1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن بُک ٹریڈ کے امن انعام کے حقدار امریکی باشندہ جیرن لانیئر

13 اکتوبر 2014

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کا امسالہ عالمی کُتب میلہ گزشتہ روز اختتام کو پہنچا۔ میلے کی انتظامیہ نے میلے کا میزانیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دو لاکھ ستر ہزار شائقین اس بار اس میلے سے لطف اندوز ہو سکے۔

تصویر: DW/A. Chakraborty

پانچ روز جاری رہ کر ختم ہونے والے اس کتب میلے کے ڈائریکٹر یورگن بوس نے میلے کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ کُتب میلہ نئے تصورات اور خیالات کی نشوو نما کے لیے ایک زرخیز سرزمین کی سی حیثیت رکھتا ہے"۔

فرینکفرٹ کے 2014 ء کے بین الاقوامی بُک فیئر کا نقطہ عروج جرمن بُک ٹریڈ کے امن انعام کا اعلان تھا۔ اس بار یہ انعام انٹرنیٹ کے پائینیئر یا پہل قدم امریکی باشندے جیرن لانیئر کو دیا گیا۔ اس اعزاز کے ساتھ انہیں 25 ہزار یورو کے نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔ تقسیم انعام کی تقریب فرینکفرٹ کے پاول چرچ میں منعقد ہوئی جہاں انعام پانے والے جیرن لانیئر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی تقریر میں ادب کی دنیا میں تبدیلی رونما کرنے والے ڈیجیٹل نظام کے غیر ضروری اور حد سے زیادہ اضافے سے خبر دار کیا۔ 54 سالہ امریکی جیرن لانیئر نے اس موقع پر ’نئی انسان پسندی اور انسان دوستی‘ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسان پسندی اُسی وقت ممکن ہے جب انسانوں پر یقین کیا جائے اور مصنوعی ذہانت کو شکوک و شبہات کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ جیرن نے کہا، "بغیر انسانوں کے کمپیوٹر خلائی ہیٹر کی سی حیثیت رکھتے ہیں جن کا کام نمونہ بنانا ہے"۔

تین ہزار پانچ سوتقریبات اور اجتماعات کا اہتمام کیا گیاتصویر: Frankfurter Buchmesse/A. Heimann

اس سال کے فرینکفرٹ عالمی کُتب میلے کے اختتام پر انڈونیشیا کے ایک معروف مصنف آننتو کوسوما نے آئندہ برس یعنی 2015 ء کے اس کتاب میلے کی مہمانی علامتی طور پر قبول کی۔ آئندہ برس اس میلے کا مہمان ملک انڈونیشیا ہوگا۔ اس بُک فیئر کی یہ روایت ہے کہ ہر سال اس کے اختتام پر اگلے سال کے مہمان ملک کے کسی ایک ادبی شاہکار وسعت دی جاتی ہے۔ اس بار انڈونیشیا کے جس ادبی شاہکار کو چنا گیا ہے وہ تیرہویں صدی کا ایک مسودہ ہے۔ ’ ارجن وجایا کے عنوان سے یہ مسودہ ہاتھ کی تحریر کی شکل میں موجود ہے اور اس کے متن کے الفاظ کچھ یوں ہیں،" جب میں اپنے لسانی مندر کے ایک خاص مقام تک پہنچ جاؤں گا تو ایک تعریفی گیت کے ساتھ اپنے خدا سے کہوں گا کہ وہ میری شاعری، میرے الفاظ جسے خوبصورتی کے قالب میں ڈھال کر میں نے اُسے خراج عقیدت پیش کیا ہے، اسے قبول کر لے" ۔

ستر ہزار شائقین اس بار اس میلے سے لطف اندوز ہو سکےتصویر: Frankfurter Buchmesse/A. Heimann

اس بار مجموعی طور پر تقریباً تین ہزار پانچ سو ایسی تقریبات اور اجتماعات کا اہتمام کیا گیا تھا، جن کا تعلق کسی نہ کسی حوالے سے کتاب اور اشاعت کی دنیا سے بنتا تھے۔ کتاب میلے کے افتتاحی دن آن لائن مصنوعات فروخت کرنے والے ادارے ایمیزون نے جرمنی کے لیے ای بُکس یا الیکٹرانک بُکس کا ایک فلیٹ ریٹ متعارف کروایا۔'کِنڈل اَن لمیٹڈ‘ نامی سروس کے تحت صارفین مہینے میں صرف تقریباً دَس یورو ادا کر کے اپنی پسند کی ڈیجیٹل کتابیں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ ایمیزون کا کہنا ہے کہ اُس کے ذخیرے میں موجود ڈیجیٹل کتابوں کی مجموعی تعداد ساڑھے چھ لاکھ ہے، جن میں سے چالیس ہزار کتابیں جرمن زبان میں ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں