1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

جرمنی میں سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کیسے ہوتی ہے؟

15 اگست 2021

سرکاری فنڈنگ، میمبرشپ فیس، چندے اور اشتہارات کی مقابلتاً کم قيمت مہمات کی وجہ سے جرمنی کی سیاسی جماعتوں کے اخراجات کئی ديگر ممالک کے مقابلے میں کم ہوتے ہیں۔ اس مضمون میں جانیے جرمن جماعتیں فنڈنگ کیسے حاصل کرتی ہیں۔

جرمن انتخابات
تصویر: Michael Sohn/AP/picture alliance

امریکا کے مقابلے میں جرمنی میں انتخابی مہمات پر کافی کم خرچہ آتا ہے۔ پچھلے امریکی انتخابات میں وائٹ ہاؤس یا کانگریس کے لیے کھڑے ہونے والے امریکی امیدواروں نے 14.4 ارب امریکی ڈالر (12.24 ارب یورو) خرچ کیے تھے جبکہ جرمنی میں سیاسی جماعتیں اس رقم کا محض ایک مختصر حصہ خرچ کرتی ہیں۔

جرمنی میں سن 2017 کے دوران  وفاقی پارلیمانی انتخابات میں سیاسی جماعتوں نے 92 ملین یورو خرچ کیے جس میں انتخابی مہم کے اخراجات بھی شامل تھے۔ دونوں ملکوں میں انتخابی مہم کی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ اب پارٹی کے اجلاس اور سیاسی جلسے کافی بڑے پیمانے پر منعقد کیے جاتے ہیں۔ لیکن جرمنی میں سیاسی جماعتیں اب بھی امریکا کے مقابلے میں بہت کم خرچہ کرتی ہیں۔

جرمنی کے انتخابات میں کم خرچے کا اصل راز سرکاری فنڈنگ اور سیاسی جماعتوں کی فائنينسنگ  کے حوالے سے سخت قوانین ہیں۔

جرمنی میں سیاسی مہمات کی مالی اعانت کیسے کی جاتی ہے؟

امریکا اور دیگر ممالک کے برعکس  جرمنی میں انتخابی مہم کے فنڈز اور سیاسی جماعتوں کے فنڈز کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ انتخابی مہم کو ایک سیاسی جماعت کے معمول کے فرائض کا حصہ سمجھا جاتا ہے اور اس وجہ سے اسے پارٹی کے مکمل بجٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔

ٹیکس کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو مدد فراہم کی جاتی ہے۔ سن2021 میں مجموعی طور پر 200 ملین کی مالی اعانت فراہم کی گئی۔  اس رقم کے ساتھ انتخابی مہم کے لیے بھی فنڈز دیے جاتے ہیں۔

سیاسی پارٹیوں کو پیسے کون دیتا ہے؟

ٹیکس دہندگان، پارٹی ممبران، کارپوریٹ اور انفرادی ڈونرز سیاسی جماعتوں کو زیادہ تر غیر سرکاری چندہ دیتے ہیں۔

سیاسی جماعتیں اور ان کی مہمات کے لیے مالی اعانت میں وفاقی حکومت کی معاونت، پارٹی کی رکنیت کی فیس، کارپوریشن اور عام افراد کے چندے شامل ہوتے ہیں۔ جرمنی کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں وفاقی حکومت سے فنڈنگ حاصل کرتی ہیں، لیکن انہیں ملنے والی رقم کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہر پارٹی صوبائی، وفاقی اور یورپی یونین کی سطح پر انتخابات میں کتنی زیادہ نمائندگی حاصل کرتی ہے۔

سیاسی پارٹیاں عوامی فنڈنگ کی اس صورت میں اہل بنتی ہیں جب وہ صوبائی سطح پر کم از کم 1 فیصد ووٹ یا یورپی یونین یا قومی انتخابات میں 0.5 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔

سیاسی جماعت کو کتنا چندہ دیا جاسکتا ہے؟

جرمنی میں جیسے آٹو بان یعنی موٹر وے پر رفتار کی کوئی حد مقرر نہیں ویسے ہی بڑی کمپنیوں یا لوگوں کی طرف سے چندے کی رقم کو بھی محدود نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ سیاسی جماعت جتنا چاہیں انتخابی مہم پر خرچہ کر سکتی ہیں۔ لیکن پھر بھی سیاسی جماعتوں کے بجٹ میں ڈونیشن زیادہ بڑا کردار ادا نہیں کرتی۔

اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ 50000 یورو سے زائد رقم کے چندے کو وفاقی پارلیمان میں رجسٹر کرانا لازمی ہے۔ پارلیمان اس چندے کی فہرست کو اپنی ویب سائٹ پر شائع کرتی ہے، جس میں چندہ دینے والی کمپنی یا شخص کا نام اور پتہ شامل ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: میرکل کے بعد کا جرمنی، قدامت پسند جماعت کا منصوبہ

سن 2021 میں سب سے زیادہ چندہ (ایک ملین یورو) ایک سافٹ ویئر ڈویلپر اور کرپٹو کرنسی کے سرمایہ کار نے گرین پارٹی کو دیا تھا۔

انتخابی مہم کے اخراجات اتنے کم کیوں ہیں؟

جرمن سیاسی جماعتیں امریکا کی پارٹیوں کے مقابلے میں اشتہارات پر بہت کم خرچ کرتی ہیں۔ امریکا میں ووٹروں پر مہینوں تک فون کالز، ای میلز اور ٹیلی وژن پر مہنگے اشتہارات کی بھر مار معمول بن گیا ہے۔

جرمنی میں بلدیاتی اور صوبائی قوانین سیاسی جماعتوں کو انتخابات سے صرف چند ہفتے قبل بِل بورڈز اور پوسٹرز لگانے کی اجازت دیتے ہیں۔ صوبائی قوانین کے تحت ریڈیو اور ٹی وی پر اشتہارات کا دورانیہ اور تعداد بھی محدود ہوتی ہے اور انتخابات سے ایک ماہ قبل ہی نشر کیے جا سکتے ہیں۔ اس وجہ سے انتخابی مہم کا دورانیہ بھی مختصر ہوجاتا ہے۔

ع آ / ع س (ایئن بیٹیسن، مارک حیلم)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں