1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن لٹریچر فنڈ کا گرینڈ پرائز اُلرِیکے ڈریزنر کے نام

مقبول ملک
1 ستمبر 2021

جرمن لٹریچر فنڈ کا امسالہ گرینڈ پرائز معروف مصنفہ اُلرِیکے ڈریزنر کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اعلان بدھ یکم ستمبر کو شہر دارمشٹڈ میں اس ادارے کی طرف سے کیا گیا۔ ڈریزنر کی تخلیقات کئی ادبی اصناف کا احاطہ کرتی ہیں۔

Ulrike Draesner
تصویر: Gerald Zörner@gezett

اس وقت 59 سالہ اُلرِیکے ڈریزنر (Ulrike Draesner) کو اس گرینڈ پرائز کے ساتھ 50 ہزار یورو کی نقد رقم بھی دی جائے گی۔ جرمن لٹریچر فنڈ کی جیوری نے انہیں یہ انعام دینے کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی شاعری، خاص کر گیتوں اور نثری تخلیقات کی وجہ سے اُلرِیکے ڈریزنر جدید جرمن ادب میں ایک منفرد مقام کی حامل مصنفہ ہیں۔

اردو کے عظیم ادیب اور نقاد شمس الرحمان فاروقی انتقال کر گئے

اس ادبی فنڈ کی جیوری کی طرف سے کہا گیا، ’’اُلرِیکے ڈریزنر جن اصناف میں ادب تخلیق کرتی ہیں، ان میں سے انہوں نے ہر ایک میں ہیئت اور زبان کے لحاظ سے تخلیقی انفرادیت کی کئی منزلیں طے کی ہیں۔ وہ اپنی تخلیقات میں درد اور ناموافق تجربات اور احساسات کا بڑی ہمت سے سامنا کرتی ہیں۔‘‘

’’وہ جرمن زبان میں متنوع ادبی اصناف میں مختلف تجربات کرتے ہوئے مروجہ لسانی امور اور معیارات کو چیلنج کرتی ہیں، مگر ایسا کرتے ہوئے ان کی توجہ اپنے قارئین پر بھی ہوتی ہے، جنہیں وہ ایک لمحے کے لیے بھی نظروں سے اوجھل نہیں ہونے دیتیں۔‘‘

تاریخ لکھنے کا آغاز کب ہوا اور اس کی بنیادیں کیسے بنتی ہیں؟

اُلرِیکے ڈریزنر 20 جنوری 1962ء کو جنوبی جرمن صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ میں پیدا ہوئی تھیں۔

وہ ایک ماہر تعمیرات کی بیٹی ہیں، جو میونخ میں ہی پلی بڑھیں۔ وہ قانون کے علاوہ انگریزی اور جرمن لسانیات کی ماہر بھی ہیں اور میونخ، سالامانکا اور آکسفورڈ کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم رہی ہیں۔

2018ء سے اُلرِیکے ڈریزنر جرمن ادب کی پروفیسر ہیں اور جرمنی کے مشرقی شہر لائپزگ کے لٹریچر انسٹیٹیوٹ میں پڑھاتی ہیں۔ ان کی مختلف تصنیفات کی وجہ سے انہیں متعدد ادبی انعامات بھی مل چکے ہیں۔ ان میں سے ایک اعزاز 2020ء میں دیا جانے والا 'باویرین بک پرائز‘  بھی تھا، جو انہیں ان کے ناول Schwitters کی وجہ سے ملا تھا۔

ماحولیاتی تبدیلیوں کی سنگینی کے موضوع پر لکھے گئے عالمی ادبی شاہکار

اس جرمن شاعرہ اور مصنفہ کی بہت سی ادبی تخلیقات میں سے ان کی شاعری کا مجموعہ ’ڈاگرلینڈ‘ (Doggerland)، 'شوِٹرز‘ اور Kanalschwimmer (نہر میں نہانے والا) نامی دو ناول اور Eine Frau wird älter (بوڑھی ہوتی ہوئی خاتون) نامی یادداشتیں خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

اُلرِیکے ڈریزنر کو جرمن لٹریچر فنڈ کا یہ گرینڈ پرائز گیارہ اکتوبر کو شہر لائپزگ کے لٹریچر ہاؤس میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں دیا جائے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں