1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کپ: بائرن میونخ فتح مند

2 جون 2013

جرمنی کے دوسرے اہم فٹ بال ٹورنامنٹ کو بھی ریکارڈ ساز کلب بائرن میونخ نے جیت لیا ہے۔ اس طرح بائرن میونخ نے بنڈس لیگا اور چیمپئنز لیگ کے بعد تیسرے اہم ٹورنامنٹ کو جیت کر اپنی کامیابیوں کی تاریخی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔

تصویر: Reuters

ہفتے کی شام دارالحکومت برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے جرمن کپ کے فائنل میں بائرن میونخ کا مقابلہ اشٹٹ گارٹ کے ساتھ تھا۔ اس میچ میں بائرن میونخ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل ہوئی۔

بائرن میونخ خوشیاں مناتے ہوئےتصویر: Reuters

جرمن کپ کو جیت کر بائرن میونخ نے اپنی کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک کو باوقار انداز میں مکمل کیا۔ اس ماہ کے آخر میں سبکدوش ہونے والے کوچ ژُوپ ہینیکس (Jupp Heynckes) کی قیادت میں بائرن میونخ کی ٹیم نے پہلے بنڈس لیگا کی چیمپئن شپ جیتی اور اس کے بعد اس نے لندن میں چیمپئنز لیگ کا فائنل ڈورٹمنڈ کو ہرایا اور اب جرمن کپ کے فائنل میں اشٹٹ گارٹ کو مات دے کر ایک اور اعزاز حاصل کر لیا۔

جرمن کپ کے فائنل میں بائرن کی جانب سے دو گول ماریو گومیز نے کیے۔ میچ کا پہلا گول تھوماس مُولر نے پہلے ہاف کے سینتیسویں منٹ میں کیا۔ یہ گول پینلٹی کِک کے ذریعے کیا گیا۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے تین منٹ قبل ماریو گومیز نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی سبقت کو مُستحکم کر دیا۔ یہ امر اہم ہے کہ کچھ عرصہ قبل تک ماریو گومیز اشٹٹ گارٹ کی جانب سے کھیلا کرتے تھے۔ اسی برتری یعنی بائرن میونخ کے دو گول پر پہلا ہاف ختم ہوا۔

دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے سولہ منٹ بعد ماریو گومیز نے فائنل میچ میں اپنی ٹیم کا تیسرا اور اپنا دوسرا گول کر کے میونخ کی جیت کو یقینی بنا دیا۔ اشٹٹ گارٹ نے بھی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ آسٹریا سے تعلق رکھنے والے مارٹِن ہارنِک (Martin Harnik) نے دوسرے ہاف کے چھبیسویں منٹ میں پہلا گول کر کے بائرن میونخ کی تین گول کی سبقت میں کمی پیدا کر دی۔

میچ جوں جوں اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا تھا توں توں بائرن میونخ کے کھلاڑیوں نے دفاعی کھیل پیش کرنا شروع کر دیا۔ ایسا دکھائی دیتا تھا کہ وہ مزید گول کرنے کے بجائے اب میچ کو جیتنے کی کوشش میں تھے۔ ایسے میں ایک مرتبہ پھر مارٹِن ہارنِک نے چیمپئن ٹیم کے دفاع کو توڑتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول کر دیا۔ یہ گول میچ ختم ہونے سے دس منٹ قبل ہوا۔ بائرن میونخ نے اگلے دس منٹوں میں اشٹٹ گارٹ کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور میچ جیت لیا۔

آسٹریا سے تعلق رکھنے والے اشٹٹ گارٹ کے کھلاڑی مارٹِن ہارنِکتصویر: Reuters

بنڈس لیگا، چیمپئنز لیگ اور جرمن کپ کو جیتنے والا بائرن میونخ پہلا جرمن فٹ بال کلب بن گیا ہے۔ اس سے قبل کیلنڈر ایئر میں ایسا سات مرتبہ ہو چکا ہے۔ بائرن میونخ سے قبل اسکاٹ لینڈ کے فٹ بال کلب کیلٹک (Celtic) نے سن 1967 میں، ہالینڈ کے کلب اجاکس (Ajax) نے سن 1972میں، ولندیزی فٹ بال کلب اینڈ ہوفن (Eindhoven) نے سن 1988 میں، برطانیہ کے مشہور کلب مانچیسٹر یونائٹِڈ نے سن 1999 میں، ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا نے سن 2009 میں اور اطالوی کلب انٹرمیلان نے سن 2010 میں اپنے ممالک کے دو اہم ٹورنامنٹوں میں کامیابی کے ساتھ ہی چیمپئنز لیگ جیت کر ایسا ہی کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ نے سولہویں مرتبہ جرمن کپ کو جیتا ہے۔ اسی طرح اسی کلب نے بنڈس لیگا کو 23 مرتبہ جیتنے کا بھی اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔

(ah/ab(AP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں