1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں گرین ڈے

لیوڈیا ہیلر / عدنان اسحاق13 نومبر 2013

جرمنی کی ماحول دوست ٹیکنالوجی دنیا بھر میں مشہور ہے لیکن اس شعبے میں نوجوان ماہرین کی شدید قلت ہے۔ اس وجہ سے نوجوان طالب علموں کو گرین ٹیکنالوجی کی جانب راغب کرنے کے لیے جرمنی میں ابھی حال ہی میں گرین ڈے منایا گیا۔

Green Day Workshop Programmieren in Bildern an der TU Berlin
تصویر: DW/L. Heller

برلن کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے طلبہ تجربہ گاہ میں موجود ہیں اور اس کمرے میں کمپیوٹر کے بارے میں بنیادی آگاہی دی جا رہی ہے۔ یہ ورکشاپ برلن کے ایک جمنازیم کے دس طلبہ کے لیے کرایا جا رہا ہے۔ تمام طلبہ کی نظرین دیوار پر نصب اسکرین پر لگی ہوئی ہیں۔ لیبارٹری انچارج کلاؤڈیا ایرمل کی نگرانی میں یہ نوجوان مشہور زمانہ کمپیوٹر گیم ’پیک مین‘ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

پروگرامنگ کی یہ ورکشاپ گیارہویں جماعت کے بچوں کے لیے خصوصی طور پر تیار کی گئی تھی۔ لیبارٹری انچارج کلاؤڈیا ایرمل نے بتایا کہ اس ورکشاپ میں انہی طلبہ کو فوقیت دی گئی ہے، جنہوں نے ماحول دوست ٹیکنالوجی میں اپنی دلچسپی ظاہر کی تھی۔ ہماری کوشش ہے کہ الیکٹریکل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبہ کو اس جانب راغب کیا جائے کیونکہ صنعتی پیمانے پر ان دونوں شعبوں کے فارغ التحصیل طلبہ کی مانگ بہت زیادہ ہے۔ ان شعبوں میں ماہرین کی قلت کے حوالے سے صورتحال بہت زیادہ ڈرامائی ہے۔

تصویر: DW/L. Heller

برلن کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے طلبہ نے کوشش کی کہ الیکٹریکل انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ریاضیات کے شعبوں کے طلبہ بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی میں دلچسپی لینا شروع کریں۔ اس دوران ان سے یہ سوال بھی پوچھے گئے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یا ریاضیات کا تحفظ ماحول کے ساتھ کیا تعلق بنتا ہے۔

ٹیکنکل یونیورسٹی برلن کا شمار ماحول دوست تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ اس یونیورسٹی میں تحقیق کے سلسلے میں تحفظ ماحول کے اصولوں کو بنیادی اہمیت دی جاتی ہے۔ کلاؤڈیا نے مزید بتایا کہ جرمن اسکولوں میں بچوں کو الیکٹریکل اور انفارمیشن ٹیکنالوجیز کے بارے میں بہت کم ہی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ گرین ڈے کے دوران ٹیکنیکل یونیورسٹی برلن نے انٹرمیڈیٹ کرنے والے طلبہ کے علاوہ نچلی جماعتوں کے بچوں کو بھی اس بارے میں معلومات فراہم کیں۔ اس سلسلے میں چھٹی جماعت کے بچوں کو مثلاً یہ سمجھایا گیا کہ کوئی گاڑی اسی وقت ماحول دوست کہلائے گی، جب اس میں قابل تجدید توانائی استعمال ہو گی۔ ’’ اور پوٹیٹو یا آلو بیٹری بھی ماحول دوست منصوبے میں شامل ہے۔ کیونکہ یہ بیٹریاں آلو سے بنائی جاتی ہیں اور انہیں ایک کیلکولیٹر چلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے‘‘۔

تصویر: DW/L. Heller

گرین ڈے میں موجود ایک استانی نے بتایا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لڑکیاں اس منصوبے میں شامل ہوں کیونکہ ان دونوں شعبوں میں خواتین کی شدید کمی ہے۔ ’’مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ بہت کم لڑکیاں الیکٹریکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرتی ہیں اور ایسا نہ کرنے کی کوئی وجہ بھی نہیں ہے‘‘۔

جرمنی میں گرین ڈے اس سال دوسری مرتبہ منایا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحول دوست ٹیکنالوجی میں تربیت کے مواقع اور تعلیم یافتہ لوگوں کی کمی کو پورا کرنے میں گرین ڈے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں