جرمن این جی او نے پاکستان میں کام بند کر دیا
30 مارچ 2019یہ تنظیم پاکستان میں گزشتہ 25 برس سے کام کر رہی تھی۔ ابتدا میں اس تنظیم نے لاہور سے کام کا آغاز کیا تھا، جب کہ بعد میں اسلام آباد میں خدمات انجام دینا شروع کی تھیں۔ ایچ بی ایس جرمنی کی گرین پارٹی سے وابستہ تنظیم ہے۔
’’ظالم اعداد‘‘، بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ
بھارت کے ایک گاؤں کا نام’ٹرمپ‘ رکھا جائے گا
مقامی میڈیا کے مطابق اس تنظیم کے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر برائے پاکستان مارٹن کوبلر نے کہا کہ یہ تنظیم اور حکومت پاکستان قابلِ عمل فارمولے پر اتفاق میں ناکام رہے، جس کی وجہ سے اس تنظیم نے پاکستان میں کام بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
کوبلر نے مزید کہا کہ انہیں اس بات پر افسوس ہے کیوں کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے، جہاں اس تنظیم نے اپنی سرگرمیاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سول سوسائٹی کے لیے جگہ میں کمی آتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس ناک عمل ہے کہ یہ ماحول دوست تنظیم ایک ایسے وقت میں پاکستان میں اپنی خدمات روک رہی ہے، جب پاکستان میں دس ارب پیڑ لگانے کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ایچ بی ایس کی قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر سمینہ درانی نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم نے پاکستان میں ماحولیات کے شعبے میں عمدہ خدمات انجام دینے کی کوشش کی۔
ع ت، الف الف