جرمن صوبے باویریا کے 400 اسکولوں میں اسلامیات کی تعلیم شروع
7 ستمبر 2021
جرمنی کے جنوبی صوبے باویریا میں کئی سالہ تجرباتی مراحل کے بعد نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ باویریا کے چار سو سے زائد اسکولوں میں طالبا و طالبات کے لیے اسلامیات کی تعلیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اشتہار
باویریا کے دارالحکومت میونخ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ صوبے کے سینکڑوں اسکولوں میں بیک وقت ایک اختیاری مضمون کے طور پر اسلامیات کی تعلیم متعارف کرائی گئی ہے۔
جرمنی میں تعلیمی شعبہ وفاقی حکومت کے بجائے صوبائی حکومتوں کی عمل داری میں آتا ہے، اس لیے تمام 16 وفاقی صوبوں کی حکومتوں کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں اپنی اپنی صوابدید کے مطابق تعلیم کا اہتمام کر سکیں۔
اسکولوں میں اسلامی تعلیم کا خیر مقدم
باویریا کے ثقافت اور تعلیم کے وزیر میشائل پیازولو نے نیوز ایجنسی ای پی ڈی کو بتایا کہ اس جرمن صوبے میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ہزارہا طلبا و طالبات کے لیے اسلامی علوم کی تعلیم کے آغاز کا بڑے مثبت انداز میں خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔
یورپ میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ممالک
امریکی ریسرچ سنٹر PEW کے مطابق یورپ میں مسلم آبادی بڑھ رہی ہے۔ اس وقت یورپ میں مسلمانوں کی آبادی کی شرح 4.9 فیصد ہے جبکہ 2050ء تک یہ 7.5 فی صد تک پہنچ سکتی ہے۔ یورپ کے کن ممالک میں مسلمانوں کی کتنی تعداد آباد ہے؟
تصویر: Nikolay Doychinov/AFP/Getty Images
فرانس: 57.2 لاکھ
تصویر: AP
جرمنی: 49.5 لاکھ
تصویر: Getty Images/S. Gallup
برطانیہ: 41.3 لاکھ
تصویر: picture-alliance/empics/D. Dawson
اٹلی: 28.7 لاکھ
تصویر: Getty Images for Les Benjamins/S. Alemdar
ہالینڈ: 12.1 لاکھ
تصویر: AP
اسپین: 11.8 لاکھ
تصویر: picture-alliance/AA/E. Aydin
بیلجیم: 8.7 لاکھ
تصویر: picture-alliance/dpa/F.Sadones
سویڈن: 8.1 لاکھ
تصویر: Getty Images/AFP/A. Wiklund
بلغاریہ: 7.9 لاکھ
تصویر: Nikolay Doychinov/AFP/Getty Images
یونان: 6.2 لاکھ
تصویر: Getty Images/S. Gallup
10 تصاویر1 | 10
پیازولو نے بتایا کہ اس سال اپریل میں صوبے میں 400 سے زائد مقامات پر اسکولوں کے 17 ہزار سے زائد طلبا و طالبات اسلامیات کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ اب نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ان اسکولوں کی تعداد میں مزید 20 کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جہاں ایک باقاعدہ اختیاری مضمون کے طور پر بچے بچیوں کے لیے اسلامی علوم کی تعلیم ممکن ہو گئی ہے۔
وزیر تعلیم و ثقافت نے بتایا کہ اب باویریا میں مجموعی طور پر کتنے طلبا و طالبات اسلامیات کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اس بارے مین تازہ ترین اعداد و شمار اگلے ماہ اکتوبر کے شروع میں سامنے آ جائیں گے۔
اشتہار
اسلامیات کی ماڈل ایجوکیشن 2009ء سے جاری
اپنی آبادی کے لحاظ سے باویریا کا شمار جرمنی کے بہت متنوع صوبوں میں ہوتا ہے۔ وہاں بہت سے اسکولوں میں ایک تعلیمی ماڈل کے طور پر ہزاروں بچے بچیوں کو اسلامیات کی تعلیم 2009ء سے دی جا رہی تھی۔ اب تاہم ایسے جملہ تعلیمی تجربات سے نتائج اخذ کرتے ہوئے اس مضمون کی تعلیم کو وسعت دیتے ہوئے اس کا سینکڑوں اسکولوں میں باقاعدہ اہتمام کر دیا گیا ہے۔
یورپ کے مشہور مسلمان سیاستدان
جرمن چانسلر کی سیاسی جماعت کے ایک سینئیر اہلکار کے ایک حالیہ بیان نے ہلچل پیدا کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کوئی مسلمان بھی مستقبل کا جرمن چانسلر ہو سکتا ہے۔ اسی تناظر میں یورپ کے کامیاب مسلمان سیاستدانوں پر ایک نظر!
