1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کا منفرد پرائیوٹ اسکول

عدنان اسحاق3 جون 2014

جرمنی میں پرائیوٹ اسکولوں میں زیادہ تر وہی بچے پڑھتے ہیں، جن کے والدین پڑھے لکھے اور امیر ہوتے ہیں۔ تاہم اب برلن میں ایک ایسا پرائیوٹ اسکول کھلا ہوا، جہاں پر ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے بچے تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔

Freie Quinoa-Schule Wedding
تصویر: Lydia Heller

فیؤنا بُرنک ایک ماہر تعلیم ہیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ انہوں نے ویڈنگ کے ایک اسکول میں ایسے طلبہ کو بھی دیکھا ہے جو تعلیم میں اتنے مگن ہوتے ہیں کہ انہیں چھٹی کی گھنٹی بھی سنائی نہیں دیتی۔ ویڈنگ کا شمار برلن کے اُن علاقوں میں ہوتا ہے، جہاں سماجی طور پر کمزور اور مزدور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد مقابلتاﹰ زیادہ ہے۔ ان کے بقول انہیں یہ تجربہ اسی علاقے کے ایک اسکول میں ہوا۔ وہ اس اسکول میں 2009ء سے ریاضی کا مضمون پڑھا رہی ہیں اور تعلیم کے فروغ کے ایک پروگرام سے بھی منسلک ہیں۔ اس پروگرام میں وہ بچوں کو ریاضی میں ہر طرح کا تعاون فراہم کرتی ہیں۔

فیؤنا بُرنک اور اسٹیفن ڈؤرنگ نے 2011ء میں اس منصوبے پر کام کرنا شروع کیا تھاتصویر: Martin Arning

اس سلسلے میں اکثر انہیں چھٹی کے بعد بھی بچوں کے ساتھ رکنا پڑ جاتا ہے۔ وہ کہتی ہیں، ’’ ان بچوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ تعلیم سے دور ہیں اور انہیں پڑھنے لکھنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ لیکن وہ یہاں بیٹھ کر دیر تک انتہائی توجہ اور محنت کے ساتھ پڑھتے ہیں اور ان میں سے کئی نے تو یہ درخواست بھی کی کہ انہیں ہفتے کے روز بھی ریاضی پڑھائی جائے۔‘‘

فیؤنا بُرنک کے بقول وہ اس واقعے کو کبھی بھول نہیں سکیں گی، جب انہوں نے 2011ء میں اسٹیفن ڈؤرنگ کے ساتھ مل کر ایک اسکول قائم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ایک ایسا اسکول جہاں دن بھر پر جوش انداز اور توجہ کے ساتھ تعلیمی سلسلہ جاری رہے۔ تین سال بعد یہ دونوں اپنے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہو گئے۔ اب کی نووا ’ Quinoa ‘ نامی اس فری اسکول میں درس و تدریس کا سلسلہ جلد شروع ہونے والا ہے۔ فیؤنا برنک نے بتایا کہ اس سلسلے میں مونٹیسری فاؤنڈیشن نے تعاون فراہم کیا ہے اور ابتدائی طور پر ساتویں سے دسویں جماعت کے بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔ وہ مزید بتاتی ہیں کہ ان میں زیادہ تر وہ بچے شامل ہوں گے، جن کا تعلق تارکین وطن یا سماجی طور پر کمزور گھرانوں سے ہو گا۔ رواں سال گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد ساتویں کلاس کے 26 طلبہ کے لیے کلاسیں شروع کی جائیں گی۔ دوسرے پرائیوٹ اسکولوں کے مقابلے میں اس اسکول کی فیس نہ ہونے کے برابر ہے۔

جرمنی میں تقریباً ساڑھے پانچ ہزار پرائیوٹ اسکول ہیں اور ہر گیارہواں بچہ پرائیوٹ تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ فرانس میں 18 فیصد بچے جبکہ اسپین میں 30 فیصد سے زائد بچے پرائیوٹ اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ جرمنی میں گزشتہ برسوں کے دوران پرائیوٹ اسکولوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ان میں زیادہ تر وہی بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں، جن کے والدین کی نظر میں انفرادی سطح پر توجہ، کم بچوں والی کلاسوں اور اسکول میں موجود ساز سامان کے معیارکو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ پرائیوٹ اسکولوں میں تارکین وطن اور سماجی طور پر کمزور گھرانوں کے بچوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔

ابتدائی طور پر ساتویں سے دسویں جماعت کے بچوں کو تعلیم دی جائے گیتصویر: Lydia Heller

کی نووا اسکول معاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لیے ہے۔ دیگر پرائیوٹ اسکولوں کی طرح یہاں پڑھائی کے لیے بنائے جانے والے گروپ بھی چھوٹے ہوں گے۔ انتظامیہ کا اندازہ ہے کہ یہاں پر زیادہ تر بچے تارکین وطن گھرانوں سے آئیں گے۔ اسی لیے تھیٹر اور ایک دوسرے کی ثقافت کے بارے میں جاننے جیسے موضوعات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں