1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں ہیکرز کا سالانہ اجتماع

عدنان اسحاق 30 دسمبر 2013

جرمنی کا کیئوس کمپیوٹر کلب ہیکرز اورکمپیوٹر ماہرین کی وجہ سے خاص شہرت رکھتا ہے۔ اس سال اس کلب کا 30 واں سالانہ اجلاس جمعہ ستائیس دسمبر کو شروع ہوا اور پیر تیس دسمبر تک جاری رہا۔

Chaos Computer Club Congress Center Hamburg Treffen 2013
تصویر: picture-alliance/dpa

کیئوس کمپیوٹر کلب ’سی سی سی‘ کے سالانہ اجلاس کے دوران شرکاء نے آزادی اظہار کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ہیکرز اور انٹرنیٹ پر سرگرم افراد خود کو انٹرنیٹ کی آزادی کے محافظ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انہیں اس بات کا بھی بخوبی علم ہے کہ یہ ذمہ داری نبھانا ایک مشکل کام ہے۔ اس موقع پر کیئوس کمپیوٹر کلب کی ترجمان کونسٹنانزا کُرس نے کہا کہ اجلاس کے دوران جوش اور مزاحمت کا ماحول غالب رہا۔ ’’میرے خیال میں ایڈورڈ سنوڈن اور خفیہ راز افشا کرنے کا معاملہ اس سال مرکزی اہمیت اختیار کیے رہا۔ ہمیں تکنیکی پہلوؤں پر نظر رکھنی چاہیے اور کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے جوابی اقدامات بھی سوچ لینے چاہیں۔ سیاسی طور سے ہمیں زیادہ مدد کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ سردست ہمیں تکنیکی شعبے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خود اپنی مدد آپ کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

تصویر: Getty Images

کمپیوٹر ہیکرز بہت پہلے سے خبردار کر رہے تھے کہ خفیہ ایجنسیاں متعدد ڈیجیٹل کمیونیکیشن نظاموں تک رسائی کو نا ممکن بنا دیں گی۔ اس دوران کسی نے بھی اس جانب توجہ نہیں دی اور اب حقیقت منظر عام پر آ گئی ہے۔ اس کانگریس میں شریک زیادہ تر ماہرین کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں سے بچنے کے لیے تقریباً تمام ڈیجیٹل کمیونیکیشن نظاموں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

ہیکرز نے اس موقع پر متفقہ طور پر مزاحمت کی ضرورت پر زور دیا۔ اسی دوران متعدد خفیہ دستاویزات منظر عام پر لانے والے امریکی صحافی گلین گرین والڈ نے اس امید کا اظہار کیا کہ کمپیوٹر ماہرین نجی معلومات کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ سی سی سی کے بانی رکن کلاؤس شیلائزک کہتے ہیں ’’جرمنی میں ہیکرز کے بارے میں سوچ منفی ہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں، جو غیر قانونی طریقے سے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔ جرمنی میں اب کچھ لوگ ہیکرز کو کمپیوٹر کے اُن ماہرین کے طور پر دیکھتے ہیں، جنہیں انٹرنیٹ کے بارے میں سب کچھ معلوم ہوتا ہے۔‘‘

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک وکیل ریناٹا اویلا کے مطابق بنیادی مسئلہ ابھی بھی باقی ہے اور وہ یہ کہ انٹرنیٹ پر خود کو بہتر انداز میں محفوظ کرنے کے حوالے سے زیادہ تر تکنیکی حل عام صارف کی بجائے ابھی صرف ماہرین ہی کی دسترس میں ہیں۔ ریناٹا اویلا وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کی مشیر بھی ہیں۔ اسانج نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکاء سے خطاب کیا۔

تصویر: Getty Images

اس دوران شہری حقوق کے لیے سرگرم امریکی گروپ الیکٹرانک فرنٹیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے اور برطانوی ادارے 'GCHQ‘ کی چند خفیہ دستاویزات بھی پیش کی گئیں۔ خوشی اور خوف کا کبھی کبھار ایک دوسرے سے بہت گہرا تعلق بن جاتا ہے۔ ہیکرز کو اکثر اسی طرح کی سنسنی خیز صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس چار روزہ اجتماع میں دنیا بھر سے انٹرنیٹ پر سرگرم ساڑھے آٹھ ہزار سے زیادہ افراد اور ماہرین نے شرکت کی، جن میں ہیکرز کی بھی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں