1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال ٹیم کے کپتان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ندیم گِل19 جولائی 2014

جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان فیلیپ لاہم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے جرمن فٹ بال فیڈریشن کو اس فیصلے سے مطلع کر دیا ہے۔ جرمن ٹیم نے لاہم کی قیادت میں ہی حالیہ فٹ بال ورلڈ کپ جیتا ہے۔

تصویر: ROBERT MICHAEL/AFP/Getty Images

تیس سالہ فیلیپ لاہم نے جمعے کو جرمن فٹ بال فیڈریشن (ڈی ایف بی) کے صدر وولف گانگ نیرزباخ کو ٹیلی پر اپنے اس فیصلے سے مطلع کیا۔

نیرزباخ نے فیلیپ لاہم کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے ردِ عمل میں کہا ہے: ’’مجھے گفتگو کے آغاز پر ہی پتہ چل گیا تھا کہ انہیں یہ فیصلہ واپس لینے پر قائل کرنے کی کوشش کرنا بے سود ہو گا۔‘‘

نیرزباخ نے مزید کہا: ’’وہ قومی ٹیم کے ساتھ دس برس کے عرصے میں محض زبردست کھلاڑی ہی نہیں رہے بلکہ ایک مکمل رول ماڈل بھی رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی بی ایف کے لیے جو کامیابیاں سمیٹیں، ان کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔‘‘

ڈی ایف بی نے اپنی ویب سائٹ پر لاہم کا بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سیزن کے دوران ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے قومی ٹیم کے کوچ یوآخم لوو کو پیر کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔

جرمنی نے فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کو شکست دیتصویر: AFP/Getty Images

لاہم کا مزید کہنا تھا: ’’میں اس بات پر خوش ہوں اور شکرگزار ہوں کہ قومی ٹیم کے ساتھ میرا کیریئر برازیل میں ورلڈ کپ کی جیت پر اختتام پذیر ہوا ہے۔‘‘

جرمنی کے فارورڈ کھلاڑی لوکاس پوڈلسکی نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے: ’’قومی ٹیم میں دس سال، بائرن کے لیے تین سال، فیلیپ تمہارے ساتھ ایک ٹیم میں کھیلنا بہت ہی زبردست رہا ہے۔‘‘

لاہم 113میچز میں جرمنی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے پہلا میچ اٹھارہ فروری 2004ء کو کروشیا کے خلاف کھیلا تھا جو جرمنی نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیتا تھا۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انہوں نے ہر میچ کا آغاز کیا، تراسی میں فاتح رہے جبکہ انہیں صرف تیرہ مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جرمن کلب بائرن میونخ کے کوچ پیپ گارڈیولا نے ایک مرتبہ کہا تھا کہ انہوں نے جتنے کھلاڑیوں کی تربیت کی، لاہم ان میں سے ذہین ترین ہیں۔

جرمنی نے گزشتہ اتوار کو برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کو اضافی وقت میں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں