جرمنی میں کومکس کے ڈیڑھ سو سال
15 اکتوبر 2014
اوبر ہاؤزن کے باسی یورگ ہیٹڈکمپ ’ Jörg Hedtkamp ‘ گزشتہ بیس برسوں سے کتابیں فروخت کر رہے ہیں۔ اُن کی دکان میں خصوصی طور پر صرف کومکس بکس ہی دستیاب ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ان رنگ برنگی کتابوں سے ان کا تعلق بہت پرانا ہے اور وہ ان کے ساتھ پروان چڑھے ہیں، ’’میں بچپن سے ہی کومکس پڑھتا آ رہا ہوں اور مجھے یہ بہت پسند بھی ہیں۔ میرے خیال میں کومکس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں آپ اپنی سوچ کے مطابق رائے قائم کر سکتے ہیں۔ میں انہیں کتابوں اور فلم کے درمیان کی کوئی چیز سمجھتا ہوں اور اس وجہ سے یہ ایک الگ ماحول بنا دیتے ہیں۔‘‘
49 سالہ یورگ کی یہ دکان خود بھی ایک کومکس میوزیم سے کم نہیں ہے۔ شہر کی لُڈوگ نامی گیلری میں لگائی جانے والی اس خصوصی نمائش میں تین سو سے زائد کومکس تصاویر رکھی گئی ہیں، جو اصل حالت میں ہیں جبکہ اِن کی ساٹھ سے زائد کاپیاں بھی وہاں رکھی گئی ہیں۔ یہ تمام جرمن فن کاروں کے شاہکار ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ ایسی تصاویر بھی ہیں، جو جرمنی میں کومکس دور کے ابتدا کی ہیں۔’’ اس نمائش میں تمام کومکس کو ان کی اصلی حالت میں دیکھنا حقیقتاً بہت دلچسپ ہے کیونکہ میں ان میں سے کچھ ڈیڑھ سو سال سے بھی پرانی ہیں۔ یہ ثابت ہوتا کہ کس بہتر انداز میں ان کی حفاظت کی گئی ہے اور انہیں کس خوبی کے ساتھ بنایا گیا تھا۔‘‘
اس نمائش کی تیاری گزشتہ کئی مہینوں سے جاری تھی اور اس دوران جرمنی بھر سے کومکس کے نمونے جمع کیے گئے ہیں۔ گیلری کے منتظم اعلی مارٹن یورگیٹ کے بقول وہ چاہتے ہیں کہ اس دوران جرمنی میں کومکس کی تاریخ کو ہر زاویے سے پیش کیا جائے، ’’یہ حقیقاً ہر لحاظ سے ایک منفرد نمائش ہے۔ اس سے قبل منعقد کی جانے والی نمائشوں میں صرف انفرادی فنکاروں کی ہی کومکس موجود ہوتی ہیں اور یہاں پر ابتدا سے لے کر اب تک کے نمونے پیش کیے جا رہے ہیں۔‘‘
شہر اوبر ہاؤزن کے اس میوزیم میں اصل حالت میں موجود تمام کومکس کو شیشے سے بنائے گئے ایک خصوصی فریم میں رکھا گیا ہے۔ تاہم ان کی کاپیاں بھی تیار کی گئی ہیں، جنہیں شائقین پڑھ اور دیکھ سکتے ہیں۔ یورگ ہیٹڈکمپ کے بقول انہیں سب سے زیادہ دلچسپی ان تصاویری کتابوں میں ہے، جنہیں وہ اپنے بچپن سے جانتے ہیں، ’’ان تمام کتابوں کو ان کی اصل حالت میں دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے۔ اس صفحات پر پرانے نشانات موجود ہیں اور ایک پرستار کے طور پر میرے لیے یہ بہت دلچسپی کی بات ہے‘‘۔
جرمنی میں کومکس کے ڈیڑھ سو برس پورے ہونے پر منعقد کی جانے والی یہ نمائش اگلے سال تک جاری رہے گی۔ تصاویر کی دنیا کے دیوانے جنوری 2015ء تک شہر اوبرہاؤزن کی لڈوگ گیلری کا رخ کر سکتے ہیں۔