1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال لیگ: لیورکوزن، میونخ اور ہینوور سرفہرست

عدنان اسحاق15 ستمبر 2014

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے تیسرے میچ ڈے کے اختتام پر تین ٹیمیں سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ ان میں بائر لیورکوزن، بائرن میونخ اور ہینوور 96 شامل ہیں۔

تصویر: Getty Images/AFP/Ronny Hartmann

بنڈس لیگا کے تیسرے میچ ڈے کے دوران ہینوور نے ہیمبرگ کی ٹیم کو دو صفر سے شکست دی۔ میزبان ٹیم ہینوورکو یہ میچ جیتنے میں کسی خاص دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس طرح اب پوائٹس ٹیبل پر ہینوور بھی لیورکوزن اور میونخ کے برابر آ گئی ہے۔ تاہم ہیمبرگ اس فہرست میں بدستور سب سے آخری مقام پر ہے۔

اتوار کے روز ایک اور میچ آؤگسبرگ کو اس سیزن کا اپنا پہلا پوائنٹ آئنٹراخٹ فرینکفرٹ پر ایک صفر کی برتری کے بعد حاصل ہوا۔ اس میچ میں شروع سے آخر تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر مسلسل حملے کرتی رہیں تاہم میچ کے 49 ویں منٹ میں ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے راؤل بوبادیا نے آؤگسبرگ کی جانب سے میچ کا واحد گول کر دیا۔

میچ کے بعد آئنٹراخٹ فرینکفرٹ کے کوچ تھوماس شاف نے کہا، ’’ کھیل کے دوران بہت سی غلطیاں ہوئی ہیں اور اسی کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔‘‘ موجودہ سیزن میں آئنٹراخٹ کی یہ پہلی شکست تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شکست کے بارے میں ان کے پاس کوئی توجیہہ نہیں ہے جبکہ دوسری جانب آؤگسبرگ کے کوچ مارکوس وائنزیئرل کا کہنا تھا، ’’ ہم نے میچ کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقعے کا انتظار کیا۔ ہمیں ٹیم پر بھروسہ تھا اورنتیجے نے یہ ثابت کر دیا ہے۔‘‘

تصویر: Getty Images

ہفتے کے روز بائرن میونخ نے اشٹٹ گارٹ کو دو صفر سے شکست دی تھی۔ ماریو گوٹزے نے پہلی ہاف میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تھی جبکہ کھیل ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل فرانک ریبیری نے میونخ کی جانب سے دوسرا گول کر کے اشٹٹ گارٹ کی شکست یقینی بنا دی۔ فرانک ریبیری بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے۔

اس کے علاوہ ہفتے کے دن کھیلے گئے ایک اور میچ میں بوروسیا ڈورٹمنڈ نے فرائی برگ کو تین ایک سے شکست دی جبکہ جمعے کی شب لیورکوزن اور بریمن کے مابین کھیلا جانے والا میچ تین تین گولوں سے برابر رہا۔

اس میچ ڈے دوران کھیلے جانے والے دیگر میچوں میں مائنز نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں تین جبکہ مؤنش گلاڈباخ نے اپنے کمزور حریف شالکے کو چار ایک کے واضح فرق سے شکست دی۔ پاڈربون اور کولون کے مابین ایک دوسرے سے آگے نکلنے کا مقابلہ بغیر کسی گول کے اختتام پذیر ہوا اور اسی طرح وولفسبرگ اور ہوفن ہائیم بھی نوے منٹ کے دوران ایک دوسرے کے خلاف گول نہیں کر سکے۔

پوائنٹس ٹیبل پر بائر لیورکوزن، بائرن میونخ اور ہینوور 96 سات سات پوائٹس کے ساتھ سر فہرست ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں