میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
کئی سماجی ماہرین کے بقول علامتی سطح پر یہ بات بھی اہم ہے کہ خود چانسلر میرکل کی اپنی بھی کوئی اولاد نہیں ہے۔ لیکن دوسری طرف یہ بات بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ کرسٹینا شروئڈر جرمنی کی وفاقی جمہوری تاریخ کی وہ پہلی وزیر ہیں جنہوں نے کابینہ کی رکن کے طور پر فرائض انجام دیتے ہوئے ایک بچے کو جنم دیا۔ ان کی کوشش ہے کہ جرمنی میں کام کرنے والی خواتین کے لیے خاندانی زندگی اور کام کاج کی عمر والی ماؤں کے لیے حصول روزگار کے سلسلے میں مزید آسانیاں پیدا کی جانا چاہییں۔
mm / ij (AFP)