جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔ اس دو روزہ دورے کے دوران بیئربوک وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملیں گی۔
اشتہار
جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انالینا بیئربوک پاکستان میں اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ دیگر حکومتی نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گی۔ بیئربوک کا تعلق جرمنی کی ماحول دوست گرین پارٹی سے ہے۔
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کا یہ غیر ملکی دورہ چار روزہ ہے اور اس دوران وہ پاکستان کے علاوہ ترکی اور یونان بھی جائیں گی۔
جرمن ذرائع کے مطابق بیئربوک اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے اور جرمنی کی تنظیم برائے بین الاقوامی ترقی و تعاون جی آئی زیڈ کے عملے سے بھی ملنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ جی آئی زیڈ خاص طور پر آج کل ان افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے، جو افغانستان سے نکل کر پناہ کی تلاش میں پڑوسی ممالک میں مقیم ہیں۔ جرمن سفارت خانہ اور جی آئی زیڈ پریشانیوں کے شکار ان افغان باشندوں کو پاکستان سے باہر بھجوانے میں بھی تعاون کر رہے ہیں۔
پاکستانی اور جرمن رہنماؤں کے مابین اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت میں افغانستان کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔ انالینا بیئربوک ان افغان شہریوں سے بملنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں، جو اس وقت پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اور جن کی زندگی کی گاڑی جرمن امداد کے بل پر چل رہی ہے۔
اکتالیس سالہ بیئربوک 2021ء میں ہونے والے جرمن قومی انتخابات میں گرین پارٹی کی جانب سے چانسلر شپ کی امیدوار تھیں۔ تاہم مخلوط حکومت کی تشکیل کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں انہیں وزیر خارجہ بنا دیا گیا تھا۔ وہ جرمنی میں وفاقی وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔
بیئربوک سات جون کو پاکستان سے یونان اور ترکی کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔
جرمنی میں پاکستانی ٹرک آرٹ کی نمائش
پاکستان کی 75 سالہ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے نے برلن میں ٹرک آرٹ سے مزین اشیا کی نمائش کا انعقاد کیا۔ نمائش میں جرمنی میں تعینات مختلف غیرملکی سفارت کاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
پھول پتی کے رنگوں سے سجا ٹرک آرٹ
کینوس پر بکھرے گہرے رنگوں میں ڈوبی پھول پتیاں اور موسم کی منظر کشی ٹرک آرٹ کا خاصہ رہا ہے۔ مغربی ممالک میں اس طرح کی پینٹنگز کو کافی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
جرمن عمارتوں کی ٹرک آرٹ کے ساتھ منظر کشی
برلن میں واقع پاکستان ہاؤس میں منعقدہ نمائش میں رکھے گئے فن پاروں میں عام ڈیزائنوں کے ساتھ ساتھ جرمنی کی مشہور عمارتوں اور مقامات کی بھی منظر کشی کی گئی ہے۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
برلن کا تاریخی برانڈنبرگ گیٹ
زیر نظر پینٹنگ میں جرمنی کے دارلحکومت میں قائم مشہور تاریخی برانڈن برگ گیٹ کی منظر کشی کی گئی ہے۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
ٹرک آرٹ ڈیزائن میں سجی مصنوعات
اس نمائش میں مختلف فن پاروں کو نمائش میں آنے والوں کی نظر کرنے کے لیے ایک ایسے ماحول میں سجایا گیا تھا جہاں قدرتی سبزے اور ہرے بھر درختوں کی موجودگی میں یہ اور بھی جازب نظر لگ رہے تھے۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
سائیکل پر ٹرک آرٹ
ٹرک آرٹ کا نام ہی اس بات کی علامت ہے کہ یہ بنیادی طور پر پاکستان میں مال برداری کے لیے استعمال ہونے والے ٹرکوں کی تزئین و آرائش سے شروع ہوا تھا لیکن اب یہ دنیا کے مختلف ممالک میں گھریلو استعمال کی اشیا سے لے کر نجی گاڑیوں اور سائیکلوں پر بھی نظر آتا ہے۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
ٹرک آرٹ کو سیکھنے میں دلچسپی
پاکستانی سفارت کار اور سفارت خانے دنیا کے مختلف ممالک میں ایسی نمائشوں کا انعقاد کراتے رہتے ہیں جہاں پر صرف ٹرک آرٹ سے مزین اشیا کو شائقین کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔ اس آرٹ کی بیرون ملک مقبولیت میں نے اس کی پاکستان میں دم توڑتی صنعت میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور اب نئے لوگ بھی اس آرٹ کو سیکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
پاکستانی ٹرک آرٹ کا منفرد استعمال
گھریلو اور دفتری استعمال کی اشیا پر گہرے رنگوں پر مشتمل ٹرک آرٹ ایک جداگانہ تاثر چھوڑتا ہے جو دیکھنے والوں کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔ اس فن کی خاص بات یہ ہے کہ آپ اسے کھانے پینے کے برتنوں سے لیکر کپڑوں جوتوں کے علاوہ گھر کے دروازوں، الماریوں اور دیواروں کو بھی سجا سکتے ہیں۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
پاکستان کا ایک سافٹ امیج
اس طرح کی نمائشوں سے ناصرف بیرون ملک پاکستان کا ایک سافٹ امیج ابھرنے میں مدد مل رہی ہے بلکہ یہ پاکستانی ٹرک آرٹ کے فنکاروں کو کام کے زیادہ مواقع مہیا کر رہا ہے جو ان کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
’پھول پتی‘ پاکستانی ٹرک آرٹسٹوں کی ٹیم
پاکستانی سفارتکاروں کے مطابق ٹرک آرٹ بیرون ملک پاکستان کی ثقافت کا ایک بڑا سفیر بن چکا ہے۔ برلن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ٹرک آرٹ کو جدید طرز پر متعارف کروانے سے دنیا پاکستان کے اصل رنگوں کو بہتر طور پر جان پاۓ گی۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
برلن کا ٹی وی ٹاور
جرمن دارالحکومت برلن میں قائم یہ ٹی وی ٹاور اس کی اہم ترین نشانیوں میں سے ایک ہے۔ کراچی سے آنے والی پھول پتی ٹیم کے ٹرک آرٹسٹوں نے جرمنی کے قومی نشان عقاب کو بھی خوبصورتی سے ایک فن پارے کا حصہ بنایا ہے۔
تصویر: Embassy of Pakistan in Germany
روز مرہ کی زندگی میں ٹرک آرٹ
پاکستانی سفارت خانے کے مطابق اس نمائش کا مقصد پاکستانی ٹرک آرٹسٹوں کی فنکارانہ صلاحیتیوں کو بین الاقوامی شائقین کے سامنے پیش کرنے کی ایک کاوش ہے۔ تاکہ ان پر واضح ہو سکے کہ ٹرک آرٹ کے روایتی نمونے ہمارے ارد گرد موجود روز مرہ کی اشیاء کو منفرد اور خوبصورت بنا سکتے ہیں۔