جرمن آبدوز 70 سال بعد مل گئی
29 جولائی 2012
دوسری عالمی جنگ کے دوران سمندر میں ایک جرمن آبدوز ڈوب گئی تھی۔ آبدوز کے ڈوبنے کا واقعہ اپریل سن 1944 میں پیش آیا تھا۔ جرمن فوجی کاغذات میں اس آبدوز کا سرکاری نام U-550 تھا۔ اس آبدوز کی کی تلاش بحر اوقیانوس میں غوطہ خور جو مازرانی کی قیادت میں جاری تھی۔ اس تلاش کی تفصیلات امریکی اخبار بوسٹن گلوب میں شائع کی گئی ہیں۔
یہ آبدوز امریکی ریاست میسا چوسٹس کے قریب سمندری علاقے میں اڑتالیس کلو میٹر کی مسافت پر واقع ایک جزیرے نین ٹاکٹ کے ساحل کے قریب سے ملی ہے۔ زیر سمندر آبدوز ریت میں دھنسی ہوئی ہے۔ سطح سمندر سے اٹھارہ میٹر کی گہرائی سے اس آبدوز کا ملبہ دریافت کیا گیا ہے۔ آبدوز کی تلاش میں مصروف غوطہ خوروں کی ٹیم کے سربراہ جو مازرانی کا کہنا تھا کہ دوسری عالمی جنگ کے ایک اور بھید کا راز معلوم کر لیا گیا ہے۔ آبدوز کا غرق ہونے کے بعد غائب ہو جانا ایک معمہ بن چکا تھا۔ اب اس گتھی کو سُلجھا لیا گیا ہے۔
آبدوز غرقابی کے بعد نین ٹاکٹ کے جزیرے سے ستر میل کی دوری تک پہنچ گئی تھی۔ اس کی تلاش کا عمل تئیس جولائی کو مکمل ہوا تھا اور تفصیلات اب جاری کی گئی ہیں۔ آبدوز کو تلاش کرنے والے غوطہ خوروں کی ٹیم کے سربراہ جو مازرانی امریکی ریاست نیو جرسی میں وکالت کے پیشے سے وابستہ ہیں۔ جو مازرانی کے مطابق اب وہ امریکی جہاز اور آبدوز کے عملے کے خاندان کے افراد سے مل کر اس معلومات کو انہیں فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
دوسری عالمی جنگ کے آخری دو سالوں کے دوران ڈوبنے والی جرمن آبدوز کو اس وقت کی نازی حکومت نے یہ مشن سونپا تھا کہ وہ اتحادی فوج کی سپلائی کے اہم رابطے کو تباہ کرے۔ سپلائی کا یہ رُوٹ یورپ میں امریکی فوجوں کے لیے قائم تھا۔ اس کو سمندر میں بارہ مئی سن 1943 میں اتارا گیا تھا۔ چھ فروری سن 1944 میں یہ آبدوز جرمن بندرگاہی شہر کیل سے شمالی بحر اوقیانوس کے لیے روانہ کی گئی تھی۔ اس آبدوز نے امریکا کے بڑے ٹینکر ایس ایس پین پینسلوینیا (SS Pan-Pennsylvania) کو تارپیڈو کے ذریعے تباہ کر دیا تھا۔ تباہ ہونے والے امریکی جہاز کے قریب جرمن آبدوز کو چھپانے کی کوشش ناکام ہونے پر اس کو امریکی جہازوں کے حملے میں تباہ کر دیا گیا۔ جرمن آبدوز اور امریکی بحری جہازوں کے درمیان یہ جھڑپ امریکی جزیرے نین ٹاکٹ کے قریب ہوئی تھی۔
ah/ng (AFP, dpa)