جرمن ریلوے اسٹیشنوں پر پرتشدد واقعات میں اضافہ، برلن سرفہرست
1 مارچ 2025
جرمن پولیس کے مطابق گزشتہ برس ملکی ریلوے اسٹیشنوں پر پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا گیا اور وفاقی دارالحکومت برلن کے کئی ریلوے اسٹیشنوں میں سے اس حوالے سے شہر کا سینٹرل اسٹیشن ملک بھر میں سرفہرست رہا۔
برلن کے سینٹرل ریلوے اسٹیشن کی کرسمس سے ایک شام پہلے کرسمس ایوننگ کے دوران لی گئی ایک تصویرتصویر: Berliner Stadtmission
اشتہار
جرمنی کی وفاقی پولیس کی طرف سے مہیا کردہ معلومات کے مطابق سال 2024ء میں برلن کے وسطی علاقے کے ریلوے اسٹیشن برلن سینٹرل پر پرتشدد جرائم کے 764 واقعات سے متعلق مقدمات درج کیے گئے۔ اس سے ایک سال قبل 2023ء میں وہاں یہ سالانہ تعداد 620 رہی تھی۔
ڈورٹمنڈ اور ہینوور دوسرے اور تیسرے نمبر پر
جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کی مہاجرین مخالف جماعت 'متبادل برائے جرمنی‘ یا اے ایف ڈی کے ملکی پارلیمان کے ایوان زیریں یا بنڈس ٹاگ میں پارلیمانی حزب کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی حکومت کی طرف سے جو تحریری جواب دیا گیا، اسے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے ایک نمائندے نے ذاتی طور پر دیکھا۔
اس تحریری حکومتی جواب میں بتایا گیا کہ پورے جرمنی میں ایسے جرائم کے ارتکاب کے لحاظ سے برلن سینٹرل کے بعد جو اسٹیشن دوسرے نمبر پر رہا، وہ شہر ڈورٹمنڈ کا مرکزی ریلوے اسٹیشن تھا۔ وہاں گزشتہ برس 735 پرتشدد جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔
برلن شہر کا مرکزی ریلوے اسٹیشن اور دیگر عمارات، فضا سے لی گئی ایک تصویرتصویر: Jan Woitas/dpa/picture alliance
برلن سینٹرل اور ڈورٹمنڈ کے مرکزی ٹرین اسٹیشنوں کے بعد ہینوور کا مرکزی ریلوے اسٹیشن 715 جرائم کے ساتھ تیسرے اور کولون شہر کا مرکزی ریلوے اسٹیشن ایسے 703 جرائم کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
اشتہار
تمام جرمن ریلوے اسٹیشنوں پر ایسے جرائم کی مجموعی تعداد
وفاقی جرمن پولیس کے مطابق گزشتہ برس ملک کے تمام ایسے ریلوے اسٹیشنوں پر، جن کی حفاظت اور سکیورٹی کی ذمے داری قانوناﹰ فیڈرل پولیس کی عمل داری میں آتی ہے، پرتشدد جرائم کی مجموعی تعداد 27,160 رہی، جو اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباﹰ 1500 زیادہ تھی۔
2023ء میں جرمن ریلوے اسٹیشنوں کی حدود میں مجموعی طور پر 25,640 پرتشدد جرائم ریکارڈ کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ جنسی نوعیت کے جرائم کی تعداد بھی 2023ء میں 1,898 سے بڑھ کر گزشتہ برس 2,262 ہو گئی۔
اسی طرح ایسے جرائم، جن میں مختلف املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ان کی تعداد بھی 2023ء میں 30,961 سے بڑھ کر 2024ء میں 32,671 ہو گئی۔
منشیات سے متعلقہ جرائم
وفاقی جرمن پولیس کے مطابق پچھلے برس جرمنی میں منشیات سے متعلقہ جرائم کے کُل 10,174 مقدمات درج کیے گئے، جو اس سے ایک برس پہلے کے مقابلے میں واضح طور پر کم تھے۔
کولون شہر کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے ایک پلیٹ فارم پر کھڑی ایک انٹر سٹی ایکسپریس ٹرین، پس منظر میں کولون کا تاریخی کیتھڈرلتصویر: Emanuel Bloedt/EB-Stock/picture alliance
2023ء میں ایسے ڈرگ کیسز کی تعداد 18,382 رہی تھی۔ پولیس حکام کی طرف سے ایسے جرائم کی سالانہ تعداد میں واضح کمی کی کوئی خاص وجوہات نہیں بتائی گئیں۔
ایک ممکنہ وجہ شاید یہ بھی ہو سکتی ہے کہ جرمنی میں، جو یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، گزشتہ برس اپریل کے مہینے سے محدود اور ذاتی استعمال کے لیے گانجے کی خریداری کی حیثیت قانونی ہو چکی ہے۔
لیکن یہ اعداد و شمار ان واقعات کے ہیں، جن میں پولیس نے باقاعدہ کارروائی کی، اس لیے پولیس کو رپورٹ نہ کیے گئے ممکنہ جرائم کی تعداد بھی کافی ہو سکتی ہے۔
م م / م ا (ڈی پی اے، دی ویلٹ)
یورپ کے دس متاثر کُن ریلوے اسٹیشن
ریل کا سفر تیز اور آرام دہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس سفر کے دوران کئی ریلوے اسٹیشن اپنی عمارت کی وجہ سے بھی مسافروں کو لبھاتے ہیں۔ یورپ کے کئی ریلوے اسٹیشن تاریخی ہونے کے ساتھ ساتھ جدید بھی ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Kalker
اینٹورپ سینٹرل اسٹیشن: ہیروں کے شہر کا موتی
بیلجیم کا بندرگاہی شہر اینٹورپ ’ہیروں کی عالمی منڈی‘ کا درجہ رکھتا ہے۔ اس کا ریلوے اسٹیشن تعمیراتی شاہکار ہے۔ انتہائی بڑے اسٹیشن کو عام طور پر ’ریلوے کیتھڈرل‘ کہا جاتا ہے۔ گزشتہ صدی کے اوائل میں تعمیر کردہ یہ اسٹیشن سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔
بیلجیم ہی کے ریلوے اسٹیشن لیئیش گیئلمنزکی عمارت بھی فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ اس کی عمارت اسٹیل، سفید کنکریٹ اور شیشے سے تعیمر کی گئی ہے۔ روشنی میں یہ ایک اور ہی طرح کا شاہکار دکھائی دیتا ہے۔ روزانہ اس اسٹیشن پر اوسطاً پانچ سو ریل گاڑیاں رکتی ہیں اور آگے بڑھ جاتی ہیں۔ یہ شہر کے مرکز سے قدرے باہر ہے لیکن ایک اہم یورپی جنکشن ہے۔ اس کا ڈیزائن مشہور ہسپانوی ماہر تعمیرات سنتیاگو کالاتراوا نے تیار کیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/H. Galuschka
ایمسٹرڈم سینٹرل اسٹیشن: لکڑی کے تختوں پر قائم اسٹیشن
ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم کا ریلوے اسٹیشن ایک مصنوعی جزیرے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی بنیاد آٹھ ہزار چھ سو ستاسی لکڑی کے بھاری تختوں پر رکھی گئی ہے۔ یہ عمارت گوتھک طرز تعمیر کے دوسرے عہد کا شاہکار ہے۔ اسے گرجا گھروں کی ڈیزائننگ کرنے والے ڈچ ماہرِ تعمیرات پیٹروس کیوپرز نے تیار کیا تھا۔ اس ریلوے اسٹیشن کی عمارت قرونِ وسطیٰ کے گرجا گھر جیسی دکھتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/A. Rose
گار ڈی لیوں: دنیا کا پرشکوہ ریلوے اسٹیشن
کہا جاتا ہے کہ فرانسیسی شہر لیوں کے ریلوے اسٹیشن کو دنیا کا سب سے پرشکوہ اور حسین عمارت قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس کا اندرونی حصہ بھی انتہائی دلآویز ہے۔ اسی طرح ریلوے اسٹیشن کی دوسری منزل پر خوبصورت ریستوران بھی مسافروں کو سکون بخشتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/imagebroker/S. Randebrock