تصویر: Getty Images/AFP/O. Scarff
پاکستانی نژاد برطانوی مسلمہ اور بیرونس
سعیدہ وارثی (سامنے) برطانوی کابینہ میں شامل ہونے والی پہلی مسلمان خاتون تھیں۔ یہ سن دو ہزار دس سے بارہ تک کنزرویٹو پارٹی کی شریک چیئرپرسن بھی تھیں۔ سن دو ہزار اٹھارہ میں وارثی نے وزیر اعظم ٹریزا مے سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی سطح پر قبول کریں کہ ان کی پارٹی کو اسلاموفوبیا کے مسائل کا سامنا ہے۔ ڈاؤننگ سٹریٹ میں ان کی پہلی میٹنگ کے دوران ان کے روایتی پاکستانی لباس کو بھی وجہ بحث بنایا گیا تھا۔
تصویر: Getty Images/AFP/O. Scarff
فرانس اور یورپ کی آواز
مغربی دنیا میں مسلمانوں کی سب سے زیادہ تعداد فرانس میں آباد ہے اور اسلام اس ملک کا دوسرا سب سے بڑا مذہب ہے۔ لیکن آبادی کے لحاظ سے مسلمانوں کا سیاست میں کردار بہت ہی محدود ہے۔ رشیدہ داتی فرانسیسی سیاست میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی چند مسلم شخصیات میں سے ایک ہیں۔ وہ سن دو ہزار سات سے دو ہزار نو تک وزیر انصاف بھی رہیں۔ اس وقت وہ یورپی پارلیمان کی رکن ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/P. Huguen
ایک ڈچ نومسلم
ڈچ سیاستدان جورم وان کلیویرین اسلام کے سخت ناقد تھے۔ انہوں نے اسلام کے خلاف زبردست مہم چلائی تھی۔ لیکن حال ہی میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ایک اسلام مخالف کتاب لکھنے کے دوران مسلمان ہو گئے تھے۔ ہالینڈ کے اسلام مخالف اور بہت متنازعہ سیاستدان گیئرٹ ولڈرز نے اپنے اس دیرینہ ساتھی کے حوالے سے کہا تھا کہ ان کا اسلام قبول کرنا ایسے ہی ہے، جیسے ایک سبزی خور کو مذبحہ خانے میں ملازمت دے دی جائے۔
تصویر: AFP/Getty Images/ANP/B. Czerwinski
ہالینڈ کا مشہور میئر
احمد ابو طالب سن دو ہزار نو میں ڈچ شہر روٹرڈیم کے میئر بنے تھے۔ وہ ہالینڈ کے اولین تارک وطن میئر تھے۔ ابو طالب ان مسلمانوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، جو رہائش کے لیے تو مغرب کا انتخاب کرتے ہیں لیکن آزادی اظہار کے مخالف ہیں۔ نیوز ایجنسی اے این پی کے ایک سروے کے مطابق سن دو ہزار پندرہ میں وہ ہالینڈ کے سب سے مقبول سیاستدان قرار پائے تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Maat
اور برطانیہ میں
صادق خان سن دو ہزار سولہ سے لندن کے میئر ہیں۔ وہ سن دو ہزار پانچ سے سن دو ہزار سولہ تک لیبر پارٹی کی طرف سے رکن پارلیمان بھی رہے۔ بریگزٹ مہم میں ان کا موقف یہ تھا کہ یورپی یونین میں ہی رہا جائے۔ انہیں سن دو ہزار سولہ میں سال کا بہترین سیاستدان قرار دیتے ہوئے برٹش مسلم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ ایک باعمل مسلمان ہیں اور باقاعدگی سے مسجد بھی جاتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Yui Mok
جرمنی کا ’سیکولر مسلمان‘
ترک نژاد جرمن سیاستدان چَيم اؤزديمير گزشتہ کئی برسوں سے گرین پارٹی کا نمایاں ترین چہرہ ہیں۔ وہ سن دو ہزار آٹھ سے سن دو ہزار اٹھارہ تک اس ماحول پسند جرمن سیاسی جماعت کے شریک سربراہ بھی رہے ہیں۔ وہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے دور اقتدار میں ترکی کے یورپی یونین کا حصہ بننے کے بھی خلاف ہیں۔ وہ خود کو ایک ’سیکولر مسلم‘ کہلوانا پسند کرتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Hirschberger
6 تصاویر1 | 6
بچوں کو اسلامیات کی یہ تعلیم جرمن زبان میں جرمنی ہی میں تربیت یافتہ سینکڑوں مرد اور خواتین اساتذہ دیں گے۔ اس کے علاوہ اسی منصوبے کے تحت طلبا و طالبات کو اختیاری مضامین کے طور پر دیگر بڑے عالمی مذاہب کی تعلیم بھی دی جائے گی۔
اے ایف ڈی کی طرف سے مقدمہ
میونخ میں باویریا کی حکومت کے صوبائی اسکولوں میں اسلامیات کی تعلیم کے دائرہ کار میں اس اضافے کے فیصلے کے خلاف اے ایف ڈی نامی جماعت کی طرف سے مقدمہ بھی دائر کر دیا گیا تھا۔ اے ایف ڈی یا 'متبادل برائے جرمنی‘ انتہائی دائیں بازو کی ایک ایسی سیاسی جماعت ہے، جو جرمنی میں تارکین وطن کی آمد اور اسلام کے خلاف ہے۔
'متبادل برائے جرمنی‘ نے یہ مقدمہ باویریا کی آئینی عدالت میں دائر کیا تھا۔ اس عدالت نے اگست کے اواخر میں اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اے ایف ڈی کا اعتراض غلط ہے اور حکومت کا اسکولوں میں اسلامیات کی تعلیم کے انتظام کا فیصلہ درست ہے۔
م م / ع ا (ای پی ڈی)
اسلام مخالف سیاسی پارٹی اے ایف ڈی کے بارے میں اہم حقائق
مہاجرت اور اسلام مخالف سیاسی پارٹی متبادل برائے جرمنی ملکی سیاست میں ایک نئی قوت قرار دی جا رہی ہے۔ اس پارٹی کے منشور پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Weigel
مہاجرت مخالف
اے ایف ڈی کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں کو بند کر دینا چاہیے تاکہ غیر قانونی مہاجرین اس بلاک میں داخل نہ ہو سکیں۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملکی سرحدوں کی نگرانی بھی سخت کر دی جائے۔ اس پارٹی کا اصرار ہے کہ ایسے سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کو فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے، جن کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔
تصویر: Reuters/T. Schmuelgen
یورپی یونین مخالف
متبادل برائے جرمنی کا قیام سن دو ہزار تیرہ میں عمل میں لایا گیا تھا۔ اس وقت اس پارٹی کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ یورپی یونین کے ایسے رکن ریاستوں کی مالیاتی مدد نہیں کی جانا چاہیے، جو قرضوں میں دھنسی ہوئی ہیں۔ تب اس پارٹی کے رہنما بیرنڈ لوکے نے اس پارٹی کو ایک نئی طاقت قرار دیا تھا لیکن سن دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں یہ پارٹی جرمن پارلیمان تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی تھی۔
تصویر: Getty Images/S. Gallup
دائیں بازو کی عوامیت پسندی
’جرمنی پہلے‘ کا نعرہ لگانے والی یہ پارٹی نہ صرف دائیں بازو کے انتہا پسندوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں ہے بلکہ یہ ایسے افراد کو بھی اپنی طرف راغب کرنے کی خاطر کوشاں ہے، جو موجودہ سیاسی نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔ کچھ ماہرین کے مطابق اے ایف ڈی بالخصوص سابق کمیونسٹ مشرقی جرمنی میں زیادہ مقبول ہے۔ تاہم کچھ جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ پارٹی جرمنی بھر میں پھیل چکی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Berg
علاقائی سیاست میں کامیابیاں
اے ایف ڈی جرمنی کی سولہ وفاقی ریاستوں میں سے چودہ صوبوں کے پارلیمانی اداروں میں نمائندگی کی حامل ہے۔ مشرقی جرمنی کے تمام صوبوں میں یہ پارٹی ایوانوں میں موجود ہے۔ ناقدین کے خیال میں اب یہ پارٹی گراس روٹ سطح پر لوگوں میں سرایت کرتی جا رہی ہے اور مستقبل میں اس کی مقبولیت میں مزید اضافہ ممکن ہے۔
تصویر: Reuters
نیو نازیوں کے لیے نیا گھر؟
اے ایف ڈی جمہوریت کی حامی ہے لیکن کئی سیاسی ناقدین الزام عائد کرتے ہیں کہ اس پارٹی کے کچھ ممبران نیو نازی ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں۔ یہ پارٹی ایک ایسے وقت میں عوامی سطح پر مقبول ہوئی ہے، جب انتہائی دائیں بازو کے نظریات کی حامل پارٹیاں تاریکی میں گم ہوتی جا رہی ہیں۔ ان میں این پی ڈی جیسی نازی خیالات کی حامل پارٹی بھی شامل ہے۔
تصویر: picture alliance/AA/M. Kaman
طاقت کی جنگ
تقریبا پانچ برس قبل وجود میں آنے والی اس پارٹی کے اندر طاقت کی جنگ جاری ہے۔ ابتدائی طور پر اس پارٹی کی قیادت قدرے اعتدال پسندی کی طرف مائل تھی لیکن اب ایسے ارکان کو پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ ناقدین کے مطابق اب اس پارٹی کے اہم عہدوں پر کٹر نظریات کے حامل افراد فائز ہوتے جا رہے ہیں۔ ان میں اس پارٹی کی موجودہ رہنما ایلس وائڈل بھی شامل ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Kappeler
پيگيڈا کے ساتھ ناخوشگوار تعلقات
اے ایف ڈی اور مہاجرت مخالف تحریک پیگیڈا کے باہمی تعلقات بہتر نہیں ہیں۔ پیگیڈا مشرقی جرمن شہر ڈریسڈن میں باقاعدہ بطور پر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ تاہم اے ایف ڈی نے پیگیڈا کے کئی حامیوں کی حمایت بھی حاصل کی ہے۔ تاہم یہ امر اہم ہے کہ پیگیڈا ایک سیاسی پارٹی نہیں بلکہ شہریوں کی ایک تحریک ہے۔
تصویر: picture alliance/dpa/S. Kahnert
میڈیا سے بے نیاز
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بریگزٹ رہنما نائیجل فاراژ کی طرح جرمن سیاسی پارٹی اے ایف ڈی کے رہنما بھی مرکزی میڈیا سے متنفر ہیں۔ اے ایف ڈی مرکزی میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ دوستانہ تعلقات بنانے کے لیے کوشش بھی نہیں کرتی بلکہ زیادہ تر میڈیا سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دینا بھی مناسب نہیں سمجھتی۔