جرمنی نے فٹ بال ورلڈ کپ جیت لیا
14 جولائی 2014 برازیل کے دارالحکومت ریو ڈے جنیرو میں اتوار کو فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ مقررہ نوّے منٹ کے کھیل میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا۔
تاہم پندرہ منٹ کے اضافی وقت میں بھی گول نہ ہو سکا تو پندرہ منٹ کا مزید اضافی وقت دیا گیا جس کے آخری لمحات میں بلآخر جرمنی کے ماریو گوئٹسے نے گول کر کے اسٹیڈیم میں موجود ارجنٹائن کے مداحوں کو رُلا دیا۔ انہوں نے آندرے شیورلے کی کِک کا انتہائی مہارت سے استعمال کیا اور بال کو ارجنٹائن کی گول پوسٹ کے اندر دے مارا۔
بائیس سالہ گوئٹسے نے ارجنٹائن کی گول پوسٹ کے سامنے تھے جب شیورلے نے ان تک بال پہنچائی۔ انہوں نے اپنے سینے پر بال کو روکا اور پھر ایک زبردست کِک لگائی۔
بائرن میونخ کے اسٹار کھلاڑی ماریو گوئٹسے نے کھیل کے 113ویں منٹ میں گول کیا۔ اس وقت تک امید کی جانے لگی تھی کہ میچ کا فیصلہ پینلٹی شُوٹ آؤٹ پر ہی ہو گا۔
تاہم گوئٹسے نے آخری لمحات میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور یوآخم گاؤک کے سامنے اپنی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کیے۔ دونوں جرمن رہنما اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ارجنٹائن کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی میچ کے دوران گمنام ہی رہے اور جرمنی کی جانب سے گول کرنے کے بعد ملنے والی فری کِک بھی ان کے کام نہ آئی۔ اسٹیڈیم میں موجود برازیل کے شہریوں نے بھی جرمن فتح کا بھرپور جشن منایا۔
کھیل کے پہلے ہاف میں جرمنی نے کھلاڑی تبدیل بھی کیے۔ اس کے ساتھ ہی جرمن کھلاڑیوں نے زبردست دفاع کا مظاہرہ بھی کیا اور میسی کو اپنا جادو چلانے کا کوئی موقع نہ دیا۔
جرمنی نے سیمی فائنل میں برازیل کو سات ایک کی عبرت ناک شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ برازیل کے خلاف یہ حیرت انگیز فتح ذرائع ابلاغ کے لیے بھی یہ انوکھی رہی تھی۔ کثیر الاشاعت جرمن اخبار بِلڈ نے لکھا تھا کہ یہ جیت ہمیشہ قائم رہے گی۔ ڈی ویلٹ نے لکھا کہ فائنل میں جرمنی کا سامنا ہالینڈ سے ہو یا ارجنٹائن سے، اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ جرمنی پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے فیورٹ ہے۔
ارجنٹائن پینلٹی شُوٹ پر چار دو سے ہالینڈ کو شکست دے کر یہاں تک پہنچا تھا۔ تیسری پوزیشن کا میچ ہفتے کو برازیل اور ہالینڈ کے درمیان ہوا تھا جو ہالینڈ نے تین صفر سے جیت لیا تھا۔