جرمن ماحولیاتی تنظیم ڈوئچے ’اُم ویلٹ ہِلفے‘ کی تازہ رپورٹ
21 اپریل 2011یورپی یونین نے 140 گرام کاربن ڈائی آکسائیڈ فی کلومیٹر کا معیار مقرر کر رکھا ہے، جس پر اِس رپورٹ کے مطابق کسی ایک بھی وفاقی جرمن وزیر کی سرکاری گاڑی پورا نہیں اتر سکی ہے۔ صوبے ہیسے کے وزیر اعلیٰ فولکر بُوفیے کے ہاں یہ مقدار 348 گرام فی کلومیٹر جبکہ اُن کے وزیر داخلہ بورس رائن کے ہاں تو 353 گرام فی کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ تاہم DUH کے مرکزی ناظم الامور یُرگن ریش کے مطابق اِس موضوع پر بار بار زور دینے سے سیاستدانوں پر ماحول دوست طرزِ عمل اختیار کرنے کے سلسلے میں دباؤ بڑھ رہا ہے اور اُن میں سے کئی ایک کے ہاں زیادہ سے زیادہ مثبت ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ زیادہ سے زیادہ جرمن سیاسی رہنما اب ماحول دوست کاروں میں سفر کرنا پسند کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ماحول کو درپیش چیلنجوں کے پیشِ نطر عام جرمن باشندے کی سوچ میں بھی کوئی تبدیلی آئی ہے؟
جرمنی میں رجسٹرڈ کاروں کی تعداد 45 ملین ہے، جن میں بہت زیادہ پٹرول خرچ کرنے والی بڑی کاریں بھی شامل ہیں۔ جرمنی اور یورپ کے سب سے بڑے آٹو موبائیل کلب ADAC کی نمائندہ یاکلین گرونے والڈ بتاتی ہیں کہ کار کے سفر کا شوق پورا کرنے کے لیے ضروری نہیں ہے کہ انسان کے پاس لازمی طور پر کوئی بڑی ہی گاڑی ہو۔ وہ بتاتی ہیں:’’قدرے چھوٹی گاڑی نہ صرف کم خرچ ہو گی بلکہ ضرر رساں مادے بھی کم مقدار میں فضا میں خارج کرے گی۔‘‘
یاکلین گرونے والڈ کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے زیادہ سے زیادہ جرمن باشندوں میں چھوٹے سائز کی کاریں خریدنے کا رجحان نظر آ رہا ہے۔ اب ماحول دوست ہائبرڈ کاروں کا رواج بھی بڑھتا جا رہا ہے، جو اگرچہ ابھی مہنگی ہیں تاہم بوقتِ ضرورت کبھی بجلی اور کبھی پٹرول سے چلائی جا سکتی ہیں۔ سرِدست جرمن سڑکوں پر ایسی کاروں کی تعداد محض کوئی تیس ہزار بنتی ہے تاہم ADAC کی گرونے والڈ کہتی ہیں:’’کاریں تیار کرنے والا شاذ ہی کوئی ادارہ ہو گا، جو ہائبرڈ موٹر گاڑیوں پر غور نہیں کر رہا ہو گا۔ برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی بھی یہی صورتِ حال ہے۔ اب سے دَس بیس برسوں بعد ہم ہائیڈروجن سے چلنے والی کاروں میں سفر کر رہے ہوں گے۔ یہ ٹیکنالوجی بھی ترقی کی جانب گامزن ہے اور یقیناً مستقبل میں صورتِ حال بالکل مختلف ہو گی۔‘‘
کاروں کے سلسلے میں نت نئی ٹیکنالوجی کے شعبے میں براعظم ایشیا میں سب سے زیادہ کام ہو رہا ہے تاہم اِس شعبے میں تحقیق جرمنی میں بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ مثلاً برلن میں قائم ایک انجینئرنگ ادارے IAV کے پچاس کارکن ہمہ وقت نت نئی ٹیکنالوجی اور خاص طور پر برقی کاروں کے موضوع پر کام میں مصروف رہتے ہیں۔ وفاقی جرمن حکومت آنے والے برسوں میں برقی کاروں کی ترویج و ترقی کے شعبے میں پانچ سو ملین یورو کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ سرِ دست برقی کاریں نہ صرف مہنگی ہیں بلکہ چارج ہونے کے بعد زیادہ سے زیادہ 150 کلومیٹر کا ہی فاصلہ طے کر پاتی ہیں۔
رپورٹ: فریڈل ٹاؤبے / امجد علی
ادارت: عدنان اسحاق