1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کمپنی پورشے کا ڈیزل گاڑیوں کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ

23 ستمبر 2018

لگژری سپورٹس کاریں بنانے والی جرمن کمپنی پورشے نے اپنی ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار بند کر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پورشے عالمی سطح پر مشہور جرمنی کی کار ساز صنعت میں ایسا فیصلہ کرنے والی پہلی کمپنی ہے۔

پورشے کی تیار کردہ پینامیرا ایگزیکٹیو ماڈل کی لگژری سپورٹس کارتصویر: Getty Images/AFP/J. Eisele

گاڑیاں تیار کرنے والی ایک کمپنی کے طور پر پورشے جرمنی ہی کے ایک بہت بڑےصنعتی گروپ فوکس ویگن کی ملکیت ہے، جو پورے یورپ کا سب سے بڑا کار ساز ادارہ اور کئی آٹوموبائل برانڈز کا مالک بھی ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق پورشے نے ڈیزل انجن والی گاڑیوں کی تیاری بند کرنے کا فیصلہ اپنی مادر کمپنی کی وجہ سے کیا ہے۔

فوکس ویگن کو دنیا کے چند دیگر بڑے کار ساز اداروں کی طرح اس اسکینڈل کا سامنا ہے کہ اس نے برس ہا برس تک اپنی ڈیزل گاڑیوں میں ایسے ترمیم شدہ سافٹ ویئر نصب کیے، جو ان کے انجنوں سے خارج ہونے والے ماحول دشمن مادوں اور زہریلی گیسوں کی شرح اصل سے بہت کم بتاتے تھے۔

 اس وجہ سے اپنی گاڑیوں میں ایسے سافٹ ویئر کی موجودگی کی تصدیق کے بعد سے فوکس ویگن کی انتظامیہ اب تک کئی لاکھ گاڑیاں اپنی اس دانستہ غلطی کے ازالے کے لیے واپس بلا چکی ہے۔ یوں اس بہت معتبر اور مؤقر جرمن کار ساز ادارے کو جرمانوں یا اضافی اخراجات کی مد میں اربوں یورو کی رقوم سے ہاتھ دھونا پڑ چکے ہیں۔

پورشے نے اپنی گاڑیوں میں تنصیب کے لیے ماضی میں ان کے ڈیزل انجن کبھی بھی خود نہیں بنائے تھے اور نہ ہی ان پر کوئی ریسرچ کی تھی۔ لیکن فوکس ویگن کے ڈیزل انجن اسکینڈل کی وجہ سے اس کمپنی کو بھی جو مالی نقصان برداشت کرنا پڑا تھا، اس سے کہیں زیادہ اس ادارے کے لیے وہ شرمندگی تکلیف دہ تھی، جس سے بچنا ممکن نہیں تھا کیونکہ فوکس ویگن کو ایک بہت بڑے کار ساز گروپ کے طور پر اسکینڈل کا سامنا تھا۔

تصویر: picture-alliance/dpa

ڈیزل پورشے کے مالکان کو یقین دہانی

پورشے کے سربراہ اولیور بلُومے نے جرمن اخبار ’بلڈ ام زونٹاگ‘ کے ساتھ اتوار تئیس ستمبر کے روز شائع ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’’ڈیزل اسکینڈل کی وجہ سے ہمیں بھی بہت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس لیے اب ہم ڈیزل انجن والی گاڑیاں تیار ہی نہیں کریں گے اور چند ہی ماہ بعد ہم اپنے گاہکوں سے ایسی نئی گاڑیوں کے آرڈر لینا بھی بند کر دیں گے۔‘‘

پورشے نے ڈیزل انجن والی گاڑیاں تیار کرنے کا کام قریب ایک دہائی تک کیا۔ کمپنی کے سربراہ کے مطابق ڈیزل گاڑیوں کی تیاری بند کر دینے کے بعد بھی یہ ادارہ ان صارفین کو دیکھ بھال، مرمت اور تکنیکی تعاون کی سہولیات فراہم کرتا رہے گا، جنہوں نے پورشے ڈیزل گاڑیاں خرید رکھی ہیں۔

سپورٹس اور الیکٹرک کاروں پر زیادہ توجہ

اپنے اس انٹرویو میں اولیور بلُومے نے کہا کہ پورشے نے مستقبل میں اپنی صنعتی پیداوار میں ایک بار پھر اپنی اس حیثیت پر زیادہ توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو عشروں تک اس کی پہچان رہی ہے۔ ان کی اس سے مراد ایسی انتہائی تیز رفتار اور قابل اعتماد موٹر گاڑیوں کی تیاری تھی، جنہیں صاحب حیثیت صارفین لگژری سپورٹس کاروں کے طور پر بہت پسند کرتے ہیں۔

پورشے کے سربراہ کے مطابق ان کا ادارہ آئندہ ڈیزل انجن والی گاڑیوں کے بجائے پٹرول سے چلنے والی گاڑیاں، پٹرول کے ساتھ ساتھ بجلی سے چلنے والی یعنی ہائبرڈ کاریں اور خالصتاﹰ الیکٹرک گاڑیاں بنانے پر زیادہ توجہ دے گا، جو اپنے نام اور ساکھ کے حوالے سے روایتی پورشے گاڑیوں سے کسی بھی طرح کم نہیں ہوں گی۔

اولیور بلُومے کے مطابق 2019ء سے پورشے ایسے گاڑیاں تیار کرنا بھی شروع کر دے گا، جو سو فیصد الیکٹرک کاریں ہوں گی اور جنہیں ان کے مالکان اپنے گھروں، کام کی جگہوں یا چارجنگ اسٹیشنوں پر ری چارج کر سکیں گے۔

م م / ع ح / روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں