1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیات

جرمنی ڈیجیٹل میدان میں پیچھے کیوں رہ گیا؟

10 اکتوبر 2019

عالمی اقتصادی فورم کے مطابق موبائل فون نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کی ترقی میں جرمنی یورپ کے کئی ممالک، خلیجی عرب ریاستوں، چین اور روس سے پیچھے رہ گیا ہے۔

Deutschland Hannover CeBIT Smart Data
تصویر: Getty Images/S. Gallup

ورلڈ اکنامک فورم کی طرف سے معاشی طور پر مضبوط اور ترقی یافتہ ملکوں کے جائزے میں کہا گیا کہ جرمنی آج بھی جدت کے اعتبار سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے اور اُس کا معاشی نظام مستحکم ہے۔  لیکن جرمنی میں  انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کا شعبہ معیشت کی سب سے بڑی کمزوری کے طور پر سامنے آیا ہے۔

فورم کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں فائبر آپٹک براڈبینڈ انٹرنیٹ کی سہولت ابھی بھی بہت کم لوگوں کو میسر ہے، جس کی وجہ سے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اپنانے میں یورپ کی یہ سب سے طاقتور معیشت کئی ملکوں سے پیچھے رہ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کی بڑی وجہ جرمنی میں بیوروکریسی کا پیچیدہ نظام ہے، جو نئے منصوبوں میں تاخیر اور  رکاوٹ کا سبب ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/J. MacDougall

نتیجہ یہ کہ عالمی اقصادی فورم کی اقتصادی مسابقت کے حوالے سے جاری کردہ تازہ فہرست میں جرمنی چار درجے کم ہو کر ساتویں نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ امریکا کی جگہ سنگاپور سرفہرست آگیا ہے۔ گزشتہ برس جرمنی اقتصادی مقابلے کی اہلیت میں تیسرے نمبر پر تھا۔ نئی فہرست میں ہانگ کانگ، ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ اور جاپان اب جرمنی سے آگے ہیں۔

جرمنی کو ڈیجیٹل سُپر ہائی وے پر لانے کے لیے پچھلے سال حکومت نے ڈھائی ارب یورو مختص کیے۔ ڈیجیٹل کونسل کے نام سے ایک آزاد ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کا کام ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کے بارے میں حکومت کی رہنمائی کرنا ہے۔

ساتھ ہی حکومت نے ملک کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی ڈوئچے ٹیلی کام کو یہ ذمہ داری سونپی کہ وہ ملک میں تیز انٹرنیٹ مہیا کرنے کے لیے نئی لائنیں بچھائے تاکہ سن دو ہزار بیس تک یہ نظام ملک کے ساٹھ لاکھ گھروں سے بڑھا کر ڈیڑھ کروڑ گھروں تک پہنچایا جائے۔

 

 ش ج / اب ا (ڈی پی اے، اے پی)

تصویر: picture-alliance/dpa/C. Gateau

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں