1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن انتخابات میں میرکل کے مقابلے پر شٹائن بروک

Ali Amjad28 ستمبر 2012

جرمنی کی اپوزیشن جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی SPD نے سابق وزیر خزانہ پیئر شٹائن بروک کو آئندہ سال کے پارلیمانی انتخابات میں انگیلا میرکل کے مقابلے پر چانسلر شپ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

تصویر: Reuters

آج جرمن دارالحکومت برلن میں ایس پی ڈی کے ہیڈ کوارٹرز میں تالیوں کی گونج میں پارٹی کے سربراہ زیگمار گابریل نے 2013ء کے انتخابات کے لیے پیئر شٹائن بروک کو پارٹی کی جانب سے چانسلر امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر پیئر شٹائن بروک نے کہا کہ وہ یہ چیلنج قبول کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ آئندہ سال وہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے انگیلا میرکل کی جگہ یہ عہدہ سنبھال سکیں گے۔ایس پی ڈی کے پارلیمانی حزب کے قائد فرانک والٹر شٹائن مائر نے کہا: ’’آج ایس پی ڈی کے لیے ایک اچھا دن ہے۔ مجھے اس بات کا پختہ یقین ہے کہ پیئر شٹائن بروک بہترین امیدوار ہی نہیں ہیں بلکہ وہ ہمارے ملک کے لیے صحیح چانسلر بھی ثابت ہوں گے۔‘‘

تصویر: Reuters

65 سالہ پیئر شٹائن بروک میرکل کے پہلے دور حکومت میں وزیر خزانہ کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے اور دونوں نے اُس اقتصادی بحران پر قابو پانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کیا تھا، جس نے 2008ء میں امریکی انویسٹمنٹ بینک لیہمن برادرز کے دیوالیہ  ہو جانے کے نتیجے میں جنم لیا تھا۔

ایس پی ڈی میں چانسلر شپ کے لیے تین امیدوار میدان میں تھے، جن میں پارٹی کے چیئر مین زیگمار گابریل کے ساتھ ساتھ سابق وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر بھی شامل تھے، جنہوں نے 2009ء کے انتخابات میں انگیلا میرکل کا مقابلہ کیا تھا اور ہار گئے تھے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق پیئر شٹائن بروک چانسلر انگیلا میرکل اور وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے کے بعد ملک کے تیسرے اہم ترین سیاستدان ہیں تاہم چانسلر بننے کے لیے انہیں ابھی بہت کام کرنا ہو گا۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ایس پی ڈی میرکل کے قدامت پسندوں سے دَس پوائنٹس پیچھے ہے اور کسی بھی جماعت کے روایتی حکومتی اتحادی ساتھی اتنے طاقتور نہیں ہیں کہ وہ اُن کے ساتھ مل کر حکومت بنا سکیں۔ اس کا مطلب یہ ہو گا کہ قدامت پسند یونین جماعتیں اور اپوزیشن ایس پی ڈی ممکنہ طور پر مل کر ایک بڑی مخلوط حکومت بنائیں گے۔ جرمنی میں اگلے انتخابات 2013ء میں ستمبر یا اکتوبر میں منعقد ہوں گے۔

(aa/mm(afp

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں