1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں یورپی غیر ملکی: چائلڈ الاؤنس پر لاگت ایک بلین یورو

مقبول ملک12 مئی 2014

یورپی عدالت انصاف کے 2013ء کے ایک فیصلے کے بعد سے یونین کے رکن ملکوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کو ان کے جرمنی سے باہر مقیم بچوں کے لیے ادا کیے جانے والے چائلڈ الاؤنس کی مالیت اس سال کے آخر تک ایک بلین یورو ہو جائے گی۔

تصویر: DW/Y. Vishnevets

یورپی عدالت انصاف نے اپنا یہ فیصلہ گزشتہ برس جون میں سنایا تھا۔ تب اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ یونین کے رکن ملکوں کے ایسے شہریوں کو، جو جرمنی میں کسی خاص موسم میں محدود مدت کے لیے کام کرتے اور اپنی پوری آمدنی پر ٹیکس بھی دیتے ہیں، یہ حق حاصل ہے کہ انہیں ان کے نابالغ بچوں کے لیے چائلڈ الاؤنس ادا کیا جائے، چاہے ان کے بچے جرمنی میں مقیم نہ بھی ہوں۔

جرمنی میں موسمی بنیادوں پر ملازمتیں کرنے والے ایسے یورپی غیر ملکیوں کا تعلق زیادہ تر وسطی اور مشرقی یورپ کے ہمسایہ ملکوں سے ہوتا ہے۔ جرمنی میں کسی بھی خاندان کو اس کے بچوں کے لیے ادا کیے جانے والے مالی الاؤنس کی ماہانہ مالیت 184اور 215 یورو فی کس کے درمیان ہوتی ہے۔

جرمنی میں کسی بھی خاندان کو اس کے بچوں کے لیے ادا کیے جانے والے مالی الاؤنس کی ماہانہ مالیت 184اور 215 یورو فی کس کے درمیان ہوتی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

اس رقم کی مالیت کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ درخواست دہندہ خاندان میں نابالغ بچوں کی کل تعداد کتنی ہے۔ اس طرح اپنے بچوں کے بغیر جرمنی میں مقیم یورپی غیر ملکیوں کو جو نقد چائلڈ الاؤنس دیا جاتا ہے، اس کی مالیت انہیں ان کے اپنے ملکوں میں ملنے والے ایسے ہی الاؤنس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر پولینڈ میں کسی بچے کے لیے ماہانہ چائلڈ الاؤنس کی اوسط مالیت صرف چار یورو کے برابر بنتی ہے۔

اس بارے میں وفاقی جرمن پارلیمان میں گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن فرانسِسکا برانٹنر کے ایک سوال کے جواب میں برلن میں وفاقی وزارت خزانہ کی طرف سے بنڈس ٹاگ کو بتایا گیا کہ عدالتی فیصلے کے بعد گزشتہ برس کے آخر تک یورپی غیر ملکیوں کو چائلڈ الاؤنس کی مد میں ادائیگیوں کی شرح میں 30 فیصد تک کا اضافہ ہو چکا تھا۔

وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق اس سال کے آخر تک جرمنی کی طرف سے غیر جرمن کارکنوں کے جرمنی سے باہر مقیم بچوں کے لیے ادا کردہ چائلڈ الاؤنس کی مجموعی مالیت قریب ایک بلین یورو ہو جائے گی۔ یہی نہیں بلکہ موجودہ عشرے کے اختتام تک اس مد میں سرکاری ادائیگیوں کی کُل مالیت دو بلین یورو سے بھی تجاوز کر جائے گی۔

وفاقی وزارت خزانہ میں چائلڈ الاؤنس کی ادائیگی کے لیے یورپی یونین کے رکن دوسرے ملکوں کے شہریوں کی طرف سے دی جانے والی ایسی 30 ہزار سے زائد درخواستیں ابھی بھی التواء میں پڑی ہیں۔ اس حوالے سے دفتری کارروائی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے جرمن وزارت خزانہ نے مزید قریب 90 اہلکار بھرتی کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ ان اضافی اہلکاروں کے لیے تنخواہوں اور انتظامی اخراجات کی مد میں 3.3 ملین یورو علیحدہ سے مختص کیے گئے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں