جرمن مصنوعات کے لیے امریکہ سب سے بڑی برآمدی منڈی
27 نومبر 2024جرمنی کے وفاقی شماریاتی دفتر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ملکی مجموعی برآمدات میں امریکی برآمدات کا تناسب 9.9 فیصد رہا جو کہ گزشتہ دو دہائیوں میں کسی بھی دوسرے ملک کو برآمد کی جانے والی اشیا کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
مسلسل نو برس سے امریکہ جرمن مصنوعات کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ جرمنی امریکہ کو جو مصنوعات سب سے زیادہ برآمد کرتا ہے، ان میں دوائیں، مشینری اور گاڑیاں شامل ہیں۔
جرمن شماریاتی ادارے کے مطابق یہی رجحان رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ بھی جاری رہا۔
جرمنی کی امریکہ سے درآمدات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ تاہم یہ اضافہ برآمدات میں ہونے والے اضافے کے مقابلے میں کم ہے۔ گزشتہ برس، جرمنی نے امریکہ سے 94.7 بلین ڈالر کی اشیا درآمد کیں۔
جرمنی کی مجموعی درآمدات میں اس کا تناسب 6.9 فیصد تھا جو کہ 2004 کے بعد سب سے زیادہ رہا۔
گزشتہ سال، امریکہ کے ساتھ جرمنی کا تجارتی سرپلس 63.3 بلین یورو رہا۔
سال کے پہلے نصف حصے میں یہ سرپلس 34.7 بلین یورو تھا۔
جرمنی کا تجارتی فائدہ دنیا کے کسی اور ملک کے ساتھ اتنا بڑا نہیں ہے۔
یہ دونوں ممالک معاشی لحاظ سے ایک دوسرے سے بہت مربوط ہیں۔ گزشتہ برس، جرمنی میں قائم 38500 غیر ملکی کمپنیوں میں سے 11.5 فیصد ایسی تھیں جن کی مالک کمپنی کوئی نہ کوئی امریکی کمپنی تھی۔
تاہم ملک میں موجود صرف سوئس کمپنیوں کی شرح سب سے زیادہ 12.8 فیصد ہے۔
جرمنی میں موجود 4400 امریکی کمپنیوں نے 775000 جرمن شہریوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے اور ان کی مجموعی کاروباری آمدن 416.5 بلین یورو رہی۔
اس کے برعکس، جرمنی کے مرکزی مالیاتی ادارے بنڈس بینک کے مطابق، امریکہ میں موجود 6,100 جرمن کمپنیوں نے 964,000 امریکی شہریوں کو ملازمت فراہم کی، اور ان کی مجموعی کاروباری آمدن 828 بلین یورو ہے۔
ح ف / ص ز (ڈی پی اے)