1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

جرمن خصوصی مندوب برائے افغانستان کابل کے دورے پر

19 نومبر 2021

افغانستان کے لیے برلن حکومت کے خصوصی ایلچی جمعرات اٹھارہ نومبر کو کابل میں تھے۔ انہوں نے طالبان حکومت کے ساتھ اُن معاملات پر مشاورت کی جن میں جرمنی افغانستان میں بحران کی صورت حال کو بہتر کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

Afghanistan Deutschland Bau neuer Sporthallen in Kabul
تصویر: DW/H. Sirat

جرمن دارالحکومت برلن سے دفترِ وزارتِ خارجہ نے اس کی تصدیق کی افغانستان کے لیے خصوصی مندوب یاسپر وِیک (Jasper Wieck) نے جمعرات اٹھارہ نومبر کو کابل میں طالبان حکومت کے اعلیٰ اہلکاروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ خصوصی مندوب کے ساتھ ان ملاقاتوں میں افغانستان کے لیے متعین جرمن سفیر مارکوس پوٹسیل بھی شریک تھے۔

افغان جنگ، جرمنی نے 17 ارب یورو سے زائد خرچ کیے

جرمن تعاون کا امکان

جرمن دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان ملاقاتوں میں فریقین اُن معاملات کو زیرِ بحث لائے جن میں تعاون ممکن ہے۔ اس بیان کے مطابق فریقین نے بات چیت کے دوران افغان باشندوں کی مشکلات پر بھی توجہ مرکوز کی اور جرمن حکومت کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقتصادی بدحالی کے شکار ملک کی عوام کو ممکنہ امداد کی فراہمی کے پہلووں پر بھی گفتگو کی گئی۔

طالبان حکومت سے قبل جرمنی کے افغانستان میں مقرر سفیر مارکوس پوٹسیل ایک اسکول کے دورے پر، فائل فوٹوتصویر: DW/H. Sirat

جرمن حکومت نے رواں برس وسطِ اگست میں طالبان کی کابل کی جانب چڑھائی کو دیکھتے ہوئے اپنے سفارتی عملے کو واپس ملک طلب کر لیا تھا۔ ابھی اس کا فیصلہ نہیں کیا گیا کہ نامز سفیر مارکوس پوٹسیل کب اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

طالبان کی یقین دہانی

برلن کے خصوصی ایلچی یاسپر وِیک کے ساتھ ان ملاقاتوں میں افغانستان کے حکمران طالبان نے اس کی یقین دہانی کرائی کہ ان کی جانب سے انسانی ہمدردی کے تحت دی جانے والی امداد کی تقسیم میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی۔ ان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ امداد کی تقسیم کا سارا سلسلہ شفاف اور عدم مداخلت کے ساتھ ہو گا۔

جرمنی اپنی شرائط پر طالبان کے ساتھ تعلقات قائم کرے گا

طالبان نے یہ بھی بتایا کہ امداد تقسیم کرنے والے ورکرز میں مردوں کے ساتھ خواتین کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ برادریوں اور افراد تک امداد مساویانہ انداز میں پہنچ سکے۔

اس ملاقات میں طالبان نے اس کی بھی وضاحت کی وہ اس کو اہم خیال کرتے ہیں کہ تعلیم کے مواقع قومی سطح پر لڑکوں اور لڑکیوں کو فراہم ہوں۔

طالبان حکام نے جرمن اعلیٰ سفیر کو یہ بھی بتایا کہ وہ اب بھی عام معافی کے بیان پر قائم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اُن افغان شہریوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا جو ملک چھوڑ کر باہر جانے کے خواہشمند ہیں۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک اسکول میں جرمن امداد سے تعمیر کیے جانے اسپورٹس ہال کا تعمیری مرحلہتصویر: DW/H. Sirat

طالبان حکومت کی مشکلات

رواں برس اگست میں غیر ملکی افواج کے انخلا اور مغرب کی حمایت یافتہ حکومت کے انہدام کے بعد طالبان سارے ملک کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے حکومتی عمل داری قائم کر چکے ہیں۔ ایک عبوری حکومت کو تشکیل بھی دے دیا گیا ہے۔ اس حکومت کو بین الاقوامی برادری نے ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے۔

افغانستان سے انخلاء، جرمنی کی طرف سے پاکستان کا شکریہ

عالمی برادری کو اس حکومت کے حوالے سے کئی قسم کے شبہات و خدشات لاحق ہیں۔ ان میں ایک خواتین اور لڑکیوں کو دفاتر اور اسکولوں سے ابھی تک دور رکھنا ہے۔

ع ح/ ع س (ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں