جرمن ٹیم کی ٹریننگ کا پہلا دن ، مداحوں کا ہجوم
9 جون 2010جرمن ٹیم نے ٹریننگ کے لئے شہر پریٹوریا کا انتخاب کیا ہے۔ ٹریننگ کے وقت گراؤنڈ میں تقریباً دو ہزار شائقین موجود تھے۔ ایک تو ان کا شور اور اس کے علاوہ بہت سے شائقین جنوبی افریقہ میں فٹ بال کی پہچان ’ووووزیلا‘ نامی باجا بھی اپنے ساتھ لے آئے تھے۔ اسی شور شرابے کے درمیان جرمن ٹیم نے اپنی ٹریننگ جاری رکھی۔ تمام کھلاڑیوں کی ٹی شرٹس پر ’Yebo‘ لکھا ہوا تھا۔ اس کے معنی ہیں ’ہاں ہم کر سکتے ہیں‘۔ اس لفظ کو دو معنوں میں لیا جا رہا ہے ایک تو یہ کہ جنوبی افریقہ پہلی مرتبہ فٹ بال کے عالمی کپ کی میزبانی کر رہا ہے اور دوسرا یہ کر جرمن ٹیم یہ ٹورنامنٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وہاں پر موجود فٹ بال فینز نے کپتان فلپ لہم کی تعریف کی توکسی کی زبان پر شوائن شٹائیگر کا نام تھا۔ کسی کو گول کیپر نویر پسند ہے تو کوئی میروسلاف کلوزے کو دیکھنے وہاں موجود تھا۔ لیکن ایک بات پر سب بہت ہی پرامید تھے کہ جرمن ٹیم ہرحال میں عالمی کپ کے سیمی فائنل تک ضرور پہنچ جائے گی۔ جرمن ٹیم تیرہ جون کو اپنا پہلا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیل رہی ہے۔ جرمنی کے گروپ میں آسٹریلیا کے علاوہ سربیا اور گھانا کی ٹیمیں ہیں۔ شائقین فٹ بال جرمنی کی نوجوان ٹیم سے بہت ساری امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ اس کا مظاہرہ انہوں نے پریٹوریا کے گراؤنڈ پر شور شرابے اور نعرے لگا کر کیا۔
جنوبی افریقہ کے علاوہ جرمنی میں بھی عالمی کپ کے تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ ہر شہر میں میچ دکھانے کے انتظامات کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی بڑی اسکرینز نصب کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف جگہوں پرعالمی کپ میں شریک ٹیموں کے پرچم بھی لگائے گئے ہیں۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: عاطف بلوچ