1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

جرمن چانسلر شولس کی فرانس، نیٹو اور ای یو رہنماؤں سے ملاقات

10 دسمبر 2021

جرمنی کے نئے چانسلر اولاف شولس نے اپنے پہلے بیرون ملک دورے پر پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں سے ملاقات کی۔ اس کے بعد برسلز میں وہ نیٹو اور یورپی یونین کے سربراہان سے برسلز میں ملاقات کر رہے ہیں۔

جرمن چانسلر اولاف شولس کی پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں سے ملاقات
جرمن چانسلر اولاف شولس کی پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں سے ملاقاتتصویر: Eliot Blondet/abaca/picture alliance

سوشل ڈیموکریٹ رہنما اولاف شولس  جرمن چانسلر کی حیثیت سے اپنے پہلے سرکاری دورے کے لیے آج فرانس پہنچے۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس  میں واقع صدارتی محل میں ان کا فوجی اعزاز کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں جرمن چانسلر نے فرانسیسی صدر سے تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے روس - یوکرائن سرحد  پر جاری تنازعہ، چین، یورپ کے مستقبل کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلی اور کورونا وبا سے نمٹنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

شولس اور ماکروں ملاقات

جرمنی کے نئے چانسلر شولس نے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یوکرائنی سرحد کے گرد روسی افواج کی بڑھتی تعداد پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے امریکی صدر بائیڈن  کی طرف سے روسی صدر کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کو سراہا۔ شولس کا مزید کہنا تھا، ''سرحدوں کی خلاف ورزی نہیں ہون چاہیے۔‘‘

ماکروں نے نئے جرمن چانسلر کو غیر رسمی انداز میں 'ڈیئر اولاف‘ کہہ کر خوش آمدید کہاتصویر: Eliot Blondet/abaca/picture alliance

مغربی ممالک کی جانب سے چین میں  سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ  کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شولس نے کہا کہ وہ اس بارے میں فیصلے سے قبل مزید بات چیت کر رہے ہیں۔ واضح رہے پیرس نے بیجنگ ونٹر اولمپکس کا سفارتی بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

'ڈیئر اولاف‘

پریس کانفرس کے دوران فرانسیسی صدر  ایمانویل ماکروں  نے نئے جرمن چانسلر کو غیر رسمی انداز میں 'ڈیئر اولاف‘ کہہ کر خوش آمدید کہا۔ ماکروں نے شولس سے کہا کہ وہ اسی قریبی رابطے کے منتظر ہیں، جیسے ان کا سابق چانسلر انگیلا میرکل  کے ساتھ رہا تھا۔

فرانسیسی صدر نے چانسلر شولس کے ساتھ پہلی ملاقات کے بعد 'خیالات میں ہم آہنگی‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کی خواہش اور یورپ پر ایک پختہ یقین رکھتے ہیں، جس کی آئندہ مہینوں اور سالوں میں بہت ضرورت ہوگی۔

فرانکو - جرمن دوستی

جرمن چانسلر نے برلن میں روانگی سے قبل اس دورے کو یورپی بلاک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے ایک مشترکہ حکمت عملی کے لیے اہم قرار دیا تھا۔

شولس سے پہلے سابق چانسلر انگیلا میرکل، گیرہارڈ شرؤڈر، ہیلمٹ کوہل اور ہیلمٹ شمٹ نے بھی وفاقی چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے فرانس کا ہی دورہ کیا تھا۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد فرانکو جرمن مفاہمت اور دوستی جرمنی کی خارجہ اور یورپی پالیسی کا بنیادی ستون بن چکی ہے۔

پیرس سے برسلز

جرمنی کے نئے چانسلر اولاف شولس پیرس سے برسلز روانہ ہوگئے، جہاں ان کی یورپی کمیشن کی چیف ارزولا فان ڈیئر لائن اور یورپی کونسل کے صدر شارل مشیل سے ملاقات متوقع ہے۔ اس کا بعد شام میں شولس نیٹو کے سیکریٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ سے نیٹو ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کریں گے۔

جرمنی کی نئی کابینہ، بہت کچھ منفرد

01:31

This browser does not support the video element.

یورپی امور اور خارجہ پالیسی کے ماہرین سمجھتے ہیں سوشل ڈیموکریٹ جماعت  سے تعلق رکھنے والے نئے جرمن چانسلر شولس کی خارجہ پالیسی کے اہداف سابق چانسلر انگیلا میرکل سے زیادہ مختلف نہیں ہوں گے۔ وہ بھی یورپی یونین کو عالمی سطح پر مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، اور وہ خاص طور پر امریکا کے ساتھ قریبی تعاون کو برقرار رکھیں گے۔

ع آ  / ع ب (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں