جرمن فائر بریگیڈ نے گٹر کے ڈھکن میں پھنسی گلہری کو بچا لیا
11 اپریل 2023
جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں فائر بریگیڈ کے کارکنوں نے ایک سڑک پر ایک گٹر کے فولادی ڈھکن میں پھنسی گلہری کو بچا لیا۔ امدادی عملے کے مطابق ممکن ہے یہ وہی گلہری ہو جسے انہوں نے ایسی ہی ایک مشکل میں چار سال پہلے بھی بچایا تھا۔
تصویر: Feuerwehr Dortmund/AP/picture alliance
اشتہار
ڈورٹمنڈ میں فائر بریگیڈ کے شعبے کی طرف سے منگل 11 اپریل کے روز بتایا گیا کہ اسے سرخ رنگ کی اس گلہری کے ایک مین ہول کے ڈھکن میں پھنسے ہونے کی اطلاع ایک خاتون راہ گیر نے دی تھی۔
اس جانور کو وہاں پھنسے ہوئے دیکھ کر پہلے تو اس خاتون نے خود اسے رہائی دلانے کی کوشش کی، لیکن جب وہ کامیاب نہ ہو سکی تو اس نے ایمرجنسی نمبر پر فون کر کے فائر بریگیڈ کے عملے کو بلا لیا۔
یہ گلہری گٹر کے ڈھکن میں اتنی بری طرح پھنسی ہوئی تھی کہ عام طور پر بہت شرمیلا سمجھا جانے والا یہ ننھا سا جانور بہت چڑچڑا اور بدگمان ہو گیا تھا۔ فائر بریگیڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس خوف زدہ گلہری نے شروع میں اپنی مدد کرنے والی خاتون راہ گیر کو کاٹنے کی کوشش بھی کی تھی۔
اس پر خاتون نے عقل مندی یہ کی کہ اس نے اس جانور کو اپنی شال سے ڈھانپ دیا تاکہ وہ کچھ پرسکون ہو جائے اور اس کے بعد ہی اس نے ایمرجنسی نمبر پر کال کی تھی۔
گلہری کو عموماﹰ بہت شرمیلا جانور سمجھا جاتا ہےتصویر: Waltraud Grubitzsch/dpa/picture alliance
فائر بریگیڈ کی مشکل
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی تو فوراﹰ ہی موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارکنوں نے بڑی احتیاط سے مین ہول کا ڈھکن بھی اٹھا لیا تاکہ اس گلہری کو بچایا جا سکے۔
لیکن فائر بریگیڈ کے بیان کے مطابق، ''اس ننھے سے جانور کو رہائی دلانا اس لیے بہت پیچیدہ عمل ہو گیا تھا کہ یہ گلہری انتہائی بےصبری ہو چکی تھی اور اپنے بچانے والوں سے تعاون نہیں کر رہی تھی۔‘‘
لیکن پھر امدادی کارکنوں کی کوششیں کامیاب ہو ہی گئیں، اس گلہری کو زخمی ہوئے بغیر رہائی ملی تو ایک ہی لمحے میں وہ چھلانگیں بھرتی قریبی درختوں میں غائب ہو گئی۔
آئیے دیکھتے ہیں دل کو چھونے والی چند جانوروں کی مزاحیہ تصاویر جو کامیڈی وائلڈ لائف فوٹوگرافی ایوارڈز جیتنے والوں اور فائنلسٹ نے کھینچی ہیں۔
تصویر: Arthur Telle Thiemann/Comedy Wildlifephoto 2022
مشکل میں گھرا بلی کا بچہ
آپ اکثر بلیوں کو درختوں پر چڑھتا اور اترتا دیکھتے ہیں۔ یہ تین ماہ کا بلی کا بچہ درخت سے نیچے اترنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن اس کا زمین پر آنا اتنا آسان نہیں تھا۔2022ء میں کامیڈی وائلڈلائف فوٹوگرافی کا ایوارڈ جیتنے والی جینیفر ہیڈلی کا کہنا تھا کہ یہ جب خوش قسمتی سے زمین پر آیا تو ٹھیک تھا اور پھر وہاں موجود بلی کے دیگر بچوں کے ساتھ فرار ہو گیا۔
تصویر: Jennifer Hadley/Comedy Wildlifephoto 2022
جینٹو پینگوئن
جینیفر ہیڈلی نے فاک لینڈ جزائر پر کھینچی گئی جینٹو پینگوئن کی اس تصویر کی وجہ سے افینیٹی فوٹو ٹو پیپلز چوائس ایوارڈ بھی جیتا تھا۔اس امریکی فوٹو گرافر نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ دنیا بھر کے جنگلی حیات کو اپنے کیمرے میں قید کرنے کے لیے ان کو سفر کرنا بےحد پسند ہے۔
تصویر: Jennifer Hadley/Comedy Wildlifephoto 2022
اڑنے والا گھوڑا
کیولادیو نیشنل پارک شمال مغربی بھارت میں واقع ہے۔ یہ علاقہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں بھی شامل ہے۔ اس 3000 ہیکڑ کے دلدلی علاقے میں پرندوں کی سینکڑوں اقسام پائی جاتی ہیں۔ یہ تصویر بھارتی فوٹوگرافر جگدیپ راجپوت نے کھینچی تھی۔
تصویر: Jagdeep Rajput/Comedy Wildlifephoto 2022
جمپنگ جیک
یہ گلہری شاندار طریقے سے ہوا میں پرواز کر رہی ہے۔ اس کے اردگرد بارش کے قطرے اس منظر کو اور بھی دلکش بنا رہے ہیں۔ یہ تصویر نیدرلینڈز کے شہر ماس ہورسٹ میں لی گئی تھی۔اس کیمرے کے لینس کے پیچھے ڈچ نیچر فوٹوگرافر الیکس پانسیئر تھے۔ وہ اس تصویر کو جمپنگ جیک کا نام دیتے ہیں۔
تصویر: Alex Pansier/Comedy Wildlifephoto 2022
آنکھ مارنا
فوٹوگرافر کیون لوہمن کا سان خوزے، کیلیفورنیا میں اس لومڑی سے آمنا سامنا ہوا تھا۔ یہ امریکی سرخ لومڑی اچانک جنگل کی طرف سے آئی اور وہاں بیٹھ گئی، پیچھے مڑ کر دیکھا اور فوٹوگرافر لوہمن کی طرف آنکھ مار کر واپس جنگل میں غائب ہو گئی۔
تصویر: Kevin Lohman/Comedy Wildlifephoto 2022
سب کو سلام
ایسا لگتا ہے کہ یہ پیارا 'کامریڈ' کسی فوٹوگرافر کے ساتھ بات چیت بھی کر رہا ہے۔ چیک فوٹوگرافر میروسلاو سرب کہتے ہیں کہ انہوں نے فلوریڈ کے ایک ساحل پر ریکون کی تصویر کھینچی اور اس کے بعد اسے کھانا بھی کھلایا، ’’ پھر اس بے زبان نے میرا اس طریقے سے شکریہ ادا کیا۔‘‘
تصویر: Miroslav Srb/Comedy Wildlifephoto 2022
بندروں کا ویل نیس سینٹر
اطلالوی فیدیریکا ونچی نے کمبوڈیا میں سیم ریپ کے قریب انگکور تھوم کے باپہون مندر میں اس بندر کی یہ دل فریب تصویر کھنیچی تھی، جس میں وہ آرام کرتا ہوا اپنے ساتھی کے سینے پر ہاتھ پھیر رہا ہے۔ یہ گیارہویں صدی کا مندر ان بندروں کی رہائش گاہ ہے۔
تصویر: Federica Vinci/Comedy Wildlifephoto 2022
کمچاٹکا ریچھ
اٹلی سے تعلق رکھنے والے پاؤلو مینگوسا نے ان تین بھورے ریچھوں سے روسی جزیرہ نما کمچاٹکا کی جھیل کوریا میں ملاقات کی۔ یونانی اساطیر میں تین سروں والے خونخوار شکاری کتوں کا ذکر ہے اور کہا جاتا ہے کہ یہ کمچاٹکا ریچھ انہی کی یاد دلاتے ہیں۔
تصویر: Paolo Mignosa/Comedy Wildlifephoto 2022
'سےچیییز'
اسپین سے تعلق رکھنے والے آرتھر ٹیل تھیمن کی جانب سے لی گئی اس تصویر کو 'سے چیییز' کا نام دیا گیا ہے، جس میں بظاہر مسکراتی ہوئی سرمئی رنگ کی ٹریگر فش دکھائی دے رہی ہیں۔ تاہم ان کی دلکش مسکراہٹ سے دھوکہ نہ کھائیں۔ فوٹوگرافر بتاتے ہیں کہ یہ صرف مضحکہ خیز لگتی ہیں لیکن حقیقت میں یہ مھچلیاں کافی جارحانہ ہو سکتی ہیں۔
تصویر: Arthur Telle Thiemann/Comedy Wildlifephoto 2022
9 تصاویر1 | 9
چار سال پہلے والی گلہری؟
ڈورٹمنڈ میں فائر بریگیڈ کے عملے کے لیے یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ اس نے کسی مین ہول میں بنے سوراخ میں پھنسی کسی گلہری کی جان بچائی ہو۔ بالکل ایسا ہی ایک واقعہ 2019ء میں بھی پیش آیا تھا۔
تب امدادی کارکنوں کو مجبوراﹰ ایک ویٹرنری ٹیم کو بلانا پڑ گیا تھا، جس نے پہلے ٹیکہ لگا کر اس گلہری کو بے ہوش کیا تھا اور پھر اس رہائی دلا کر اس کو آنے والے معمولی زخموں پر دوائی بھی لگا دی تھی۔
فائر بریگیڈ نے اپنے بیان میں کہا، ''یہ واضح نہیں کہ آیا آج بچائی جانے والی گلہری وہی تھی، جسے بالکل اسی طرح کی تکلیف دہ صورت حال میں چار سال پہلے بھی بچایا گیا تھا۔‘‘
تاہم امدادی ٹیم کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ گلہری، گٹر، ڈھکن، سوراخ میں پھنسا ہونا، خوف اور بےصبری، سب کچھ تو ویسا ہی ہے، شاید یہ وہی چار سال پہلے والی گلہری ہی تھی۔
م م / ع ا (رچرڈ کونر)
دوران سفر جانوروں سے آمنا سامنا ہو جائے تو کیا کرنا چاہیے؟
چھٹیاں گزارنے کے دوران جانوروں کے ساتھ ٹاکرا دلچسپ ہو سکتا ہے، چاہے وہیل مچھلی کا نظارہ ہو یا لاما کے ساتھ پیدل چلنے کا موقع۔ آئیے جانتے ہیں کچھ ایسی جگہوں کے بارے میں، جہاں آپ ان جانداروں کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔
تصویر: Firn/Zoonar/picture alliance
جب پالتو کتے شریکِ سفر ہوں
جانوروں کو اپنے ساتھ سفر پر لے جانا کوئی آسان کام نہیں۔ اکثر ایسا کرنے پر طویل کاغذی کارروائی اور اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یورپ میں انسان کے اس بہترین دوست کے ساتھ سفر کرنا بہت سہل ہے۔ کئی ممالک میں ان پالتو کتوں کے لیے رہائش کے مناسب انتظام موجود ہیں۔ جرمنی میں ایسے ساحلی علاقے بھی موجود ہیں، جو کتوں کے لیے مختص ہیں۔ ان ساحلوں پر وہ دوسرے کتوں کے ساتھ گھل مل سکتے ہیں۔
تصویر: Firn/Zoonar/picture alliance
جنگل میں گھوڑے کی سواری
جرمنی، فرانس، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں گھڑ سواری کرنے کے لیے مخصوص راستے بنائے گئے ہیں۔ گھوڑوں سے محبت کرنے والے افراد کے لیے اس طرح کے قدرتی ماحول میں کئی دن گزارنا خوشی کی بات ہو سکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے گھوڑے اور گھڑ سوار دونوں کو تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ رات گزارنے کے لیےگھوڑوں اور سواروں کے لیے مخصوص جگہ کا انتظام کیا جاتا ہے اور کبھی کھلے آسمان تلے بھی رات گزاری جا سکتی ہے۔
تصویر: Kay Nietfeld/dpa/picture alliance
لاما کے ساتھ پیدل سفر
لاما ایک مضبوط جسامت کا حامل جانور ہے اور جنوبی امریکہ کی اینڈیز کی پہاڑیاں اس کا مسکن ہیں۔لاما پہاڑوں پر ہائیکنگ کے شوقین یورپی شہریوں کے ساتھ اکثر ہوتے ہیں، خاص طور پر آسٹریا کے مشہور پہاڑی سلسلے ’ایلپس‘ پر۔ تاہم اس جانور کو پالنے کی اجازت نہیں۔
جب سیاحوں کو ایسے جانوروں کا سامنا ہوتا ہے تو انہیں ہمیشہ ان کا خیال رکھنا چاہیے۔ سیاحت کی صنعت میں جانوروں کو ایذا پہنچانے کی ایک مثال ہمیں یونانی جزیرے سینٹورینی میں دیکھنے کو ملتی ہے، جہاں گدھے پر سوار سیاح انہیں سخت ترین راستوں پر لے جاتے ہیں۔جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے گروپ کئی برسوں سے اس کاروبار کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن ابھی تک کامیابی ان کا مقدر نہیں بن سکی۔
جرمنی کا شمالی سمندری جزیرہ ہیلگولینڈ یورپ میں گرے سیل کی سب سے بڑی کالونی ہے۔ یہ اس خوبصورت جانور کو قریب سے دیکھنے کے لیے بہترین جگہ ہے۔ دسمبر کے مہینے میں اس جزیرے کےکنارے اس سمندری جانور کے نومولود بچے دیکھنے کو ملتے ہیں جو اپنی نرم ملائم جلد میں انتہائی دلکش نظر آتے ہیں۔ سیاحوں کو انہیں 30 میٹر (تقریبا 100 فٹ) کے فاصلے سے دیکھنے کی اجازت ہے۔
تصویر: W. Rolfes/imageBROKER/picture alliance
پرندوں کا نظارہ
اکثر سیاحوں کے لیے شاید صبح سویرے اٹھنا یا غروب آفتاب کے وقت کسی ایسی جگہ جا کر پرندوں کا انتظار کرنا شاید دلچسپ نہ ہو لیکن رنگ برنگی پرندے دیکھنے کے شوقین افراد کے لیے یہ منظر قابل دید ہو گا۔ یورپ میں ہجرت کر کے آنے والے کئی نایاب پرندے دیکھنے کو ملتے ہیں۔
تصویر: RAUL ARBOLEDA/AFP/Getty Images
وہیل دیکھنا
وہیل کو آئرلینڈ کے ساحلوں، پرتگال کے آزورس یا آئس لینڈ کے پانیوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ موسم گرما اس سمندری جانور کو دیکھنے کا بہترین موسم ہوتا ہے۔ بوٹ آپریڑز کی کوشش ہوتی ہے کہ وہیل کو پریشان نہ کیا جائے اسی لیے وہ بغیر آواز والی کشتیوں کا استعمال کرتے ہیں۔ اس کی بہترین مثال آئس لینڈ میں اوک کی لکڑی کی کشتیاں ہیں، جن میں کھانا پکانے کے تیل کو ری سائیکل کر کے ایندھن کے طور پر استعال کیا جاتا ہے۔
تصویر: Jakub Mrocek/Zoonar/picture alliance
ریچھ کے نظارے
ریچھ کو دیکھنا ایک منفرد تجربہ ہو سکتا ہے لیکن اسے دیکھنے کے چند رہنما اصول بھی ہیں۔ اپنا موبائل فون بند کر دیں، خاموشی اختیار کریں، حرکت نہ کریں اور انتظار کریں۔ یورپ کے ملک سلووینیا میں تقریبا 1500 کے قریب بھورے رنگ کہ ریچھ پائے جاتے ہیں۔ لہذا کسی اور ملک کے مقابلے یہاں اس طاقتور جانور کو دیکھنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
اگر آپ برفیلے موسم میں ناروے یا فن لینڈ گھومنے کی خواہش رکھتے ہیں اور ڈاگ سلیجنگ ٹیم کے ساتھ یہ تجربہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اپنے ساتھ لمبے انڈرویئر رکھنا نہ بھولیں۔ ڈاگ سلیج ڈرائیور کے ساتھ ہسکی کو تیار کرنے کی روایت اور کتوں کو باندھنا سیکھیں اور پھر ڈاگ سلیجنگ کریں۔اگر آپ خوش قسمت ہوئے تو آپ کو رات کے وقت قطبی روشنیاں جنہیں اؤرورا بوریئلس کہتے ہیں، بھی دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔
چڑیا گھر اور ایکویریئم ہر عمر کے لوگوں خصوصا بچوں کی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں۔ ویانا کے شونبرون چڑیا گھر کو یورپ کا سب سے بڑا چڑیا گھر قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح یورپ کا سب سے بڑا ایکویریئم اسپین کے شہر ویلنسیا میں واقع ہے۔ زیر آب ٹاورز اہم ماحولیاتی نظام کی نمائش کرتے ہیں اور یہاں آنے والے لوگ ایک سرنگ کے ذریعے اس دلکش سمندری دنیا کو دیکھ سکتے ہیں۔