1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن پارلیمان نے ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت دے دی

صائمہ حیدر
30 جون 2017

جرمن پارلیمنٹ کے اکثریتی ممبران نے رائے شماری کے ذریعے ملک میں ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو قانونی حیثیت دے دی ہے۔ جرمن چانسلر نے کہا تھا کہ اُن کی جماعت اس معاملے میں پارٹی لائن کے بجائے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرے۔

Deutschland Bundestag Abstimmung über Ehe für Alle
جرمن پارلیمان میں  ہم جنس پرستوں کی شادیوں کے حق میں 393 جبکہ اس کی مخالفت میں 226 ووٹ پڑےتصویر: Getty Images/AFP/T. Schwarz

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے، جو رواں برس 24 ستمبر کو ہونے والے عام انتخابات میں چوتھی مدت کے لیے امیدوار ہیں، اس تاریخی فیصلے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خود اُنہوں نے اس کے خلاف ووٹ دیا تھا کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ شادی ایک مرد اور عورت کے درمیان ہی ہونی چاہیے جیسا کہ جرمن قانون میں واضح کیا گیا ہے۔

تاہم جرمن چانسلر نے یہ بھی کہا کہ اُن کا فیصلہ ذاتی نوعیت کا تھا اور یہ کہ وہ حالیہ سالوں میں اس بات کی قائل ہوئی ہیں کہ ہم جنس پرست جوڑوں کو بچے گود لینے کی اجازت ہونی چاہیے۔

میرکل نےمزید کہا،’’ مجھے امید ہے کہ آج کا فیصلہ نہ صرف مختلف نظریات رکھنے والوں کے درمیان  باہمی احترام کو فروغ دے گا بلکہ زیادہ سماجی ہم آہنگی اور امن کا باعث بھی بنے گا۔‘‘

جرمن پارلیمان میں  ہم جنس پرستوں کی شادیوں کے حق میں 393 جبکہ اس کی مخالفت میں 226 ووٹ پڑے۔ کئی دیگر یورپی ممالک جن میں فرانس، برطانیہ اور اسپین شامل ہیں، پہلے ہی سے ہم جنس شادیوں کو قانونی حیثیت حاصل ہے۔

تصویر: AP

 پیر کے روز میرکل کے اس اعلان نے کہ وہ پارلیمنٹ کے ارکان کو اُن کے اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق ہم جنس پرستوں کی شادیوں پر ووٹنگ کی اجازت دیں گی،  اُن کے روایتی کیتھولک بلاک کی جانب سے کسی حد تک ناپسندیدگی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ تاہم سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ موضوع ستمبر میں انتخابات کی آمد تک ووٹرز کے ذہنوں سے محو ہو جائے گا۔

 آج جمعے کے روز ہونے والا یہ فیصلہ جرمن چانسلر کی اتحادی جماعت ایس پی ڈی کے لیے تاریخی فتح کے مترادف ہے۔ ایس پی ڈی نے پیر کے روز میرکل کے بیان کے بعد کہا تھا کہ اُس کی کوشش ہو گی کہ پارلیمنٹ میں موسم گرما کی تعطیلات سے قبل ہی اس معاملے پر ووٹنگ کرا لی جائے۔

 امکان ہے کہ اس فیصلے کو قانونی حییثیت دینے کے لیے سات جولائی تک جرمن صدر قانونی دستاویز پر دستخط کر دیں گے۔  

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں