1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

سکیورٹی حکام کی سخت گیر اسلام پسندوں پر کڑی نظر، جرمن وزیر

11 مئی 2024

جرمن وزیر داخلہ فیزر نے کہا ہے کہ سکیورٹی ادارے جرمنی میں سرگرم سخت گیر اسلام پسندوں اور ان کے مظاہروں پر قریب سے پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ایسے سخت گیر مسلمان شہر ہیمبرگ میں آج پھر ایک احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

وفاقی جرمن وزیر داخلہ نینسی فیزر
وفاقی جرمن وزیر داخلہ نینسی فیزرتصویر: Michal Cizek/AFP/Getty Images

جرمنی میں برسراقتدار حکومتی اتحاد میں شامل وفاقی چانسلر اولاف شولس کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر داخلہ نینسی فیزر نے فُنکے میڈیا گروپ کے اخبارات کے ساتھ ایک انٹرویو میں آج ہفتہ 11 مئی کے روز کہا کہ جرمنی میں سلامتی کے ذمے دار ریاستی ادارے سخت گیر اسلام پسند سیاسی منظر نامے پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں۔

جرمنی میں  خلافت کے قیام کا مطالبہ

جرمنی میں اسلام کی سخت گیر تشریح کرنے والے اور سیاسی طور پر سرگرم ایسے مسلم عناصر کے خلاف صرف گزشتہ چند ماہ کے دوران ہی حکام متعدد مرتبہ ایسی کارروائیاں کر چکے ہیں، جن کے نتیجے میں مبینہ حملوں کے کئی منصوبے ناکام بنا دیے گئے تھے۔

جرمنی میں اسلامی قانون کے حامیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

اس پس منظر میں وزیر داخلہ نینسی فیزر نے کہا، ''ہم (ایسے سخت گیر اسلام پسند عناصر کے خلاف) بھرپور چھان بین سے لے کر انٹیلیجنس کی سطح پر نگرانی تک وہ تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں، جو ہمیں دستیاب ہیں۔‘‘

ستائیس اپریل کو ہیمبرگ میں ’مسلم انٹرایکٹیو‘ کی ایک ریلی کے شرکاء ایسے پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے، جن پر ’خلافت ہی حل ہے‘ جیسے نعرے لکھے ہوئے تھےتصویر: Axel Heimken/dpa/picture alliance

اپنے اس انٹرویو میں وزیر داخلہ فیزر نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ شمالی جرمن شہر ہیمبرگ میں اپریل کے آخر میں جو اسلام پسند ایک مظاہرے کے دوران جرمنی میں خلافت کے قیام کے خواب دیکھ رہے تھے، ان پر بھی ملکی سکیورٹی ادارے کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

جرمنی میں تین نوجوان دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام پر گرفتار

سوشل ڈیموکریٹ سیاستدان فیزر کے الفاظ میں، ''ہماری جمہوری آئینی ریاست میں ایسے گروپوں پر قانونی پابندی صرف اسی وقت لگائی جا سکتی ہے، جب اس کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے جائیں۔‘‘

ہیمبرگ میں 'مسلم انٹرایکٹیو‘ کا نیا مظاہرہ

جرمنی میں سرگرم اور سخت گیر اسلامی سوچ کی حمایت کرنے والے گروپوں میں سے 'مسلم انٹرایکٹیو‘ ایک ایسا گروپ ہے، جسے پہلے ہی ایک انتہا ہپسند گروہ کا درجہ دیا جا چکا ہے۔ اس گروپ کی طرف سے آج ہفتہ 11 مئی کی سہ پہر شمالی جرمن شہر ہیمبرگ میں ایک بار پھر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

جرمنی میں اسلاموفوبیا بہت بڑے پیمانے پر پھیلا ہوا ہے، رپورٹ

جرمنی میں سخت گیر اسلام پسند گروپوں کی سرگرمیوں پر ملک کی داخلی انٹیلیجنس ایجنسی (تصویر) بھی نظر رکھے ہوئے ہےتصویر: Christoph Hardt/Geisler-Fotopress/picture alliance

اس گروپ کو حکام نے سخت شرائط کے تحت مظاہرے کی اجازت دی ہے۔ ان شرائط میں یہ بھی شامل ہے کہ اس مظاہرے کے شرکاء نہ تو اسرائیل کے ریاستی وجود کے حق کی تردید کریں گے اور نہ ہی وہ اپنی تقریروں، نعروں یا پلے کارڈز کے ذریعے کسی کو تشدد یا نفرت پر اکسانے کی کوشش کریں گے۔

اس اسلامسٹ گروپ کے مظاہرے کے لیے نئی سخت شرائط اس لیے لازمی ہو گئی تھیں کہ اپریل کے آخر میں اسی گروپ کے ارکان کے ہیمبرگ ہی میں ایک مظاہرے میں جرمنی میں خلافت کی صورت میں  ایک اسلامی مذہبی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

کولون میں جرمنی کی سب سے بڑی مسجد سے اسپیکر پر اذان آج سے

تب ان مظاہرین نے کہا تھا کہ جرمنی میں تمام سماجی مسائل کا حل خلافت ہے۔ اس پر ملک بھر میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا اور ناقدین کا کہنا تھا کہ ایسے مظاہرین ایک وفاقی جمہوری ریاست کے طور پر جرمنی کو کس سمت میں جاتا دیکھنا چاہتے ہیں؟

ہیمبرگ کی شہری انتظامیہ اور پولیس کے مطابق 'مسلم انٹرایکٹیو‘ کے آج کے احتجاجی مظاہرے میں تقریباﹰ ایک ہزار تک شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔

م م / ع ت (ڈی پی اے، اے ایف پی)

جرمنی میں ریاستی مدد کے ساتھ اولین امام ٹریننگ کا آغاز

03:01

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں