1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن علاقے زاؤرلینڈ میں مسلمانوں کی درجنوں قبروں کی بےحرمتی

مقبول ملک ب ج
3 جنوری 2022

جرمنی کے مغربی علاقے زاؤرلینڈ کے شہر اِیزرلوہن میں نامعلوم افراد نے ایک مقامی قبرستان کے مسلمانوں کی تدفین کے لیے مخصوص حصے میں تقریباﹰ تیس قبروں کی بےحرمتی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی اور بہت سے کتبے بھی گرا دیے۔

Muslims Graves Iserlohn Germany
تصویر: Markus Klümper/dpa/picture alliance

اِیزرلوہن جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں زاؤرلینڈ کے خطے کا ایک ایسا شہر ہے، جس کی آبادی 93 ہزار کے قریب ہے۔ پولیس کے مطابق مسلمانوں کی درجنوں قبروں کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں بےحرمتی کا یہ واقعہ اس شہر کے مرکزی قبرستان کے اس حصے میں پیش آیا، جو مسلمانوں کی تدفین کے لیے مختص ہے۔

یورپ کے سب سے بڑے مسلم قبرستانوں میں سے ایک آئندہ ہالینڈ میں

ابتدائی چھان بین کے مطابق مسلمانوں کی تقریباﹰ 30 قبروں کی بےحرمتی اور توڑ پھوڑ جمعہ اکتیس دسمبر اور ہفتہ یکم جنوری کے درمیان ممکنہ طور پر شام کے وقت کی گئی۔

شہر ہاگن میں وفاقی دفتر استغاثہ کی مقامی شاخ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حکام کو اس واقعے کی اطلاع نئے سال کے پہلے دن شام کے وقت ملی اور اس کے بعد سے نامعلوم ملزمان کے خلاف چھان بین جاری ہے۔ ابھی تک اس واقعے کے ذمے دار ملزمان کا کوئی پتہ نہیں چلا۔

جرمنی میں مُردوں کی تدفین، بڑھتا ہوا مسئلہ

تصویر: Alex Talash/dpa/picture alliance

ابدی نیند میں خلل

ہاگن میں دفتر استغاثہ نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں نامعلوم ملزمان نے ان قبروں پر روایتی آرائش کے لیے نصب کردہ سامان کے علاوہ وہاں رکھے گئے پھولوں کے بہت سے گملے بھی توڑ دیے۔ دفتر استغاثہ کے مطابق اس مجرمانہ کارروائی کے مرتکب افراد نہ صرف درجنوں قبروں کی بےحرمتی اور مادی نقصانات کا باعث بنے بلکہ گرفتاری کی صورت میں انہیں وہاں دفن مسلمانوں کی 'ابدی نیند میں خلل‘ کے لیے بھی جواب دہ ہونا پڑے گا۔

جرمنی میں مسلمانوں کے زیر انتظام پہلا قبرستان

حکام  نے اس بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات یا شواہد کے حامل افراد سے اِیزرلوہن پولیس یا ہاگن میں اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے دفتر سے رابطہ کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

سولہ وفاقی صوبوں پر مشتمل اور مجموعی طور پر تقریباﹰ 83 ملین کی آبادی والے ملک جرمنی کے مغرب میں واقع نارتھ رائن ویسٹ فلیا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ ہے، جہاں تقریباﹰ 18 ملین باشندے رہتے ہیں۔ اس تناسب سے ملک میں دوسری سب سے بڑی مذہبی اقلیت کے طور پر آباد تقریباﹰ پانچ ملین مسلمانوں کی ایک بہت بڑی تعداد بھی اسی صوبے میں رہتی ہے۔

جس قبرستان میں قبروں کی بےحرمتی کی گئی، وہاں اگلے روز مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک مذمتی تقریب بھی منعقد کی گئیتصویر: Alex Talash/dpa/picture alliance

جرمن وزیر زراعت کی طرف سے بھرپور مذمت

اِیزرلوہن میں مسلمانوں کی قبروں کی بےحرمتی کے اس واقعے کی بہت سے جرمن سیاستدانوں کی طرف سے بھرپور مذمت کی گئی ہے۔ موجودہ وفاقی مخلوط حکومت میں شامل گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر زراعت اور نسلی طور پر خود بھی ترک نژاد جرمن برادری سے تعلق رکھنے والے چَیم اوئزدیمیر نے قبروں کی بےحرمتی کے اس واقعے کو مسلمانوں کے خلاف ایک 'بزدلانہ جرم‘ کا نام دیا ہے۔

جرمن وزیر زراعت نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ''اِیزرلوہن میں مسلمانوں کی قبروں کی بےحرمتی انتہائی قابل مذمت اور ایک بزدلانہ جرم ہے۔ میں ان تمام خاندانوں کے غم و غصے میں برابر کا شریک ہوں، جن کے پیاروں کی قبروں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ مجھے اس بات کا پوری طرح احساس ہے کہ آپ اس وقت کیسا محسوس کر رہے ہوں گے۔ لیکن آپ تنہا نہیں ہیں اور ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں