جرمن کمپنیوں کا خواتین عہدیداروں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ
31 مارچ 2011فرینکفرٹ بلُو چِپ ڈیکس انڈیکس کی فہرست میں موجود تیس کمپنیوں نے یہ اعلان بدھ کے روز حکومتی وزراء کے ساتھ ہونے والی ایک میٹنگ میں کیا۔ تاہم ان کمپنیوں نے نوکریوں کے حوالے سے کوٹہ مقرّر کرنے کی مخالفت کی ہے۔
واضح رہے کہ جرمنی کی اعلیٰ ترین کمپنیوں میں ایگزیکٹو لیول پر خواتین کی تعداد ڈرامائی حد تک کم ہے اور خواتین کے حقوق سے متعلق کام کرنے والی تنظیمیں اس بات کی نشاندہی کرتی رہتی ہیں۔
میٹنگ کے بعد کمپنیوں کی جانب سے جاری کیے گئے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی نمائندگی بہت سی کمپنیوں کی اعلیٰ ترین سطح پر بہت کم ہے اور اس حوالے سے یہ کمپنیاں خواتین کی نمائندگی کو بڑھانے کے لیے اپنے طور پر ٹارگٹس مقرّر کریں گی۔
اس اعلامیے پر غیر سرکاری تنظیموں نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنیوں کے بورڈ آف گورنرز میں خواتین کی تعداد کم از کم تیس فیصد ہونی چاہیے اور بدھ کی میٹنگ کوئی ٹھوس فیصلہ کرنے اور اہداف طے کرنے میں ناکام رہی ہے۔
جرمنی کے ادارہ برائے معاشی تحقیق کے اعداد و شمار کے مطابق جرمنی کی دو سو بڑی کمپنیوں میں ایگزیکٹو سطح پر خواتین کی تعداد 3.2 فیصد ہے۔
وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس بات کی مذمت کی ہے کہ اس ضمن میں سن 2001 میں طے کیے جانے والے اہداف کا بہت کم اطلاق کیا گیا ہے۔ گو کہ میرکل نے حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی کوٹہ مختص کرنے کی مخالفت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ کہ اگر کمپنیوں نے خود سے اس بارے میں کوئی پیش رفت نہ کی تو حکومت کو مداخلت کرنا پڑے گی۔ وفاقی جرمن وزیر برائے خاندانی امور کرسٹینا شرؤڈر کا بھی کہنا ہے کہ اگر کمپنیاں خواتین ایگزیکٹوز کی تعداد میں سن 2013 تک تین گنا اضافہ نہیں کریں گی تو حکومت کو اہداف مقرّر کرنے پڑیں گے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عابد حسین