1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: کووڈ پابندیوں کے خلاف مظاہرے، تیرہ پولیس اہلکار زخمی

21 دسمبر 2021

جرمن شہر منہائم میں لوگوں نے مظاہروں پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کی اور جب سکیورٹی فورسز نے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ پرتشدد ہو گئے۔ اس دوران تیرہ پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے۔

Deutschland Einsatzkräfte bei Corona-Demo in Mannheim verletzt
تصویر: picture alliance/dpa/PR-Video

جرمنی کے جنوبی شہر منہائم میں عائد کورونا پابندیوں کے باوجود لوگ مظاہروں کے لیے جمع ہو گئے۔ یہ مظاہرے پرتشدد ہونے کی وجہ سے کم از کم تیرہ پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے۔

مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ جرمن شہر منہائم میں پیر کی شب کووڈ لاک ڈاؤن مخالفین نے ایک ریلی نکالی۔ اگرچہ باڈن وٹمبرگ کی صوبائی حکومت کی طرف سے ایسے اجتماعات پر پابندی عائد ہے لیکن مظاہرین نے اسے نظر انداز کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ جب سکیورٹی فورسز نے اس مظاہرے کو منشتر کرنے کی کوشش کی تو مظاہرین نے مزاحمت دکھائی اور یوں صورتحال پرتشدد ہو گئی۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مظاہرین کی طرف سے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں تیرہ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کو ہسپتال میں بھی داخل کرانا پڑا۔

محکمہ پولیس کے ایک بیان کے مطابق پیر کی شب کووڈ لاک ڈاؤن کے مخالف اور پرتشدد کارروائیاں کرنے والے تیرہ مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بعد ازاں مظاہرین خود ہی گھروں کو لوٹ گئے۔ قبل ازیں پولیس نے ٹوئٹر پر اپیل کی تھی کہ وہ پر امن طریقے سے گھروں کو لوٹ جائیں۔

مظاہروں میں اضافہ

منہائم میں پولیس اور مظاہرین کے مابین یہ پرتشدد واقعات ایک ایسے وقت میں رونما ہوئے، جب جرمنی بھر میں کووڈ پابندیوں کے خلاف عوامی غم وغصے میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پیر کے دن ہی جرمن صوبے میکلن برگ بالائی پومیرانیا کے بیس سے زائد شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ کووڈ پابندیوں کے خلاف کیے گئے ان مظاہروں میں سترہ ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس مشرقی ریاست میں گزشتہ ہفتے بھی مظاہرے ہوئے تھے لیکن تب مظاہرین کی تعداد اس ہفتے کے مقابلے میں نصف تھی۔

یہ مظاہرین کووڈ لاک ڈاؤن اور لازمی ویکسینیشن کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کووڈ دہشت گردی کو مسترد کرتے ہیں اور شخصی آزادیوں اور اپنے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

دوسری طرف اس جرمن صوبے میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ صوبائی طبی حکام نے بتایا ہے کہ نئے مریضوں کو ہسپتالوں میں جگہ دینے کے لیے بستر کم ہوتے جا ترہے ہیں۔ 

ع ب، ص ز(خبر رساں ادارے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں