جرمن چانسلر نے کابینہ کا اعلان کر دیا
16 دسمبر 2013اتوار کی شام کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) کی رہنما چانسلر انگیلا میرکل نے برلن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی تیسری مدت کے لیے اپنی نئی کابینہ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سوشل ڈیموکریٹ پارٹی (ایس پی ڈی) کے ساتھ مِل کر بننے والی نئی وسیع تر مخلوط حکومت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا سکے گی۔ اسی دوران انہوں نے اپنی کابینہ کے نئے وزراء کے ناموں کا اعلان بھی کیا۔ 59 سالہ میرکل منگل کے دن تیسری مرتبہ چانسلر شپ کا عہدہ سنبھالیں گی۔
وزیر محنت اور سات بچوں کے ماں اُرسلا فان ڈیئر لایَن کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپنے کا اعلان ایک غیر متوقع پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔ جرمنی میں کئی حلقے فان ڈیئر لایَن کو جرمنی کی آئندہ چانسلر کے روپ میں بھی دیکھتے ہیں۔ ناقدین کے بقول انہیں اس اہم وزارت سونپنے کا مقصد بھی شاید یہی ہے کہ کرسچین ڈیموکریٹک یونین میرکل کے بعد چانسلر شپ کے لیے اپنا نیا امیدوار تیار کر رہی ہے۔
لوئر سیکسنی سے تعلق رکھنے والی قدامت پسند خاتون سیاستدان موجودہ وزیر دفاع تھوماس ڈے میزیئر کی جگہ سنبھالیں گی جبکہ تھوماس ڈے میزئر کو ایک مرتبہ پھر وزیر داخلہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جرمن چانسلر میرکل نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ وولفگانگ شوئبلے اور ایجوکیشن منسٹر یوہانا وانکا اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے۔
وزیر ماحولیات پیٹر آلٹمائر نئی جرمن کابینہ میں ہیڈ آف چانسلری کا منصب سنبھالیں گے۔ قبل ازیں یہ عہدہ رولانڈ پوفالا کے پاس تھا۔ امریکی خفیہ ادارے NSA کے اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں مستبقل میں پیٹر آلٹمائر کی وزرات جاسوسی و نگرانی کے تمام امور کی سرپرستی کرے گی۔
ملک کے نئے وزیر صحت ہیرمان گروہے ہوں گے۔ چانسلر میرکل کی سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کے سیکرٹری جنرل گروہے یہ عہدہ فری ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈانیل باہَر کی جگہ سنبھالیں گے۔ یاد رہے کہ بائیس ستمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں فری ڈیموکریٹک پارٹی ناکامی کی صورت میں جرمن پارلیمان میں رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی تھی۔ چانسلر میرکل کے اعلان کے مطابق سی ڈی یو کے نئے سیکرٹری جنرل نوجوان سیاستدان پیٹر ٹاؤبر ہوں گے۔
قبل ازیں اتوار کے دن ہی باویریا میں سی ڈی یو کی ہم خیال پارٹی کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) نے بھی نئی کابینہ کے لیے اپنے تین وزرا کا اعلان کر دیا تھا۔ سی ایس یو سے تعلق رکھنے والے منجھے ہوئے ساستدان ہورسٹ زیہوفر نے میونخ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ہانس پیٹر فریڈرش اب وزارت داخلہ کے بجائے زراعت کی وزارت سنبھالیں گے جبکہ گیرڈ ملر کو وزیر برائے ترقیاتی امور اور الیگذانڈر ڈوبرنٹ کو وزیر برائے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر بنایا جائے گا۔
اتوار کے دن ہی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) نے آئندہ وسیع تر مخلوط حکومت کے لیے اپنے چھ وزراء کے ناموں کا اعلان کیا۔ نئی حکومت میں وزارت خارجہ کا قلمدان فرانک والٹر شٹائن مائر کو سونپا گیا ہے، جو 2005 ء تا 2009ء کے دوران بننے والی مخلوط حکومت میں بھی اس منصب پر اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ پارٹی چیئرمین زیگمار گابریل کو اقتصادیات اور توانائی کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ ایس پی ڈی کی سیکرٹری جنرل آندریا ناہلیس کو محنت کی وزارت دی گئی ہے۔ ماحول کا شعبہ باربرا ہینڈرکس کے سپرد کیا جائے گا، خاندانی امور کی وزارت نوجوان سیاستدان مانوئیلا شویزِک کے حصے میں آئی ہے اور عدلیہ اور صارفین کے امور کی وزارت ہائیکو ماس کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جرمنی کی نئی چودہ رکنی کابینہ میں شامل سیاستدان منگل کے دن باقاعدہ طور پر اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ اسی دن ہی جرمن چانسلر انگیلا میرکل بھی تیسری مرتبہ چانسلر کے عہدے کے لیے حلف اٹھائیں گی۔