1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر اور روسی صدر کی ملاقات

17 جولائی 2009

جرمنی اور روس کے مابین سرکاری سطح پر ہونے والے سالانہ مذاکرات کا آج تیسرا اور آخری دن ہے۔ پیٹرز برگر ڈائیلاگ کہلائے جانے والے ان مذاکرات میں مرکزی حیثیت مالیاتی بحران کوحاصل ہے۔

دونوں ملکوں نے باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت کو بھی زور دیاتصویر: AP

آج ان مزاکرات میں شرکت کے لئے آئے ہوئے روسی صدر دیمتری میدویدیف نےجرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ملاقات کی۔ جرمنی اور روس کی حکومتوں کے مابین ہونے والے گیارہویں سرکاری مذاکرات کے موقع پر جرائم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ دونوں ملکوں نے باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت کو بھی زور دیا۔ برلن حکومت کے ترجمان کے مطابق چانسلر میر کل نے روسی صدر میدویدیف سے ایک گھنٹے تک اکیلے میں ملاقات کی، جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے ماحولیات، داخلہ، اقتصادیات اور تعلیم بھی ان مذاکرات میں شریک ہو گئے۔

جرمن چانلسر روسی صدر کے ہمراہتصویر: AP

انگیلا میرکل کے ترجمان Ullrich Wilhelm نے بتایا کہ بات چیت میں ایران اور شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور مشرقی وسطی امن مذاکرات جیسے اہم خارجہ امورکو خاص اہمیت دی گئی۔ میرکل اور میدویدیف کی موجودگی میں روسی اور جرمن نمائندوں نے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کئے۔ ساتھ ہی توانائی کے شعبے کے ایک جرمن روسی ادارے کے قیام پر بھی اتفاق ہوا۔ سائنس اور تحقیق کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے بھی ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اقتصادی شعبے میں ہونے والے معاہدوں کی رو سے مستقبل میں جرمن کمپنی سیمینز روسی ریلوے کے لئے انجن تیار کرے گی جبکہ فرینکفرٹ ایئر پورٹ کے انتظامی امور سنبھالنے والی کمپنی فراپورٹ روسی شہر سینٹ پیٹرسبرگ کے ہوائی اڈے کی تعمیر نو میں مدد دے گی۔

دونوں ممالک کی داخلہ ا مور کی وزارتوں کے مابین منظم جرائم اور انسانوں کی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے مشترکہ کوششوں میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا۔ جرمن چانسلر نے روسی صدر سے اپنی ملاقات میں گذشتہ روز قفقاز میں انسانی حقوق کی کارکن نتالیا ایستےمیرووا کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ روسی صدر اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ جرمنی روس کا اہم ترین تجارتی ساتھی ہے اور دونوں حکومتوں کے مابین ہر سال پیٹرزبرگر ڈائیلاگ کہلانے والے مذاکرات کے دائرے میں اہم امور پر تبادلہء خیال کیا جاتا ہے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : امجد علی

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں