جرمن خاتون کی گھر میں پرنٹ کردہ نوٹوں سے گاڑی خریدنے کی کوشش
17 جولائی 2019
ایک جرمن خاتون نے خود ہی کرنسی نوٹ پرنٹ کیے اور پھر ان کے ذریعے گاڑی خریدنے کے لیے شوروم پہنچ گئیں لیکن دھوکا دینے کی کوشش اس خاتون کو مہنگی پڑ گئی۔
اشتہار
ایک جرمن لڑکی نے خود ہی کرنسی نوٹ پرنٹ کیے اور پھر ان کے ذریعے گاڑی خریدنے کے لیے شوروم پہنچ گئی لیکن دھوکا دینے کی کوشش اس خاتون کو مہنگی پڑ گئی۔
جرمنی کے شہر کائزرس لاؤٹرن میں جمعے کے روز ایک نوجوان خاتون کار خریدنے کی خواہش لیے ایک شو روم گئیں لیکن کچھ ہی دیر بعد اسے پولیس کی گاڑی میں بیٹھنا پڑا۔ یہ خاتون جعلی کرنسی نوٹوں کے ذریعے گاڑی خریدنے کی کوشش کر رہی تھی، کار ڈیلر نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے دی اور یوں خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
جعل سازی کرنے والی خاتون کی عمر بیس برس تھی۔ نقلی کرنسی نوٹوں کی نشاندہی کرنا شو روم کے ڈیلر اور پولیس کے تفتیش کاروں کے لیے بھی کچھ زیادہ مشکل ثابت نہ ہوا کیوں کہ اس خاتون نے اپنے گھر ہی میں ایک عام رنگین پرنٹر کی مدد سے سادہ کاغذ پر پچاس اور سو یورو مالیت کے کرنسی نوٹ پرنٹ کیے تھے۔
پولیس کو اس بیس سالہ خاتون کے گھر کی تلاشی کے دوران پرنٹر بھی مل گیا اور خاتون کی تیرہ ہزار یورو مالیت کی مزید 'دولت‘ بھی، جو اسی پرنٹر سے پرنٹ کی گئی تھی۔
جرائم کی تحقیقات کرنے والی وفاقی پولیس (بی کے اے) کے مطابق 'کرنسی کی نقل تیار کر کے مارکیٹ میں لانے‘ کی کم از کم سزا ایک برس قید ہے۔ ابھی تک دفتر استغاثہ نے اس نوجوان خاتون کے خلاف الزامات عائد کر کے مقدمے کی کارروائی شروع نہیں کی۔
جرمنی کی وفاقی پولیس کے مطابق عام طور پر انتہائی پیشہ ور جعل ساز جعلی کرنسی نوٹ بنانے کے لیے خصوصی آلات استعمال کرتے ہیں تاہم انٹرنیٹ پر ایسی مشینری بھی باآسانی مل جاتی ہے جنہیں استعمال میں لاتے ہوئے عام لوگ بھی جعلی نوٹ بنا لیتے ہیں۔ سب سے زیادہ پچاس یورو کے کرنسی نوٹ کی نقول تیار کی جاتی ہیں۔
بی کے اے نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ سن 2018 میں جعلی کرنسی نوٹوں کے حوالے سے 54 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔ گزشتہ برس کے دوران مجموعی طور پر ملکی مارکیٹ سے ایک لاکھ جعلی کرنسی نوٹ ضبط کیے گئے جن کی مالیت سترہ ملین یورو کے برابر بنتی ہے۔
ش ح / ا ا (ویزلے راہن)
دنیا کی کمزور اور مضبوط ترین کرنسیاں
ڈالر کے مقابلے میں دنیا کی پانچ مضبوط ترین اور پانچ کمزور ترین کرنسیاں کون سے ممالک کی ہیں اور پاکستانی روپے کی صورت حال کیا ہے۔ جانیے اس پکچر گیلری میں
تصویر: DW/Marek/Steinbuch
1۔ کویتی دینار، دنیا کی مہنگی ترین کرنسی
ڈالر کے مقابلے میں سب سے زیادہ مالیت کویتی دینار کی ہے۔ ایک کویتی دینار 3.29 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ اس چھوٹے سے ملک کی معیشت کا زیادہ تر انحصار تیل کی برآمدات پر ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/Y. Al-Zayyat
2۔ بحرینی دینار
دوسرے نمبر پر بحرینی دینار ہے اور ایک بحرینی دینار کی مالیت 2.65 امریکی ڈالر کے برابر ہے اور یہ ریٹ ایک دہائی سے زائد عرصے سے اتنا ہی ہے۔ کویت کی طرح بحرینی معیشت کی بنیاد بھی تیل ہی ہے۔
تصویر: imago/Jochen Tack
3۔ عمانی ریال
ایک عمانی ریال 2.6 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ اس خلیجی ریاست میں لوگوں کی قوت خرید اس قدر زیادہ ہے کہ حکومت نے نصف اور ایک چوتھائی ریال کے بینک نوٹ بھی جاری کر رکھے ہیں۔
