1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہری کا قتل: شامی پناہ گزین کو ساڑھے نو سال قید کی سزا

22 اگست 2019

جرمنی کے مشرقی شہر کیمنٹس میں گزشتہ برس ایک جرمن شہری کو قتل کرنے والے ایک شامی پناہ گزین کو عدالت نے جرم ثابت ہونے کے بعد ساڑھے نو سال قید کی سزا سنائی ہے۔

Dresden - Prozess um tödliche Messerattacke von Chemnitz
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Rietschel

آج جمعرات کو جرمن شہر ڈریسڈن کی ایک عدالت نے  الاء  ایس نامی  شامی پناہ گزین کو ایک ڈینئل ایچ نامی جرمن شہری کا قتل کرنے کے جرم میں نو سال اور چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت کے  فیصلے کے مطابق گزشتہ برس ڈینئل نامی جرمن شہری کو الاء نے متعدد مرتبہ چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ استغاثہ کی جانب سے جائے وقوعہ کے قریب واقع ایک کباب کی دوکان کے ملازم کی گواہی کی بنیاد پر یہ مقدمہ تیار کیا گیا تھا۔ 

تصویر: picture-alliance/dpa/M. Rietschel


تاہم عدالت میں شامی پناہ گزین کا مسلسل موقف رہا ہے کہ اس نے یہ قتل نہیں کیا اور وہ بے قصور ہے۔ عدالتی فیصلے سے قبل جرمن نشریاتی ادارے ’زیڈ ڈی ایف‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اس شامی پناہ گزین  کا کہنا تھا کہ اس نے نہ تو مقتول شخص کو چھوا اور نہ ہی اس چاقو کو، جس سے یہ قتل کیا گیا۔.اس شامی مہاجر کے وکیل نے عدالت کو  بتایا تھا کہ ’ڈی این اے‘ ٹیسٹ  بھی یہ ثابت کرتا ہے کہ الاء نے نہ تو مقتول شخص کو اور نہ ہی اس جرم میں استعمال ہونے والے چاقو کو چھوا تھا۔ لیکن استغاثہ کے حتمی بیان کے مطابق الاء کا جرم ثابت ہوچکا ہے۔

تصویر: DW/B. Knight


علاوہ ازیں جرمن پولیس ابھی تک فرحاد نامی اس مرکزی مشتبہ عراقی شخص کی تلاش میں ہے، جس پر ڈینئل  ایچ  پر چاقو سے حملہ کرنے کا الزام ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ بائیس سالہ مشتبہ عراقی شخص جرمنی سے فرار ہو چکا ہے۔ اس کیس کے تیسرے مشتبہ شخص کو کیمنٹس کی ایک عدالت نے عدم شواہد کی بنیاد پر رہا کر دیا تھا۔
واضح رہے گزشتہ برس 26 اگست کو ہونے والے اس قتل کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعے کیمنٹس بھر میں پھیل گئی تھی اور اس کے بعد وہاں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے جو جلد ہی نسل پرستانہ پر تشدد کارروائیوں میں بدل گئے۔ 
 (بین نائٹ / ع آ / ب ج)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں