جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم نے عالمی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ مقابلوں کے سلسلے میں شمالی آئرلینڈ کو ہرا کر سن دو ہزار اٹھارہ کے ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے اپنی جگہ پکی بنا لی ہے۔
اشتہار
جرمن قومی فٹ بال کی ٹیم نے جمعرات کی شب بیلفاسٹ میں کھیلے گئے ایک میچ میں شمالی آئرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ اس ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں سباستیان روڈی، ساندرو واگنر اور جوشوا کیمش نے جرمنی کے لیے گول اسکور کیے۔ روڈی اور واگنر نے پہلے ہاف میں گول کیے اور جرمنی کو ابتدائی برتری دلوائی جبکہ کیمش نے دوسرے ہاف میں گول کر کے اس برتری کو مزید مستحکم بنا دیا۔
یوں ان ورلڈکپ کوالیفائنگ مقابلوں میں جرمنی ناقابل شکست ہی رہا۔ جرمنی نے اس راؤنڈ میں مجموعی طور پر گیارہ میچ کھیلے اور سبھی میں وہ فتح یاب رہا۔ ستائیس سالہ روڈی نے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’’اب ہم روس جا رہے ہیں۔ ہم کامیابی کے ساتھ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ جرمن کھلاڑی روڈی بائیس بین الاقوامی میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن ابھی تک وہ گول نہیں کر سکے تھے۔
اس کامیابی کے بعد جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں علم تھا کہ شمالی آئرلینڈ کی ٹیم انتہائی دفاعی انداز میں کھیلے گی اور اس پر اس ٹیم کو ملکہ بھی حاصل ہے۔ تاہم ہم نے اچھا کھیل پیش کیا اور آئرش کھلاڑیوں کو انتہائی کم چانسز دیے۔‘‘
گروپ سی کے اس میچ کے دوسرے منٹ میں ہی روڈی نے گول کر دیا، جس کے بعد اکیسویں منٹ میں واگنر کے دوسرے گول نے اٹھارہ ہزار کے تماش بینوں کو خاموش کرا دیا۔ دوسرے ہاف میں 86 منٹ میں کیمش نے جب گول کیا تو جرمنی کو تین صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔ تاہم کھیل کے اختتامی لمحات میں آئرش کھلاڑی ماگینس نے ایک گول کر دیا۔
اس ناکامی کے باوجود شمالی آئرلینڈ کی ٹیم ’پلے اوف‘ میچوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے روس میں ہونے والے آئندہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر سکتی ہے۔ دوسری طرف انگلش فٹ بال ٹیم نے بھی جمعرات کے دن سلووینیہ کو ایک میچ میں ایک صفر سے مات دے کر آئندہ عالمی فٹ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ آئندہ ورلڈ کپ چودہ جون تا پندرہ جولائی روس میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
جرمن قومی فٹبال لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑی
جرمنی کی قومی فٹبال لیگ ’بنڈس لیگا‘ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کی خدمات پاکستانی روپوں میں اربوں روپے کے بدلے حاصل کی جاتی ہیں۔
تصویر: Reuters
روبرٹو فرمینو
ناقابل یقین حد تک زیادہ رقم یعنی 41 ملین یورو کے عوض 23 سالہ برازیلی کھلاڑی ہوفن ہائیم کی ٹیم کو چھوڑ کر پریمیئر لیگ میں لیورپول کی ٹیم کے لیے کھیلیں گے۔ پاکستانی روپوں میں یہ رقم چار ارب، 71 کروڑ اور 50 لاکھ کے قریب بنتی ہے۔ اگر رپورٹ کی گئی رقم درست ہوئی تو فرمینو مہنگے ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔
تصویر: picture-alliance/augenklick/GES-Sportfoto
خاوی مارٹینیز
اب تک سب سے زیادہ رقم کے عوض ایک کلب چھوڑ کر دوسرے میں جانے کا اعزاز بائرن میونخ کے ہسپانوی کھلاڑی خاوی مارٹینیز کے پاس تھا۔ 2012ء میں بائرن میونخ کی ٹیم نے 40 ملین یورو کے عوض اتھلیکٹک بِلباؤ کلب میں کھیلنے والے مارٹینیز کی خدمات حاصل کی تھیں۔ فرمینو کی لیورپول میں جانے کے لیے معاوضے کی رقم کے بعد مارٹینیز دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔
تصویر: imago/Team 2
ماریو گوٹزے
2013ء میں بائرن میونخ نے 37 ملین یورو کے عوض بوروسیا ڈورٹمنڈ میں کھیلنے والے معروف کھلاڑی ماریو گوٹزے کی خدمات حاصل کیں۔
تصویر: AFP PHOTO / PATRIK STOLLARZ
ایڈِن جیکو
قریب اتنی ہی رقم مانچسٹر سِٹی نے 2010-11 میں وولفس بُرگ کی ٹیم میں کھیلنے والے کھلاڑی بوسنیا کے کھلاڑی ایڈن جیکو کے لیے ادا کی۔ اس اسٹرائیکر کھلاڑی نے دونوں ٹیموں کے ساتھ باری باری مقامی لیگ میں فتح حاصل کی۔ انہوں نے بوسنیا کی قومی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے پہلی بار اس کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں پہنچنے میں بھی مدد دی۔
تصویر: imago/Sportimage
اندری شُرلے
جرمن کلب وولفس بُرگ نے 2015ء کے آغاز میں چیلسی کلب سے اندری شُرلے کی خدمات 32 ملین یوروز میں حاصل کیں۔ تاہم وہ ابھی تک اتنے زیادہ معاوضے کا حق ادا نہیں کر پائے۔
تصویر: S. Franklin/Bongarts/Getty Images
مانوئل نوئر
صرف گول اسکور کرنے والے کھلاڑی ہی زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والوں میں شامل نہیں ہیں بلکہ 2011ء میں جرمن کلب شالکے کے گول کیپر مانوئل نوئر کی خدمات بائرن میونخ نے 30 ملین یوروز میں حاصل کیں۔ اور یہ بات عیاں ہے کہ نوئر نے اپنے کھیل کی بدولت بائرن میونخ کو فتوحات سے ہمکنار کیا ہے۔
تصویر: Hangst/Bongarts/Getty Images
ٹونی کروس
ٹونی کروس برازیل میں کھیلے جانے والے فٹبال ورلڈ کپ میں جرمن ٹیم کے ایک اہم مرکزی کھلاڑی رہے۔ وہ 2014ء میں ہی بائرن میونخ سے 30 ملین یورو کے عوض ریال میڈرڈ میں شامل ہوئے تھے۔ تاہم ریال میڈرڈ کے لیے جو کرسٹیانو رونالڈو جیسے کھلاڑیوں کے لیے 90 ملین یورو تک خرچ کر چکی ہے، یہ رقم اتنی زیادہ نہیں لگتی۔
تصویر: Denis Doyle/Getty Images)
ماریو گومیز
اس بات کو کچھ سال بیت چکے ہیں مگر ماریو گومیز کی 30 ملین یورو کے عوض اشٹٹ گارٹ سے بائرن میونخ منتقلی اس وقت ایک بڑی خبر تھی۔ بنڈس لیگا میں یہ اب بھی ٹاپ ٹین ٹرانسفرز میں شمار ہوتا ہے۔ جرمن کھلاڑی ماریو گومیز اب اطالوی کلب فیورنٹینا کے لیے کھیلتے ہیں۔