تصویر: www.passportindex.org
4۔ اردنی دینار
اردن کا ریال 1.40 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ دیگر خلیجی ممالک کے برعکس اردن کے پاس تیل بھی نہیں اور نہ ہی اس کی معیشت مضبوط ہے۔
تصویر: Imago/S. Schellhorn
5۔ برطانوی پاؤنڈ
پانچویں نمبر پر برطانوی پاؤنڈ ہے جس کی موجودہ مالیت 1.3 امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ایک برطانوی پاؤنڈ کے بدلے امریکی ڈالر کی کم از کم قیمت 1.2 اور زیادہ سے زیادہ 2.1 امریکی ڈالر رہی۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER
پاکستانی روپے کی صورت حال
ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں حالیہ دنوں کے دوران مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں امریکی ڈالر کی روپے کے مقابلے میں کم از کم مالیت 52 اور 146 پاکستانی روپے کے درمیان رہی اور یہ فرق 160 فیصد سے زائد ہے۔ سن 2009 میں ایک امریکی ڈالر 82 اور سن 1999 میں 54 پاکستانی روپے کے برابر تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/A.Gulfam
بھارتی روپے پر ایک نظر
بھارتی کرنسی امریکی ڈالر کے مقابلے میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستانی روپے کے مقابلے میں مستحکم رہی۔ سن 1999 میں ایک امریکی ڈالر قریب 42 بھارتی روپوں کے برابر تھا جب کہ موجودہ قیمت قریب 70 بھارتی روپے ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم از کم مالیت کے مابین فرق 64 فیصد رہا۔
تصویر: Reuters/J. Dey
5 ویں کمزور ترین کرنسی – لاؤ کِپ
جنوب مشرقی ایشائی ملک لاؤس کی کرنسی لاؤ کِپ امریکی ڈالر کے مقابلے میں پانچویں کمزور ترین کرنسی ہے۔ ایک امریکی ڈالر 8700 لاؤ کپ کے برابر ہے۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ اس کرنسی کی قیمت میں کمی نہیں ہوئی بلکہ سن 1952 میں اسے کم قدر کے ساتھ ہی جاری کیا گیا تھا۔
4۔ جمہوریہ گنی کا فرانک
افریقی ملک جمہوریہ گنی کی کرنسی گنی فرانک ڈالر کے مقابلے میں دنیا کی چوتھی کمزور ترین کرنسی ہے۔ افراط زر اور خراب تر ہوتی معاشی صورت حال کے شکار اس ملک میں ایک امریکی ڈالر 9200 سے زائد گنی فرانک کے برابر ہے۔
تصویر: DW/B. Barry
3۔ انڈونیشین روپیہ
دنیا کے سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ملک انڈونیشیا کی کرنسی دنیا کی تیسری کمزور ترین کرنسی ہے۔ انڈونیشیا میں ایک روپے سے ایک لاکھ روپے تک کے نوٹ ہیں۔ ایک امریکی ڈالر 14500 روپے کے مساوی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں ایک امریکی ڈالر کی کم از کم قیمت بھی آٹھ ہزار روپے سے زیادہ رہی۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Zuma Press/I. Damanik
2۔ ویتنامی ڈانگ
دنیا کی دوسری سب سے کمزور ترین کرنسی ویتنام کی ہے۔ اس وقت 23377 ویتنامی ڈانگ کے بدلے ایک امریکی ڈالر ملتا ہے۔ بیس برس قبل سن 1999 میں ایک امریکی ڈالر میں پندرہ ہزار سے زائد ویتنامی ڈانگ ملتے تھے۔ تاہم ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بہتر پالیسیاں اختیار کرنے کے سبب ویتنامی ڈانگ مستقبل قریب میں مستحکم ہو جائے گا۔
تصویر: AP
1۔ ایرانی ریال
سخت امریکی پابندیوں کا سامنا کرنے والے ملک ایران کی کرنسی اس وقت دنیا کی سب سے کمزور کرنسی ہے۔ اس وقت ایک امریکی ڈالر 42100 ایرانی ریال کے برابر ہے۔ سن 1999 میں امریکی ڈالر میں 1900 ایرانی ریال مل رہے تھے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ڈالر کے مقابلے میں کم ترین اور زیادہ ترین ایکسچینج ریٹ میں 2100 فیصد تبدیلی دیکھی گئی۔