جرمنی، چوبیس گھنٹے میں کووڈ 19 سے ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں
30 دسمبر 2020
جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ اسی دوران ملک میں کووڈ انیس کے تقریباﹰ ساڑھے بائیس ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
اشتہار
متعدی امراض کی تحقیق کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق اب تک جرمنی میں تقریباﹰ سترہ لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اور 32،107 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں کمی نہیں آئی
مغربی یورپی ملک جرمنی میں اس سال دسمبر کے اوائل سے سماجی اور کاروباری پابندیوں کے باوجود کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں کمی نہیں آئی ہے۔ ملک کی سولہ ریاستوں میں تعلیمی اداروں، زیادہ تر دکانیں، بارز اور ریسٹورانٹس دسمبر کے ابتدائی دنوں سے اگلے سال دس جنوری تک لاک ڈاؤن کے دوران بند رہیں گے۔ کئی جرمن سیاست دان اور چانسلر انگیلا میرکل کے دفتر کی جانب سے ایسے بیانات دیے گئے ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ ملک میں پابندیوں کا سلسلہ دس جنوری کے بعد بھی جاری رہے گا۔
ویکسین کی فراہمی
رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق اب تک 42 ہزار افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دے دی گئی ہے۔ جرمنی میں گزشتہ اتوار سے ویکیسن دیے جانے کا آغاز ہو چکا ہے۔ جرمن حکومت صحت سے متعلق مقامی طبی انتظامیہ کو اس سال کے اختتام تک ویکیسن کی 1.3 ملین خوراکیں فراہم کرے گی۔ اگلے سال جنوری سے ہر ہفتے حکومت مقامی طبی انتظامیہ کو ویکسین کی سات لاکھ خوراکیں فراہم کرے گی۔
ب ج، ع ح (روئٹرز، ڈی پی اے)
کورونا سے بچاؤ: خود کو صحت مند رکھیں اور باخبر رہیں
کورونا وائرس اب ایک عالمی وباء کی شکل اختیار کر چکا ہے، مگر پھر بھی اس کے حوالے سے خوف زدہ یا پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ بلکہ یہ زیادہ اہم ہے کہ آپ اپنے آپ کو صحت مند رکھیں اور ان حالات میں خود کو باخبر رکھیں۔
تصویر: Imago Images/photothek/U. Grabowsky
اپنی قوت مدافعت بڑھائیں
طبی طور پر کمزور اور کم قوت مدافعت رکھنے والے لوگوں پر کوئی بھی وائرس حملہ آور ہو سکتا ہے۔ وٹامن سی قوت مدافعت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے لیموں اور دیگر پھلوں کا استعمال اہم ہے۔
تصویر: Fotolia/Dino Osmic
ادرک اور لیموں کا پانی
ادرک کی دو قاشیں لیں اور تھوڑا سا لیموں کا رس ایک گلاس گرم پانی میں ڈال لیں۔ پھر اسے تھوڑا ٹھوڑا کر کے پیتے رہیں۔ آپ اس طرح دن میں ایک دو گلاس پی سکتے ہیں۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ ان حالات میں پانی کافی زیادہ پیا جائے۔
تصویر: Imago Images/Rüdiger Wölk
زِنک
قوت مدافعت بڑھانے کے لیے وٹامن ڈی تھری اور زنک کا استعمال بھی بہت اہم ہے۔ اس مقصد کے لیے رات کو 15 ملی گرام زنک کی ٹیبلٹ کھائی جا سکتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ زنک کورونا وائرس سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
تصویر: imago images/McPHOTO
محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں
جرمنی کے متعدی بیماریوں کے انسداد کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ نے اپنے ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ عوامی اجتماعات سے دور رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر انسانوں سے کم از کم دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنا اس بیماری سے بچنے کے لیے اہم ہے۔
تصویر: Reuters/E. Lopez
خود کو جرثوموں سے محفوظ رکھیں
اپنے ہاتھوں کو وقتاﹰ فوقتاﹰ پانی اور صابن سے دھونا اہم ہے۔ لیکن اگر آپ اپنے گھر یا دفتر سے باہر ہیں تو پھر جراثیم کش لوشن یا سینٹیٹائزر کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔
تصویر: AFP/S. Bozon
سکوں اور کرنسی نوٹوں سے احتیاط
ہمارے ہاتھ میں جو کرنسی نوٹ یا سکے پہنچتے ہیں وہ اس سے پہلے درجنوں یا سینکڑوں ہاتھوں سے گزر چکے ہوتے ہیں۔ لہٰذا خریداری کرتے ہوئے اس بارے میں احتیاط کرنا اہم ہے۔