ہیلسنکی سینٹرل اسٹیشن
فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی کے ریلوے اسٹیشن کو ’ٹیلی وژن کا ایک ستارہ‘ خیال کیا جاتا ہے۔ اس کی عمارت کے باہر چار بڑے مجسمے نصب ہیں اور یہ مختلف اشتہاروں کی عکاسی کے لیے خاص طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ریلوے اسٹیشن کی عمارت کو فن لینڈ کے گرینائٹ پتھر سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ فن لینڈ میں تعمیراتی شاہکار تصور کیا جاتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Photoshot
سینٹ پینکراس: وکٹورین شاہکار
برطانوی دارالحکومت لندن کا ریلوے اسٹیشن سینٹ پینکراس انٹرنیشنل ایک محل جیسا ہے۔ اس کے اندر بڑے ہال اورانواع و اقسام کی دکانیں و ریستوران مسافروں کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔ اس اسٹیشن پر کئی ریل گاڑیاں اپنی منزل کی جانب سفر شروع کرتی ہیں۔ اس ریلوے اسٹیشن کو ’ہیری پوٹر سیریز‘ میں بھی فلمایا گیا ہے۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/Foto Beck
لائپزش: اہم یورپی ریلوے اسیشن
جرمن شہر لائپزش کے ریلوے اسٹیشن کی عمارت باہر سے تقریباً تین سو میٹر چوڑی ہے۔ اس کے تیئیس پلیٹ فارم ہیں۔ یہ اسٹیشن اسی ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اسے یورپ کا سب سے بڑا ریلوے اسٹیشن بھی کہا جا سکتا ہے جو کئی ریل گاڑیوں کی منزل ہے۔ اس اسٹیشن پر ڈیڑھ سو کے قریب دکانیں اور ریستوران ہیں۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/M. Nitzschke
بوڈا پیشٹ کلیٹی (مشرقی) اسٹیشن
ہنگری کے دارالحکومت بوڈا پیشٹ کے مشرقی ریلوے اسٹیشن کو جدید ترین تصور کیا جاتا ہے۔ اسے سن 1884 میں کھولا گیا تھا۔ یہ اپنی سہولیات اور کنٹرول کی وجہ سے جدید ترین خیال کیا گیا تھا۔ آج کل اس کی عمارت کو دیکھنے کے لیے سیاح خاص طور پر جاتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/chromorange/F. Perc
میڈرڈ اتوچا: جنگل میں انتظار گاہ
ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ کا اتوچا ریلوے اسٹیشن سن 1888 سے سن 1892 کے درمیانی عرصے میں تعمیر کیا گیا۔ یہ میڈرڈ کے دو بڑے اسٹیشنوں میں سے ایک ہے۔ اس کے اندر مسافروں کی انتظار گاہ ایک وسیع جنگلاتی باغ جیسی ہے۔ اس باغ میں کچھوے اور سات ہزار پودے ہیں۔ اس کی بلند چھت شیشے کے تختوں سے بنائی گئی ہے
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/B. Boensch
لزبن کا روسیو اسٹیشن
کسی پرشکوہ ریلوے اسٹیشن کی عمارت کا وسیع و عرض ہونا ضروری نہیں۔ پرتگالی دارالحکومت کا روسیو اسٹیشن شہر کے مرکز میں واقع ہے۔ یہ قدرے چھوٹا اسٹیشن ہے لیکن پھر بھی انتہائی پرشکوہ ہے۔ اس میں داخلی دروازے گھوڑے کے پاؤں جیسے دکھائی دیتے ہیں۔ اسے سن 1880 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ اپنے طرز تعمیر میں پرتگالی تشخص رکھتا ہے۔