لفتھانزا کے گراؤنڈ اسٹاف کی ملک گیر ہڑتال
5 فروری 2024
ورکرز یونین کے مطابق اس ہڑتال کا اطلاق بدھ کے روز صبح 4 بجے سے لیکر جمعرات کی صبح 7:10 تک ہوگا۔ اس ہڑتال کے سبب جرمنی کے مصروف ترین فرینکفرٹ ایئرپورٹ سمیت میونخ، ہیمبرگ، برلن اور ڈسلڈورف ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہے گا۔
لفتھانزا کے ترجمان کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اس ہڑتال کے دورانیے میں کُل کتنی پروازیں منسوخ کی جائیں گی۔ تاہم ان کے مطابق ایئر لائن کی جانب سے روزانہ 3,000 پروازوں کی آمد اور روانگی کا انتظام کیا جاتا ہے جن کے ممکنہ طور پر اس ہڑتال سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان کے مطابق، "منسوخ اور متاثر ہونے والی پروازوں کی تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔"
جرمنی کی قومی ایئرلائن لفتھانزا کے زمینی عملے کے لیے سرگرم یونین، کمپنی کی دیگر شاخوں کی طرح اس وقت اپنے مطالبات کے لیے مذکرات کر رہی ہے۔
اس ورکرز یونین کا مطالبہ ہے کہ ان سے جڑے پچیس ہزار کارکنوں کی اجرت میں 12.5 فیصد تک کا اضافہ یقینی بنایا جائے، یا کمپنی کارکنوں کی ماہانہ اجرت میں 500 یورو اضافے کے ساتھ 3000 یورو مہنگائی بونس کی ادائیگی بھی ممکن بنائے۔
یونین نے استدلال کیا ہے کہ روزمرہ کی قیمتوں میں اضافے اور عملے کی کمی کی وجہ سے عملے کو بھاری کام کے بوجھ کا سامنا ہے جو حالیہ تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کا سبب ہے۔
یاد رہے کہ لفتھانزا کے گراؤنڈ اسٹاف اور آجرین کے نمائندوں کے مابین گزشتہ مذاکرات ناکام ہونے کے نتیجے میں جولائی 2022 ء میں کارکنوں نے اپنے کام کی انجام دہی مکمل طور پر بند کر دی تھی جس کے سبب نہ صرف ہزاروں پروازوں کی آمد و رفت معطل یا متاثر ہوئی تھی بلکہ مسافروں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی اس وقت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی ملک گیر ہڑتالوں کی زد میں ہے۔ قومی ایئرلائن، جرمنی ریلوے اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے محکموں کے کارکن آئے دن ہڑتالیں کر رہے ہیں جن سے عوام شدید متاثر ہورہے ہیں۔
مسافروں کی جانب سے قانونی کارروائی
جرمن ایسوسی ایشن آف ججز کے مطابق جرمن عدالتوں کو گزشتہ سال مسافروں کی جانب سے ایئر لائنز کے خلاف ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد شکایت نامے موصول ہوئیں۔
ایسوسی ایشن نے ایک عدالتی اور قانونی نیوز میگزین میں شائع ہونے والے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ اضافہ ملک بھر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 80 فیصد زیادہ ہے۔
شکایت کنندگان کی جانب سے ان کی پروازوں کے منسوخ یا تاخیر ہونے کے عوض معاوضے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق، سب سے زیادہ مقدمات جو کولون کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں درج کروائے گئے کی تعداد 37 ہزار تین سُو تھی۔ یاد رہے کہ جرمن قومی ایئر لائن لفتھانزا کا ہیڈکوارٹر کولون میں ہی واقع ہے۔
م ق/ ک م(روئٹرز)