جرمن صدر مصالحتی دوروں پر
3 ستمبر 2013
بدھ کے روز جرمن صدر فرانس پہنچیں گے، جہاں وہ نازی مظالم کا شکار ہونے والوں کی یادگار پر حاضری دیں گے۔ گاؤک شہری اور انسانی حقوق کے بڑے علمبردار سمجھے جاتے ہیں۔
73سالہ جرمن صدر نازی مظالم کو جرمنی کے لیے باعث ’شرمندگی اور ندامت‘ سمجھنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔ وہ اپنے انہی جذبات کا اظہار چیک جمہوریہ اور اٹلی کے دوروں کے دوران نازی اذیتی عمل کا شکار ہونے والوں کی یادگاروں پر حاضری کے دوران بھی کرچکے ہیں۔
اس برس کے آغاز میں اپنی یورپی اتحاد کی حمایت میں کی گئی ایک جذباتی تقریر کے دوران گاؤک کا کہنا تھا کہ یہ اُن کا ملک ہی تھا، جس کے ذریعے یورپ میں تباہی پھیلی اور اخلاقی اقدار کی پامالی ہوئی لیکن اس کے باوجود مغربی فاتح اقوام نے ان کے ملک کے ساتھ یکجہتی کو فروغ دیا۔
یوآخم گاؤک وفاقی جرمنی کے پہلے ریاستی سربراہ ہوں گے، جو فرانس کے اُس گاؤں کا دورہ کریں گے جسے نازیوں نے تقریباﹰ صفحہء ہستی سے مٹا ہی دیا تھا۔ اورا ڈُور سرگلَن (Oradour sur Glane) نامی یہ گاؤں وسطی فرانس میں واقع ہے۔ یہ گاؤں 10 جون سن 1944 کو نازی مظالم کا شکار ہوا تھا۔ حملے کے بعد وہاں 642 افراد کے گلے کاٹ دیے گئے تھے اور پورے گاؤں میں سے محض چھ افراد اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو سکے تھے۔
یوآخم گاؤک جو سن 1940 میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ اپنے چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ جنگی المیے کیا ہوتے ہیں گاؤک کو اس حوالے سے ابتدائی سبق اوئل عمری ہی مل ہی میں مل گیا تھا، جب ان کے والد کو گرفتار کرکے ایک ’سائبیرین گولاگ‘ (مشقتی کیمپ) میں بھیجا گیا تھا۔ گاؤک کے والد نازی پارٹی کے ایک رکن تھے، جب وہ 1955 میں گھر وآپس لوٹے تو اس وقت وہ ایک ٹوٹے ہوئے شخص لیکن سخت گیر والد بن چکے تھے۔
جرمنی کے کثیر الاشاعتی اخبار ’دی بلڈ‘ نے سابق مشرقی جرمنی سے تعلق رکھنے والے یوآخم گاؤک کو ’دلوں پر راج کرنے والا‘ صدر قرار دیا ہے، جنہوں نے سن 1989 میں دیوار برلن کے انہدام میں بھی اپنا خاموش مگر اہم کردار ادا کیا تھا۔ تاہم جرمن صدر کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر وہ انسانی حقوق کے اتنے ہی بڑے علمبردار ہیں تو انہوں نے اس وقت آواز کیوں نہیں اٹھائی، جب جرمنی میں سن 2011 میں نیو نازی قاتلوں کا انکشاف ہوا تھا۔ یہ نیو نازی گروہ جرمنی میں ترک نژاد شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔
جرمن صدر کی شخصیت کے حوالے سے برلن یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات سے تعلق رکھنے والے ہائیو فونکے کہتے ہیں، ’’ گاؤک کی ساکھ کو ثابت کرنے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ انہوں نے سابقہ مشرقی جرمنی کے سخت گیر معاشرے میں رہتے ہوئے’کلاسیک آمرانہ کمیونزم‘ کی مخالفت کی تھی۔‘‘
جرمن صدر اپنے بچوں اور اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک طویل عرصے سے آسودہ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ان کا جدید جرمن معاشرے کے بارے تصور ان کی کتاب ’’A Plea for Freedom‘‘ سے واضح ہو جاتا ہے۔