1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمن ٹریڈ یونین کا متعدد ہوائی اڈوں پر ہڑتال کا اعلان

15 فروری 2023

جرمنی بھر میں ملک کے بڑے شہروں کے ہوائی اڈے جمعے کو ایک روزہ انتباہی ہڑتال کے سبب تعطل کا شکار ہو جائیں گے۔ ٹریڈ یونین ویرڈی کا کہنا ہے کہ حکام کے ساتھ جاری مذاکرات کا اب تک کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔

NRW-Uniklinik-Streiks | Hunderte Menschen demonstrieren in Bonn
یونین نے متنبہ کیا ہے کہ ان کے اس اقدام کے نتیجے میں جرمنی کے ہوائی اڈوں پر پروازوں میں زبردست تاخیر اور ان کی منسوخی کا امکان ہے۔ تاہم انہوں نے ہڑتالی کارکنوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی مطالبہ کیاتصویر: Dominik Bund/IMAGO

جرمنی کی معروف ٹریڈ یونین ویرڈی نے 15 فروری بدھ کی علی الصبح اعلان کیا کہ وہ آئندہ جمعے کے روز ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر ایک روزہ ہڑتال کی کال دے رہی ہے۔ اس ہڑتال کے باعث فرینکفرٹ، میونخ، اسٹٹ گارٹ، ہیمبرگ، ڈارٹمنڈ، ہینوور اور بریمن کے بڑے شہروں کے ہوائی اڈے پورے دن کے لیے ٹھپ ہو کر رہ جائیں گے۔

جرمن فضائی کمپنی مزید ہڑتالوں سے بچ گئی

اس انتباہی ہڑتال کا اعلان ٹریڈ یونین اور سرکاری حکام کے درمیان 22 اور 23 فروری کو ہونے والے دوسرے دور کے مذاکرات سے قبل ہوا ہے۔

لفتھانزا کی ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

ہوائی اڈے کے ملازمین ہڑتال کیوں کر رہے ہیں؟

ریاستی اور وفاقی سطحوں پر پبلک سیکٹر کے مذاکرات کے ساتھ ہی مقامی سطح پر گراؤنڈ عملے کے ساتھ بھی بات چیت کی تیاری ہے۔ اس کے علاوہ قومی سطح پر شہری ہوابازی کے حفاظتی عملے سے بھی بات چیت کا منصوبہ ہے۔ ان تینوں گروپوں کو اجتماعی سودے بازی کے معاہدوں کا تابع کیا گیا ہے۔

جرمنی: ریل ہڑتال سے عام مسافر ٹرینیں بھی متاثر

ٹریڈ یونین ویرڈی کی ڈپٹی چیئر پرسن کرسٹین بیہلے نے ایک بیان میں کہا، ''ورکرز مشترکہ طور پر اپنے متعلقہ آجروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں، کیونکہ اب تک مذاکرات کے کوئی نتائج سامنے نہیں آ سکے ہیں۔''

جرمنی: ایئرپورٹ سکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال، ہزارہا مسافر پریشان

 

بیہلے نے کہا کہ گراؤنڈ ہینڈلنگ ورکرز کے لیے ''پرکشش اجرت میں اضافے کی ضرورت ہے'' تاکہ ''تباہ کن مزدوروں کی کمی'' کا مقابلہ  کیا جا سکے، جو وبائی امراض کے بعد سے محسوس کی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آجروں نے بونس میں اس اضافے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، جو ایوی ایشن سکیورٹی ورکرز اپنے اجتماعی سودے بازی کے معاہدے کے حصے کے طور پر حاصل کرنے کے حقدار ہیں۔

ہڑتالوں سے کافی اثر پڑنے کی توقع

یونین نے متنبہ کیا ہے کہ ان کے اس اقدام کے نتیجے میں جرمنی کے ہوائی اڈوں پر پروازوں میں زبردست تاخیر اور ان کی منسوخی کا امکان ہے۔ تاہم انہوں نے ہڑتالی کارکنوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسافروں کو متبادل انتظامات کرنے کا موقع دینے کے لیے معینہ وقت سے دو دن پہلے ہی ہڑتالوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یونین کا مزید کہنا تھا کہ ہلاکت خیز زلزلوں کے تناظر میں ترکی اور شام میں امداد کی ترسیل کو ہڑتال کی کارروائی سے الگ رکھا گیا ہے۔

ویرڈی نے پہلے ہی جنوری میں برلن اور ڈسلڈورف کے ہوائی اڈوں پر ہڑتال کی تھی، جس سے تقریباً 300 پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔

ہڑتال کی کارروائی سے ہوائی اڈے خاص طور پر زیادہ متاثر ہوتے ہیں، کیونکہ ایسے مقامات پر کام کے لیے منظم گروپ ہوتے ہیں اور بغیر کسی خلل کے کام کے لیے ان کا ہم آہنگ ہونا ضروری ہوتا ہے۔ 

محکمہ ڈاک کے ملازمین نے جنوری کے اواخر میں ہونے والی ہڑتال میں بھی حصہ لیا تھا، جس میں ویرڈی نے محکمہ کے ریکارڈ منافع کے درمیان تنخواہ میں 15 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس ہڑتال میں تقریباً 16,700 افراد نے حصہ لیا تھا۔

ص ز/ ج ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں