’جرمن ٹیم فٹ بال ورلڈ کپ جیتنےکی فیورٹ نہیں‘
18 دسمبر 2009بالاک کے مطابق ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں اُن کے گروپ میں سیربیا، آسٹریلیا اور گھانا جیسی مضبوط ٹیمیں ہیں، ایسی ٹیموں کو شکست دینا جرمنی کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔
جرمن سٹار بالاک نے ایک میگزین کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم اتنی مضبوط نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کارکردگی میں تسلسل ہے! بالاک نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ میں جیت حاصل کرنے کے لئے تسلسل کے ساتھ اعلیٰ درجے کی کارکردگی درکار ہوتی ہے۔
مغربی جرمنی نے سن 1954ء، 1974ء اور 1990ء میں ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ مغربی اور مشرقی جرمنی کے اتحاد کے بعد متحدہ جرمن ٹیم سن 2002ء کے ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ سن 2006ء میں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد جرمنی کی سرزمین پر ہوا، اس وقت جرمنی کی ٹیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
جرمن ٹیم میں کپتان میشائل بالاک، مڈ فیلڈر باستیان شوائن ٹائیگر اور سٹرائکر میروسلاو کلوزے جیسے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔ عالمی کپ فُٹ بال ٹورنامنٹ سے قبل جرمنی آئندہ سال تین مارچ کو جرمن شہر میونخ میں ارجنٹائن کے خلاف ایک دوستانہ میچ کھیلے گا۔ فُٹ بال کا عالمی کپ آئندہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلا جا رہا ہے۔
رپورٹ: خبر رساں ادارے/گوہر نذیر گیلانی
ادارت: امجد علی