1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں ایک شخص ’تلوار‘ کے ذریعے قتل

1 اگست 2019

جرمن شہر اشٹٹ گارٹ کی پولیس نے عوامی مقام پر ایک شخص کو ’تلوار‘ کے ذریعے قتل کرنے والے مجرم کو گرفتار کر لیا ہے۔

Mann in Stuttgart getötet
تصویر: picture-alliance/dpa/Kohls

مبینہ قاتل بدھ 31 جولائی کو جرمن شہر اشٹٹ گارٹ کی ایک سڑک پر ایک 36 سالہ شخص سے جھگڑے کے بعد اسے قتل کر کے فرار ہو گیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے تلوار کی مانند دکھائی دینے والا ہتھیار استعمال کیا تھا۔

یہ واقعہ گزشتہ روز اشٹٹ گارٹ شہر کے رہائشی علاقے فزاننہوف میں پیش آیا۔ سرعام پیش آنے والے اس ہولناک واقعے کے عینی شاہدین نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں تاہم شدید زخمی شخص کو بچانے کی کوششیں کامیاب نہ ہو پائیں۔

سائیکل پر فرار ہونے والے حملہ آور کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کر دی گئی جس میں پولیس ہیلی کاپٹر بھی استعمال میں لائے گئے۔ کئی گھنٹوں بعد مبینہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا اور پولیس آج جمعرات کے روز اس سے پوچھ گچھ کرے گی۔

پولیس نے مبینہ حملہ آور کی شناخت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ جرمن اخبار 'بلڈ‘ کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص قازق نژاد جرمن شہری تھا۔

اشٹٹ گارٹ جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ کا دارالحکومت اور ملک کا چھٹا بڑا شہر ہے۔ نمایاں جرمن کار ساز اداروں کے علاوہ کئی اہم جرمن کمپنیوں کے مرکزی دفاتر بھی اسی شہر میں قائم ہیں۔

جرمنی کے معاشی طور پر امیر شہروں میں شمار ہونے والا اشٹٹ گارٹ شہر ملک کے محفوظ ترین شہروں میں سے بھی ایک ہے۔

ش ح / ا ب ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں