1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کی ٹیکسوں کی مد میں امسالہ آمدنی 732 ارب یورو سے زائد

Irene Banos Ruiz ع ب
11 مئی 2017

جرمن ریاست، صوبوں اور بلدیاتی علاقوں کی اس سال ٹیکسوں کی مد میں مجموعی آمدنی قریب آٹھ ارب یورو کے اضافے کے ساتھ 732 ارب یورو سے زیادہ رہے گی۔ 2021ء میں یہی سالانہ آمدنی مزید بڑھ کر 850 ارب یورو سے بھی تجاوز کر جائے گی۔

Symbolbild Staatsschulden Staatsverschuldung Schulden Geldhaufen Euro
تصویر: Fotolia

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے جمعرات گیارہ مئی کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ملکی حکومت کے ٹیکسوں کی مد میں ہونے والی سالانہ آمدنی کا اندازہ لگانے والے مالیاتی ماہرین کے ورکنگ گروپ نے بتایا ہے کہ رواں سال جرمنی کو ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقوم گزشتہ مالیاتی اندازوں کی نسبت 7.9 ارب یورو زیادہ ہوں گی۔

تصویر: picture-alliance/dpa

اس کے علاوہ آئندہ برسوں میں اس مد میں ریاست کے پاس جمع ہونے والے مالی وسائل میں ہر سال مسلسل اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ ریاست کے لیے ٹیکس انکم کا اندازہ لگانے والے ورکنگ گروپ نے بتایا کہ امسالہ آمدنی گزشتہ برس کے مقابلے میں تو زیادہ ہی ہو گی لیکن وہ سال رواں کے لیے لگائے گئے پچھلے اندازوں سے بھی تجاوز کر جائے گی۔

مزید یہ کہ 2018ء میں اس ریاستی آمدنی میں مزید 5.6 ارب یورو کا اضافہ ہو گا اور یہ رجحان 2021ء تک اس طرح جاری رہے گا کہ تب سرکاری خزانے کو ٹیکسوں سے ہونے والی یہ سالانہ آمدنی 850 ارب یورو کی حد بھی پار کر جائے گی۔

وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق اس بہت حوصلہ افزا مالیاتی پیش رفت کا سبب جرمن معیشت کی سالانہ کارکردگی میں وہ بہتری اور استحکام بنیں گے، جن کے اشارے مزید واضح ہوتے جا رہے ہیں۔ اس اقتصادی ترقی میں مسلسل بڑھتی ہوئی جرمن برآمدات بھی بہت اہم کردار ادا کریں گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں